شینا ملوانی: ٹک ٹاک سٹار کے ’وائرل‘ قہقہے اور ان کے شوہر کے مزاحیہ تبصرے سوشل میڈیا پر مقبول


سریلی آواز اور کانوں میں رس گھول دینے والا ساز، کہیے کیا آپ کبھی ایسی دھن سنتے وقت خلل پسند کریں گے۔ یقیناً نہیں اور گلوکار کو تو خاص کر کوفت ہو گی۔

تاہم انڈیا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ شینا ملوانی اپنے شوہر کے اس دوران ٹوکنے کا ہرگز برا نہیں مناتیں بلکہ اپنی کھلکھلاتی ہنسی سے دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں سجا دیتی ہیں۔

پیانو بجاتی شینا ملوانی آج کل نہ صرف ایک ٹک ٹاک سٹار ہیں بلکہ انٹرنیٹ پر ان کے آواز، ہنستے چہرے سمیت ان کے ’انڈین والد‘ کے جیسے شوہر کی بھی خاصی شہرت ہے۔ پہیلیاں بجھوانا بند کرتے ہیں اور آپ کو بتاتے ہیں کہ شینا کا یہ سفر کہاں سے شروع ہوا۔

اگر آپ شینا کے ٹوئٹر ہینڈل پر جائیں تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ وہ رواں برس سے قبل کم از کم ٹوئٹر پر اتنی فعال نہیں تھیں تاہم ان کا ایک یوٹیوب پیچ ضرور ہے جہاں وہ گذشتہ 12 برسوں سے اپنے گانوں کی ویڈیوز پوسٹ کر رہی ہیں۔

شینا ایک گلوکارہ ہیں اور وہ اس وقت امریکہ میں مقیم ہیں۔ رواں برس مئی کے مہینے سے ان کی مقوبولیت میں اضافے کے باعث صارفین نے ان سے متعدد سوالات پوچھے جن کے جوابات انھوں نے اپنے یوٹیوںب چینل کے ذریعے دیے۔

انھوں نے بتایا کہ اس سب کا آغاز اس وقت ہوا جب وہ 20 مئی کو کینیڈیئن گلوکار جے پی سیکس کا گانا اِف دا ورلڈ واز اینڈنگ (اگر دنیا ختم ہو رہی ہوتی) گنگنا رہی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ اس دوران میرے شوہر نے مجھے ٹوکا اور بس پھر یہ سلسلہ شروع ہو گیا۔

’آپ مجھے ایک گلوکارہ کے طور پر جانتے ہیں اور میں ایک گلوکارہ ہوں بھی اسی لیے میں انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کر رہی تھی کہ اچانک سے مجھے میرے شوہر نے ٹوکا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ ویڈیو سکرپٹ کے مطابق نہیں بنائی جاتی، میں کسی کے اشارے پر ہنس نہیں سکتی اگر ایسا ہوتا تو میرے پاس آسکرز کی بھرمار ہوتی۔‘

پہلی ویڈیو میں ایسا کیا تھا؟

پیانو کی دھن پر گانے کے بول دونوں میاں بیوی کے درمیان ایک مکالمے کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔

اس گانے کے ایک حصے میں جب یہ جملے ادا کیے جاتے ہیں کہ ’اگر دنیا ختم ہو رہی ہوئی تو تم یہاں آ جاؤ گے، ہیں ناں؟‘ تو شینا کے شوہر کی عقب سے آواز آتی ہے ’غلط‘۔

اور اگلے جملے میں جب وہ کہتی ہیں کہ ’تم آؤ گے اور رات بھر یہاں رہو گے‘ لیکن جواب ملتا ہے یہ بہت ہولناک ہے کہ دنیا ختم ہو رہی ہو اور آپ سفر کریں۔ کیا بیوقوفانہ خیال ہے۔ نہیں اس گھر میں کوئی لڑکا نہیں آ سکتا۔ جاؤ جا کر اپنی پڑھائی کرو۔۔۔۔ کھڑکیاں بند کر دو۔۔۔۔‘

شینا اپنے شوہر کے ان جوابات سے اپنی ہنسی پر قابو تو نہیں رکھ پاتیں لیکن گانے کی ناکام کوشش جاری رکھتی ہیں۔

اس ویڈیو کو دیکھتے ہوئے بطور صارف آپ خود بھی ہنسے بنا نہیں رہ پاتے۔ تاہم شینا کے شوہر کی ان تمام باتوں میں ایک قدر مشترک ہے اور وہ یہ کہ وہ ایک کلاسک مشرقی والد کے روپ میں بات کر رہے ہیں۔

اسی بات کو سمجھانے کے لیے شینا نے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے وقت اس ویڈیو کے عنوان میں ’انڈین والد ایسے ہوتے ہیں‘ یعنی ان کے شوہر نے جو باتیں کیں وہ دراصل ایک انڈین والد اپنی بیٹی سے کیا کرتا ہے۔

