سعودی شہزادے کا 43 برس پرانا ’راز‘


ایمون اب ریٹائر ہو کر مانچسٹر کے قریب رہتے ہیں اور اب بھی جز وقتی طور پر ایورٹن ایف سی کے لیے خدمات فراہم کرتے ہیں

ایمون کی مشکل اور معاہدہ

ایمون سہمے ہوئے تھے۔ وہ ملک کے ایک انتہائی طاقتور شخص کے راز سے واقف تھے اور یہی چیز ان کو خطرے میں ڈال رہی تھی۔ انھوں نے رات جارج کے صوفے پر گزاری، لیکن زیادہ تر چھت کو ہی تکتے رہے۔ وہ 22 سال کے تھے اور گھر سے بہت دور اور خوفزدہ۔ ان کے گھر والے انگلینڈ میں تھے اور وہ انھیں ریاض لوٹنے نہیں دینا چاہتے تھے۔

لیکن یہاں بھی ایک مسئلہ تھا۔

ملک چھوڑنے کے لیے انھیں اپنے باس سے ایگزٹ ویزے پر دستخط کرانا ضروری تھے اور ان کے باس شہزادہ عبداللہ تھے۔ ایمون کو سعودی عرب ہمیشہ سنہری لگتا تھا لیکن اب انھیں وہ سنہری پنجرہ لگ رہا تھا۔

دوسری صبح ایمون نے جھوٹ بولنے کا فیصلہ کیا کہ وہ عبداللہ سے کہیں گے کہ انگلینڈ میں ان کے والد بیمار ہیں اور انھیں دیکھنے کے لیے ان کا انگلینڈ جانا ضروری ہے۔ وہ عبداللہ کے محل گئے۔ اپنی کہانی کہی اور ان کے ردعمل کے منتظر رہے۔ شہزادے نے بات سنی لیکن کوئی فیصلہ نہیں سنایا اور ان کو بہت انتظار کرایا اور کہا کہ وہ اس پر کل بات کریں گے۔

یہ ایک اور طویل رات تھی۔

دوسرے دن ایمون شہزادے عبداللہ سے ملنے فٹبال کلب گئے۔ شہزادے نے اپنا دروازہ بند کروا دیا اور سٹاف سے کہا کہ کوئی اندر نہ آئے۔ ایمون کو یاد ہے کہ عبداللہ ایک بڑے سے میز کے ایک سرے پر بیٹھے تھے۔

شہزادے نے پوچھا کہ ’کیا یہ فرانس کی وجہ سے ہے۔ میرا نہیں خیال کہ تم واپس آؤ گے؟ ‘

جب ایمون نے عبداللہ کو راضی کرنے کی کوشش کی تو شہزادے نے قلم کاغذ نکالا اور عربی زبان میں آہستہ آہستہ لکھنے لگے۔ یہ ایک معاہدہ تھا۔ ایمون گھر جا سکتے تھے لیکن صرف ایک ہفتے کے لیے۔

ایمون کو صرف اس پر دستخط کرنا تھے۔

ایمون عربی نہیں پڑھ سکتے تھے۔ وہ بس اتنا جانتے تھے کہ وہ اپنی زندگی کا اختیار کسی اور کو دے رہے ہیں۔ اس لیے وہ اس پر دستخط نہیں کر سکے۔

لیکن وہ اسے پھاڑ بھی نہیں سکے۔ اگر وہ ایسا کرتے تو شہزادہ انھیں کبھی واپس جانے نہیں دیتا۔ انھوں نے تیزی کے ساتھ سوچا اور فیصلہ کیا، جسے اب وہ ’سال کا سب سے بڑا فریب‘ کہتے ہیں۔

ایمون نے پوچھا: ’کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں اس پر دستخط کر دوں۔ مجھے عربی میں لکھے اس کنٹریکٹ پر اعتماد کرنا ہے لیکن آپ مجھ پر بھروسہ نہیں کرتے۔ ٹھیک ہے۔ کوئی مسئلہ نہیں۔ ‘

ایمون نے قلم لیا اور سائن کرنے کے لیے تیار ہوئے۔ لیکن بالکل آخری لمحے پر عبداللہ نے کاغذ ہٹا لیا اور اسے پھاڑ کر کوڑے دان میں پھینک دیا۔

انھوں نے ہچکچاتے ہوئے کہا: ’میں تمہارے لیے فلائٹ کا انتظام کرتا ہوں۔ ‘

دوسرے دن ایمون ایئرپورٹ گئے۔ انھوں نے صرف ایک ہفتے کے لیے کپڑے ساتھ لیے تاکہ عبداللہ یہ نہ سوچیں کہ وہ ہمیشہ کے لیے جا رہے ہیں۔

کیا وہ اس وقت بھی ڈرے ہوئے تھے؟

ایمون نے کہا: ’یقیناً۔ کیونکہ اگر عبداللہ کہتے کہ تم طیارے میں سوار نہیں ہو گے تو آپ سوار نہیں ہو سکتے۔ جب طیارہ پرواز کرنے لگا اس وقت بھی میں پریشان تھا۔ ‘

جب وہ لندن پہنچے تو انھوں نے خوشی میں سیٹ پر مکا مارا۔ لیکن ان کی پریشانیاں ختم نہیں ہوئی تھیں۔ انگلینڈ میں اپنا کریئر پھر سے شروع کرنے کے لیے انھیں فٹبال ایسوسی ایشن (ایف اے ) کے ساتھ رجسٹر ہونا تھا۔ اور اس کے لیے انھیں سعودی عرب سے کلیئرنس لینی تھی۔

ایف اے سے بات کرنے کے بعد ایمون کو ریاض سے ایک فیکس موصول ہوا جس میں یہ مطالبات تھے :

  • نو ہزار سعودی ریال معاہدہ توڑنے کے لیے (آج کے آٹھ ہزار پاؤنڈ)
  • ڈیڑھ ہزار ریال گھر کے ایئر کنڈیشن کی مرمت کے لیے۔
  • 300 پاؤنڈ قرض کی ادائیگی کے لیے۔
  • جبکہ ایک ماہ کی تنخواہ ابھی بھی ایمون پر تھی۔

ایمون کو شرط نمبر ایک اور چار قبول تھی۔ ان کے مطابق باقی عبداللہ بدلہ لے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر کنڈیشن خراب نہیں ہوا تھا اور انھوں نے شہزادہ عبداللہ سے کبھی ایک کوڑی بھی قرض نہیں لیا تھا۔

ایمون نے ایف اے سے بات کی اور 22 نومبر سنہ 1976 کو انھیں لندن سے ایک ٹیلی گرام ملا۔ اس میں کہا گیا اس نمبر پر فون کریں، فون وصول کرنے والا پیسہ ادا کرے گا۔ اس پر سعودی فٹبال کے نئے سربراہ جمی ہل کے دستخط تھے۔

سنہ 1976 میں جمی ہل انگلینڈ کی فٹبال کی سب سے معروف شخصیات میں سے ایک تھے۔ سنہ 1961 میں بطور کھلاڑیوں کی یونین کے سربراہ انھوں نے زیادہ سے زیادہ اجرت کی حد ختم کر دی تھی۔ سنہ 1970 کی دہائی میں وہ بی بی سی کے پرائم ٹائم فٹبال شو ’میچ آف دی ڈے‘ کے پریزینٹر بھی رہے۔

سعودی عرب کا کانٹریکٹ دو کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کا تھا۔ اس میں کتنا انھیں اور کتنا ان کے بیٹے ڈنکن کو (جو سعودی عرب میں ملازم تھے ) ملا وہ پتہ نہیں لیکن یہ بلیکلی کے نوجوان کے لیے ضائع کرنا ایک بہت بڑا نقصان تھا۔

ٹیلی گرام کے مطابق ایمون نے ہل کو فون کیا۔ ایمون کے والد نے جو ٹریڈ یونین میں تھے، کہا کہ وہ کانز میں ہونے والے واقعے کے بارے میں فیفا کو بتائیں گے۔ دو ہفتے بعد آلٹرنچم میں جارج اور ایمون کے ایک مشترکہ دوست اور الہلال کے نمائندے کے ساتھ ایمون کی ملاقات طے پائی۔

الہلال کے نمائندے نے طنز کرتے ہوئے پوچھا کہ ’اگر تم وہاں رکتے تو تمہارے خیال میں تمہارے ساتھ کیا ہوسکتا تھا؟ ‘

ایمون نے سنجیدگی سے جواب دیا: ’جب بات آپ کی فیملی پر آ جائے تو آپ جوا نہیں کھیل سکتے۔ ‘

گرما گرم بحث کے بعد دونوں افراد نے ہاتھ ملائے۔ ایک ہفتے بعد سعودی عرب نے ایمون کا ’پروانہ رہائی‘ بھیجا اور اب وہ انگلینڈ میں کھیلنے کے لیے آزاد تھے۔ سعودی مہم ختم ہو چکی تھی۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3 4 5

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp