سعودی شہزادے کا 43 برس پرانا ’راز‘

لندن میں ایک بار پھر ایمون سعودی عرب کے پیسے پر مزے کی سیر کر رہے تھے۔ وہ ’مختلف دنیا‘ تھی۔
جلد ہی شہزادے کا معاون ریاض واپس چلا گیا اور پھر عبداللہ نے ایمون سے پوچھا کیا وہ اس سفر میں ان کی جگہ لینے کی خواہش رکھتے ہیں۔ دوسرا ٹھکانا پیرس تھا پھر کانز اور قاہرہ سے ہوتے ہوئے سعودی عرب واپس جانا تھا۔ عبداللہ کی اہلیہ فرنیچر خریدنا چاہتی تھیں اور عبداللہ کا منصوبہ یورپ کے کسینو میں وقت گزارنے کا تھا۔
ایمون کی اہلیہ اور بچے ان کی ساس کے ساتھ ویلز جا رہے تھے۔ اس لیے ایمون نے رضا مندی ظاہر کر دی۔ ایک ہفتے بعد وہ شہزادے کے ساتھ اپنے گرانڈ ٹور پر ہیتھرو کے لیے لیموزین میں سوار تھے۔
اب تک شہزادے اور بلیکلی سے آنے والے لڑکے میں دوستی ہو چکی تھی۔
ایمون نے کہا: ’ہمارا ساتھ خوب رہا۔ ہم ہر وقت ہنستے رہتے۔ میرے خیال سے وہ ان تمام دوستوں سے بیزار ہو چکے تھے جو ہر وقت ان کی خوشامد کرتے رہتے تھے۔ ‘
چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر سعودی سفیر نے شہزادے اور ان کے رفقا سے ملاقات کی۔ ایمون نے بتایا کہ ’کاروں پر جھنڈے لگے ہوئے تھے۔ ‘
جہاں عبداللہ میٹنگز میں مشغول تھے ایمون کو ایک اٹیچی کیس نگرانی کے لیے دیا گیا۔ ایمون نے کافی اور چاکلیٹ لی اور وی آئی پی ایریا میں انتظار کرتے رہے، بعد میں انھیں تنہا ہی پیرس لے جایا گیا۔ سوٹ کیس ان کے ساتھ ہی تھا۔
ایک گھنٹے بعد ان کے ہوٹل کے کمرے کا فون بجا۔ فون پر عبداللہ تھے جنھوں نے ان سے اٹیچی کیس مانگا۔ ایمون اٹیچی کیس لے کر نیچے عبداللہ کے سویٹ میں گئے۔ شہزادے نے اٹیچی کیس کو کھول کر دکھایا کہ وہ کیا چیز پکڑ کر گھوم رہے تھے۔ اس میں ہزار ہزار کے فرانسیسی فرینک کی گڈیاں تھیں۔