ایک روایتی ’انڈین والد‘ یا شینا کے شوہر؟

ان کا یہ تبصرہ ان کے مداحوں کو سمجھ نہیں آیا بلکہ انھیں لگا کہ شاید ویڈیو میں آنے والی آواز ان کے والد کی ہی ہے۔

تاہم اس کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے یوٹیوب میں اپنی ایک ویڈیو میں کی۔

انھوں نے کہا کہ یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ اب وہ مسلسل ایسی ویڈیوز کیوں اپ لوڈ کر رہی ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ لوگوں کو خوشی دے رہا ہے، ہمیں خوشی دے رہا ہے اور سب محظوظ ہو رہے ہیں۔

’لوگوں سے رابطہ کرنا ایسے وقت میں جب وہ بہت زیادہ تکلیف میں ہوں۔ ایسے وقت میں جب ڈپریشن کی سطح بلند ہو۔ لوگ ایک دوسرے سے دوری محسوس کر رہے ہیں اور میرے لیے یہ خاص موقع تھا کہ لوگوں کے تعلق کو محسوس کروں دنیا بھر میں لوگوں کے ساتھ موسیقی اور ہنسی کو شیئر کروں۔۔۔‘

ٹوئٹر پر ان کی ویڈیو شیئر کر کے برٹنی کورنٹینی نے لکھا کہ ’ان کے والد اب میری پسندیدہ شخصیت ہیں۔‘

ان کو جواب دیتے ہوئے شینا نے کہا کہ جتنا پیار انھیں ٹوئٹر سے ملا ہے، اب سے آپ بھی ان کی پسندیدہ شخصیت ہیں۔‘

اس ہی پوسٹ کے نیچے ایک صارف ہیری لی کالڈویل نے لکھا کہ میں اور میرا بیٹا ایک دوسرے کو اس سے بھی زیادہ تنگ کرتے ہیں۔

انھوں نے لکھا کہ ’میری پسندیدہ چیز یہ ہے کہ وہ ہنستے ہوئے بھی گانا گنگناتی رہتی ہیں۔

اکثر صارفین کو یہ لگا کہ شاید یہ اصل میں شینا کے والد ہیں اور انھوں نے لکھا کہ اپنے والدین کے ساتھ گزارے گئے ہر لمحے کو انمول جانیں۔

کچھ نے ان کی آواز کی تعریف کی تو کچھ نے ان کی ہنسی کے بارے اچھے کلمات ادا کیے جبکہ اکثر ان کے شوہر کی جانب سے ادا کی گئی مزاحیہ باتوں کو سراہتے رہے۔

ٹوئٹر، ٹک ٹاک اور فیس بک پر شینا کی ویڈیوز کو بہت پسند کیا جا رہا ہے اور لگتا یہ ہے کہ اب یہ ویڈیو دیکھنے والے شینا کو تو سننا چاہتے ہیں لیکن وہ یہ بھی دیکھنا چاہتے ہیں کہ ان کے شوہر گانے کے دوران اگلی ویڈیو میں کیا بولیں گے اور انھیں محظوظ کریں گے۔

ٹک ٹاک پر ان کے فالورز کی تعداد 857.6K ہے۔ یو ٹیوب پر سبسکرائبر کی تعداد 34.2K ہے جبکہ انسٹا گرام پر 236k فالورز ہیں۔

میں تمھارے لیے گرنیڈ پکڑ لوں گا

جاتے جاتے میاں بیوی کے درمیان ایک اور مکالمہ سنتے جائیے۔ اس مرتبہ شینا ہنس ہنس کر اس وقت لوٹ پوٹ ہوئیں جب انھوں نے برونو مارس کے گانے ’گرنیڈ‘ کے کچھ بول گنگنائے۔

شینا نے گنگنایا ’میں تمھارے لیے گرنیڈ پکڑ لوں گا‘ تو عقب سے شینا کے شوہر کی آواز آتی ہے ’یہ تم کیا کہہ رہی ہو؟‘

وہ گنگناتی ہیں ’میں تمھارے لیے چاقو پر ہاتھ رکھ دوں گا‘ تو ان کے شوہر جواب دیتے ہیں کہ ’یہ سراسر فضول ہے، پیانو بجانا وہ بھی خون آلود ہاتھوں سے؟‘

شینا: ’میں تمھارے لیے ٹرین سے جمپ لگا دوں گا‘، ان کے شوہر: ارے یہ سیریس ہوتا جا رہا ہے

شینا: تمھیں معلوم ہے ناں میں تمھارے لیے کچھ بھی کر دوں گا، ان کے شوہر: یہ محبت کی اچھی مثالیں نہیں ہیں، ٹرین کے سامنے کھڑے، خون آلود شخص سے محبت نہیں کر سکتا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp