گزشتہ روز رمضان بازار کے انتظامی معاملات اور کارکردگی کی جانچ پڑتال کے حوالے سے سپیشل اسسٹنٹ وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ رمضان بازار کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بازار کی انتظامی حالت زار اور دستیاب سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کو تضحیک آمیز رویے کا نشانہ بناتے ہوئے اپنی ”حرکتوں“ پر غور کرنے کا مشورہ دیا۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف نے موقف اپنایا کہ وہ اپنے تئیں جس حد تک ممکن ہے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہیں اور سٹالز پر موجود سبزیوں اور پھلوں کے خراب ہونے کو شدید گرمی کا باعث قرار دیا۔ جبکہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے انتظامی حوالے سے سیالکوٹ کے رمضان بازار کو سب سے مفلوک الحال قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ جمع کروانے کا عندیہ دیا۔ اسی ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے انتظامی افسر کے ساتھ غیر مہذب سلوک اپنائے جانے پر مذمت کا اظہار کیا اور واقعے کے حوالے سے تمام حقائق سے وزیر اعلیٰ پنجاب تک پہنچا دیے۔
Read more