ایمون نے کہا: ’اس طرح کی چیز آپ کو ٹیلی ویژن پر دیکھنے کو ملتی ہے۔ جب میں ایئرپورٹ پر کافی لینے گیا تھا تو میں نے اسے اپنی سیٹ پر چھوڑ دیا تھا۔ آپ سوچ سکتے ہیں اگر یہ غائب ہو جاتا تو کیا ہوتا؟ ‘
اس رات ایمون نے دریائے سیئن میں ایک شیشے کے پیندے والی کشتی میں رات کا کھانا کھایا اور پھر اپنے ہوٹل کی بالکنی سے شہر کی تعریف کرتے رہے۔ وہ ایک خوش و خرم شخص کی طرح محو خواب ہو گئے لیکن ان کا سنہرا خواب زیادہ دیر جاری نہیں رہا۔ دو دن بعد دونوں نے کانز کے لیے پرواز لی اور کسینو پہنچے، جہاں وہ ایک ہی لفٹ میں سوار ہوئے۔
ایمون نے کہا کہ جب عبداللہ نے اپنا قدم بڑھایا تو اچانک لفٹ چھوٹی لگنے لگی۔
شہزادے نے اپنے جذبات کا اظہار کر دیا تھا اور ایمون نے بھی۔ ایمون ہم جنس پرست نہیں تھے اور کوئی رشتہ قائم کرنے میں دلچسپی نہیں تھی۔ وہ فٹبالر بننا چاہتے تھے۔ اس کے علاوہ کچھ اور نہیں۔
ایمون نے بتایا کہ تقریباً 15 سیکنڈ میں دروازہ کھلا لیکن یہ ایک مہینے کی طرح لگا۔ وہاں اب ایک خوفناک ٹھنڈ تھی۔ ’
اس کے ساتھ ہی یہ عظیم ٹور ختم ہو گیا۔ ماحول بدل گیا اور سفر کا پروگرام بھی۔ روم میں تین شب کے بجائے انھوں نے صرف ایک رات گزاری، قاہرہ میں رکنے کے بجائے وہ براہ راست ریاض چلے گئے۔
ایمون شرمندہ تھے لیکن پریشان نہیں۔ لفٹ میں عبداللہ نے کہا کہ ان کا رشتہ ’صدر اور کھلاڑی‘ کا رہے گا۔ اور ایمون نے ان پر یقین کیا۔
انھوں نے کہا: ’مجھے ایک لمحے کے لیے بھی یہ نہیں محسوس ہوا کہ میں خطرے میں ہوں۔ میرا خیال تھا کہ میرا معاہدہ ہے اور چیزیں معمول پر آ جائیں گی۔ ‘
ریاض جانے کے بعد چیزیں بدل گئیں۔ ہم جنس پرستی سعودی عرب میں اس وقت بھی غیر قانونی تھی اور آج بھی غیر قانونی ہے اور اسی طرح شاہی خاندان پہلے بھی اور آج بھی قادر مطلق ہے۔ ایمون شہزادے عبداللہ کا راز افشا نہیں کرنے والے تھے لیکن اگر عبداللہ دباؤ ڈالنا چاہتے تو پھر کیا ہوتا؟
ایمون کو پریشانی ہونے لگی۔ بند کمرے سے ڈر لگنے لگا اور شاید وحشت زدہ ہو گئے۔ انھوں نے اپنے حوصلے کی بحالی اور ڈھارس کے لیے جارج کو بتایا کہ کیا ہوا تھا۔ لیکن وہ نہ سمجھے۔
جارج نے کہا: ’بے وقوف، وہ یہیں پر بس نہیں کریں گے۔ ‘

کیا کوچ جارج سمتھ کو ایمون اور یہ کہانی یاد ہے؟
جارج سمتھ اب 84 سال کے ہیں۔ اب بھی فٹبال دیکھتے ہیں اور اپنے طویل کوچنگ کریئر سے ان کے پاس بہت ساری کہانیاں ہیں۔ کیا انھیں ایمون یاد ہیں۔ انھوں نے فون پر روچڈیل سے کہا: ’ارے ہاں، میں نے اسے پروفیشنل بنایا تھا۔ ‘
جارج کی کہانی سعودی عرب سے عمان اور بحرین ہوتے ہوئے آئس لینڈ جاتی ہے۔ لیکن ایمون نمایاں تھے۔ وہ انھیں بطور ایک کھلاڑی اور انسان پسند کرتے تھے۔ ان کے گرینڈ ٹور سے قبل ہی وہ پریشان تھے۔ ان کا خیال تھا کہ ایمون عبداللہ کے ساتھ ضرورت سے زیادہ وقت گزار رہے ہیں اور عبداللہ ایمون پر بہت زیادہ پیسے خرچ کر رہے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میرے خیال میں وہ بہت زیادہ قریب ہو گئے تھے اور صدر (عبداللہ) اس سے واقف تھے۔ وہ جانتے تھے کہ میں اس سے پریشان ہوں۔ ‘
جب جارج نے کانز کے واقعے کے بارے میں سنا تو انھوں نے ایمون کو اپنی حفاظت کی خاطر سعودی عرب چھوڑ دینے کے لیے کہا۔ ’وہ خطرے میں تھے۔ کچھ بھی ہو سکتا تھا۔ ‘
جیسے کہ؟
’خدا ہی جانتا ہے۔ کسی قسم کا حادثہ وغیرہ، وہ شاہی خاندان کے فرد سے ٹکرا رہا تھا۔ آپ ایسا نہیں کر سکتے۔ ‘
مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


