نواز شریف چلا گیا، باقی سب خیر ہے


آقا نے اپنے نوکر کو گاؤں بھیجا تاکہ اس کے خاندان کی خبر لے آئے۔ اس کا گاؤں کافی دور تھا۔ تجارت کی غرض سے کافی عرصے سے اس کا گاؤں جانا نہیں ہوا تھا۔ نوکر اعتماد والا تھا۔ اس نے کچھ نقدی اور اہل خانہ کے لیے کچھ تحائف بھی بھیجے تھے۔ اب اسے بے تابی سے انتظار تھا کہ نوکر واپس آئے تو گھر کے حالات سن کر اسے تسلی ہو تاکہ وہ پوری توجہ کاروبار کی جانب مبذول کرسکے۔ خدا خدا کر کے وہ دن بھی آن پہنچا جب شام کے وقت نوکر گاؤں سے واپس آ گیا۔

آقا: ”ہاں جی! گاؤں سے واپس آ گئے ہو۔ اب بتاؤ گھر میں خیر خیریت ہے؟“
نوکر: ”جی حضور! سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔ فکر کی کوئی بات نہیں۔ گھر کی رکھوالی کے کوئی کتا بھیج دیتے تو بہتر تھا“

آقا: ”کیوں؟ پرانے کتے کو کیا ہوا؟ کیا وہ ٹھیک سے رکھوالی نہیں کر رہا؟“
آقا: ”مالک! وہ پرانے والا کتا تو مر گیا۔ باقی سب ٹھیک ہے “
آقا: ”کیا؟ میرا کتا مر گیا اور تم کہہ رہے ہو کہ سب ٹھیک ہے۔ کیسے مرا وہ؟“
نوکر: ”اس کے گلے میں ہڈی پھنس گئی تھی۔ مالکن نے علاج تو کافی کرایا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا اور وہ مر گیا۔ لیکن آپ پریشان نہ ہوں! باقی سب ٹھیک ہے۔“

آقا: ”ہڈی؟ کس کی ہڈی؟“
نوکر: ”وہ آپ کے گھوڑے کی ہڈی“

آقا: ”کیا؟ میرا گھوڑا بھی مر گیا ہے؟ لیکن وہ کیسے مرا؟ اسے کیا ہوا تھا؟“
نوکر: ”جی مالک! وہ بھی مر گیا ہے اور بغیر گھاس کھائے وہ زندہ رہ بھی کیسے سکتا تھا؟ لیکن آپ بے فکر ہوجائیں باقی سب ٹھیک ہے“

آقا: ”لیکن میں تو اتنی وافر مقدار میں گھر میں گھاس کا انتظام کر کے آیا تھا۔ وہ ساری گھاس ایک مہینے میں کیسے ختم ہو گئی؟“
نوکر: ”مالک! وہ گھاس تو جل گئی۔ جب سارا گھر جل گیا تو بھلا گھر میں پڑی گھاس کیسے بچ سکتی تھی؟ ہاں! باقی سب ٹھیک ہے“

آقا: ”کیا؟ میرا گھر بھی جل گیا؟ لیکن میرے گھر والوں کا کیا بنا؟“
نوکر: ”مالک! آپ کا بیٹا بھی مر گیا لیکن باقی سب ٹھیک ہے“
آقا: ”کیا؟ میرا اکلوتا بیٹا بھی مر گیا؟ لیکن کیسے“

نوکر: ”بیچارہ ماں کا غم برداشت نہ کر سکا“
آقا: کیا؟ میری بیوی بھی مر گئی مگر کیسے ”
نوکر: ”جی ہاں حضور! جب آگ لگی تو وہ گھر کے اندر ہی تھیں۔ لیکن ہاں! اس کے علاوہ باقی سب کچھ ٹھیک ہے“ ۔

