سعودی شہزادے کا 43 برس پرانا ’راز‘

اب 22 سالہ ایمون ایک دوسری ہی دنیا میں تھے جہاں نہ صرف گرمی یا تاحد نظر کجھور کے درخت یا چلملاتا ہوا صحرا تھا بلکہ دولت کی ریل پیل تھی۔
سنہ 1960 میں اوپیک کا قیام اور سنہ 1973 میں تیل کے بحران کا مطلب یہ تھا کہ سعودی معیشت اپنے عروج کی جانب گامزن تھی۔ سنہ 1970 اور 1980 کے درمیان سعودی معیشت میں تین ہزار فیصد کا اضافہ ہوا۔ وہ تیل میں نہا رہا تھا اور سنجیدہ لوگ پیسوں میں کھیل رہے تھے۔ ایمون کی ملاقات ان امیروں میں سے ایک سے ہونے والی تھی۔
ایمون اور شہزادے کی پہلی ملاقات
ایمون نے شہزادہ عبداللہ بن ناصر کو پہلی بار ریاض میں الہلال کے تربیتی میدان میں دیکھا۔ ابھی وہ ٹرائل پر ہی تھے اور ایک پریکٹس میچ کھیل رہے تھے کہ کلب کے صدر شہزادہ عبداللہ ایک نیلی بیوک پر سوار نمودار ہوئے۔ میدان سے ایمون دیکھ سکتے تھے کہ گاڑی کے نیچے جاتے ہوئے شیشے سے دو آنکھیں جھانک رہی تھیں۔
جارج نے کہا: ’وہ کار دیکھو وہاں، وہ صدر ہے۔ وہی کانٹریکٹ کے لیے ہاں یا ناں کرے گا۔ اس لیے ہوشیار ہو جاؤ۔ ‘
اسی وقت فٹبال دائیں طرف سے آیا، ایمون کی آنکھیں چمک گئیں۔ ان کے سنہرے بال صحرائی ہوا میں اچھلے اور انھوں نے ہیڈ سے گول کر دیا۔ انھوں نے 40 سال بعد بتایا کہ ’گیند گولی کی رفتار سے گول پوسٹ کی طرف چلی گئی۔ واقعی گولی کی رفتار سے۔ ‘
پانچ منٹ بعد بائیں جانب سے گیند آئی۔ انھوں نے پھر سے کِک لگائی اور گیند بالائی کونے میں داخل ہو گئی۔ جب وہ کھیل کے دوبارہ شروع ہونے کا انتظار کر رہے تھے تو جارج نے ایمون کے کان میں یہ کہا: ’تم جو کچھ بھی سوچ رہے ہو اس پر مزید ایک صفر ڈال دینا۔ ‘ وہ ایمون کی اجرت کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
میچ کے بعد ابھی ایمون اپنے گیلے کپڑوں میں ہی تھے کہ انھیں شہزادے سے ملنے کے لیے بلایا گیا۔ عبداللہ نے پوچھا کہ ہوٹل تو ٹھیک ہے۔ ایمون نے کہا جی ہاں۔ عبداللہ نے پوچھا کہ کیا جارج خوش ہے۔ جارج نے حامی بھری۔
شہزادے نے کہا: ’تو پھر ہوٹل جاؤ اور اپنی ضروریات لکھو۔ ‘
ایمون اور جارج نے ایک فہرست بنائی جس میں پیسہ، کار، گھر، انگلینڈ کے لیے پرواز اور جب ایمون کے بچے سکول جانے کے لائق ہو جائیں تو ان کے لیے پرائیوٹ سکول کی فیس۔ دوسرے تربیتی سیشن کے دوران پھر نیلی بیوک آئی۔ جارج نے عبداللہ کو فہرست تھما دی۔
شہزادے نے کہا: ’کوئی مسئلہ نہیں۔ ‘
گھر پر ایمون ہفتے میں 40 پاؤنڈ کماتے تھے اور انھیں فٹبال کھیلنے کے 15 پاؤنڈ ملتے تھے۔ ان کی نئی اجرت 140 پاؤنڈ فی ہفتہ تھی جو کہ آج کے 1100 پاؤنڈ بنتے ہیں۔ اس پر کوئی ٹیکس نہیں، کوئی بل کی ادائیگی نہیں اور نہ کوئی دوسرا درد سر۔

سعودی عرب میں زندگی
معاہدے پر رضامندی کے بعد ایمون نے مانچسٹر کے لیے واپسی کی پرواز لی اور اپنے سامان باندھ کر اپنے بچوں سمیت ریاض آ گئے۔ پہلے پہل وہ ہوٹل میں ٹھہرے اور پہلے ہی کی طرح انھیں کوئی پیسہ نہیں دینا پڑا۔
ایمون نے بتایا: ’بل بڑھتے رہے لیکن کبھی اس پر سوال نہیں کیا گیا۔ ‘
ان کی اہلیہ نے فرسٹ نیشنل سٹی بینک میں اچھی تنخواہ پر ملازمت کر لی اور چونکہ الہلال میں ہفتے میں دو دن ہی پریکٹس ہوتی تھی اس لیے ایمون اپنا وقت سوئمنگ پول میں گزارتے، بچوں کی دیکھ بھال کرتے اور جارج کے ساتھ فٹبال کی باتیں کرتے۔ یہ صحرا میں خوشی کے دن تھے۔
شروع سے ہی عبداللہ ایمون کو پسند کرنے لگے۔ انھوں نے ایمون کو ایک کار خرید کر دی۔ اور اکثر انھیں چائے پر مدعو کرتے۔ وہ بڑی سکرین پر فٹبال دیکھتے جو کہ اس زمانے میں بڑی آسائش تھی یا پھر عبداللہ کے بھائیوں سے باتیں کرتے۔
یہ ایک ایسا سیٹ اپ تھا جو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایک سنہرے بالوں والے انگلینڈ کے نوجوان فٹبالر کا سعودی شاہی محل میں استقبال ہو رہا تھا۔ لیکن ایمون کو یہ سب بہت پسند آ رہا تھا۔ وہ نوجوان اور پراعتماد تھے اور انھوں نے حیرت انگیز طور پر سعودیوں کو سادہ اور مہربان پایا۔ سعودی عرب کئی معنوں میں مانچسٹر کی طرح تھا، فرق صرف اتنا تھا کہ یہاں ان کے دوست ملک چلا رہے تھے۔
میدان میں بھی چیزیں ٹھیک تھیں۔ ایمون کو اپنی ٹیم کے ساتھی پسند تھے اور ان کی ٹیم کنگز کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی جہاں وہ پنلٹی پر النصر سے ہار گئی۔ سعودی عرب ہر طرح سے مکمل نہیں تھا۔ ایک مرتبہ ایمون اپنے بچوں کے ساتھ کار میں سفر کر رہے تھے کہ انھوں نے دیکھا کہ ایک چوک میں لوگوں کو سرِ عام کوڑے لگائے جا رہے تھے۔ لیکن زندگی پھر بھی اچھی گزر رہی تھی۔

ایمون اور شہزادے کی دوستی کا آغاز
جب سیزن ختم ہوا تو اوکیف خاندان چھٹیاں گزارنے انگلینڈ واپس آ گیا۔ لیکن جانے سے پہلے عبداللہ نے ان کے گھر کا فون نمبر طلب کر لیا۔
شہزادے نے کہا: ’میں بھی انگلینڈ کے دورے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔ ہمیں ملنا چاہیے۔ ‘
انگلینڈ میں تین ہفتے گزارنے کے بعد عبداللہ نے ایمون کی ماں کے گھر پر فون کیا جہاں وہ سب ٹھہرے تھے۔ ایمون باہر گئے تھے اس لیے ماں نے فون اٹھایا۔
ماں نے اپنے بیٹے کو بتایا کہ خود کو شہزادہ کہنے والے نے فون کیا تھا۔ ایمون نے عبداللہ کو واپس فون کیا جس کا بل لندن میں ہیریڈس کے پاس کارلٹن ٹاور ہوٹل میں ٹھہرے عبداللہ نے ادا کیا۔ دو دن بعد وہ یوسٹن کے لیے ایک ٹرین میں سوار تھے اور سٹیشن پر ڈرائیور گاڑی کے ساتھ ان کا منتظر تھا۔
مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