عربی ادب کی یہ کہانی ان دنوں مجھے اس لیے یاد آئی کہ کچھ عرصہ پہلے کسی سے پوچھتے کہ بلوچ قومی دھارے میں واپس آ گئے ہیں، بلوچستان میں امن قائم ہو گیا ہے، اب وہاں کسی ادارے پر حملے نہیں ہوتے، بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کم ہو گئی ہے، کراچی میں تاجروں بیرون ملک روانگی میں کمی جبکہ اعتماد اور وطن واپسی میں اضافہ ہو گیا ہے، ملک میں دھماکوں کی تعداد میں کمی آ گئی ہے، روس ہمارے قریب آ رہا ہے، ملک میں ترقی کا ایک دور شروع ہے، معیشت بہتر ہو گئی ہے، سرحدوں پر جنگ کے خطرات بھی کم ہو گئے ہیں اور پاناما میں نواز شریف کا نام بھی نہیں ہے تو اس کا جانا اور نا اہل ہونا ضروری کیوں ٹھہرا؟

جواب ملتا تھا کہ اگر نواز شریف چلا جائے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ اب کسی سے پوچھو کہ پہلے تو نواز شریف رکاوٹ تھا۔ اب تو وہ چلا گیا ہے تو کیا پاناما میں موجود لوگوں کا احتساب ہو گیا ہے ؟ کیا۔ ”سب“ کا احتساب ہو گیا ہے؟ قانون کی نظر میں سب برابر ہو گئے ہیں؟ معیشت ٹھیک ہو گئی ہے؟ ڈالر کی قیمت کم ہو گئی ہے؟ دنیا کے سفارتی تعلقات اتنے خراب کیوں ہوئے کہ کشمیر کے معاملے پر سوائے چند ممالک کے پوری دنیا انڈیا کی طرفدار ہو گئی؟

افغانستان آپ پر اعتبار کرنے کو تیار ہو گیا ہے؟ امریکا آپ پر پھول برسانے کو تیار ہے؟ طالبان آپ کے دوست بن گئے ہیں؟ بین الاقوامی برادری میں آپ کی عزت بڑھ گئی ہے؟ کشمیر کا مسئلہ بھی اس وجہ سے خراب تھا کہ کیونکہ نواز شریف مودی کا یار تھا، کیا آپ نے وہاں سال سے لگا ہوا کرفیو ختم کرا لیا ہے؟ چینی مافیا کی پشت پناہی اب کون کرتا ہے؟ آٹا مافیا کو پکڑنے سے کس نے روک رکھا ہے؟ اب تو نون لیگ کی حکومت نہیں تو پھر ڈیزل پٹرول کی قیمتیں کون اور کیوں بڑھا رہا ہے؟

کیا ہر روز ہونے والی منی لانڈرنگ رک گئی ہے؟ کیا بیرون ملک پڑے اربوں ڈالر واپس آ گئے ہیں؟ کیا پندرہ ارب میں پشاور میٹرو بن گئی ہے؟ بجلی کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں؟ سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو گئی ہے؟ پہلے تو خاقان عباسی نے اپنی ائر لائن کی خاطر پی آئی اے کا بھٹا بٹھا رکھا تھا اب اسے پوری دنیا میں بین کس نے بین کرایا ہے؟ بیروزگاری کو بڑھاوا دینا والا اب کون ہے؟ پہلے تو ٹیکس لگا کر نواز شریف جیب بھرتا تھا اب یہ پیسا کس کی جیب میں جا رہا ہے؟

تعلیمی بجٹ کو بڑھانے سے اب کس نے روک رکھا ہے؟ کیا ملک میں پروٹوکول کی لعنت ختم ہو گئی ہے؟ بلین ٹری لگ گئے؟ ہزاروں ڈیم بن گئے؟ حاکم وقت عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے؟ سرکاری خرچے پر مشاعرے کیوں ہوئے؟ افطار پارٹیاں سرکاری خرچ سے کیوں ہوئیں؟ اس سے ملتا ہوا کوئی سا بھی سوال کسی سے پوچھیں تو جواب ملتا ہے کہ کہ نواز شریف چلا گیا باقی سب ٹھیک ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments