عمران خان کی عوامی رابطہ مہم: کیا پاکستان میں یہ پہلی بار ہونے جا رہا ہے اور کیا ٹیلیفون پر عوام سے رابطہ موثر ثابت ہوتا ہے؟


عمران خان
پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پیر (آج) سے عوامی رابطے کی ایک مہم کے سلسلے میں ٹیلیفون کے ذریعے عوام سے براہ راست گفتگو کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کے مطابق ’آپ کا وزیر اعظم، آپ کے ساتھ‘ کے عنوان سے ہونے والا یہ پروگرام پیر کو شام چار بجے شروع ہو گا اور فون لائن کھول دی جائے گی۔ حکمراں جماعت کی جانب سے اس حوالے سے کی جانے والی تشہیر کے مطابق عوام براہ راست سوالات پوچھیں گے اور وزیر اعظم اُن کے جواب دیں گے۔

عمران خان کو اپنے مسائل بتانے کے لیے عوام کو ایک لینڈ لائن فون نمبر بھی دیا گیا ہے۔

یہ تو آج سہ پہر تک معلوم ہو ہی جائے گا کہ لگ بھگ بائیس کروڑ کی آبادی میں کتنے خوش نصیب ہوں گے جو اپنے سوالات براہ راست وزیر اعظم تک پہنچا پائیں گے۔ تاہم پی ٹی آئی کے بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ شاید پاکستان میں ماضی میں کسی وزیر اعظم نے عوام سے اس نوعیت کا براہ راست رابطہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیے

مودی سرکار اور انڈین میڈیا کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا: عمران خان

آئی سی سی پولنگ میں عمران خان کی جیت: ’کوہلی جیت رہے تھے، یہ دھاندلی ہے‘

خواتین ارکان پارلیمان فنڈز نہ ملنے پر ناراض، حکومت کا کہنا ہے کہ حلقہ نہیں تو فنڈ نہیں

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک پیغام کے مطابق ’پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کے عوام براہِ راست اپنے وزیر اعظم سے فون پر بات کر سکیں گے۔‘

ماضی میں سربراہان نے عوام سے رابطے کا کون سا طریقہ اپنایا؟

پاکستان میں ماضی میں اس طرح کی مثالیں موجود ہیں جب وزرائے اعظم یا صدور نے لوگوں سے ٹیلیفون یا کھلی کچہریوں کے ذریعے رابطہ رکھنے کی کوشش کی۔

کچھ حلقوں میں تو اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے لیکن بعض مبصرین کے مطابق عوامی مسائل حل کرنے کا یہ کوئی پائیدار طریقہ نہیں ہے بلکہ یہ تشہیر کا ہی ایک ذریعہ ہے۔

مگر ٹیلیفون پر عوامی مسائل سننا کوئی نیا طریقہ کار نہیں ہے بلکہ پہلے بھی اس طرح کی رابطہ مہم کی گئی ہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں وفاقی وزیر اطلاعات رہنے والے مشاہد حسین سید نے بی بی سی کو بتایا کہ سنہ 98-1997 میں نواز شریف نے عوام سے ٹیلیفونک رابطے کا سلسلہ شروع کیا تھا، اور اس وقت ٹال فری نمبر عوام کو فراہم کیا گیا تھا، جس کے ذریعے لوگ رابطے کرتے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے احکامات جاری کیے جاتے تھے۔

نواز شریف کے دور اقتدار میں صحافی مطیع اللہ جان پاکستان ٹیلی ویژن میں رپورٹر تعینات تھے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ نواز شریف جب بحیثیت وزیر اعظم لوگوں کے مسائل سنتے تھے تو اُن (مطیع اللہ) کی ڈیوٹی تھی کہ وہ متعلقہ ادارے، جس کے بارے میں شکایت ہوتی تھی، کے سربراہ کا انٹرویو کریں اور اس شکایت کے بارے میں سوالات کریں، پھر یہ سوالات اور جواب نشر کر دیے جاتے تھے۔

نواز شریف

سنہ 98-1997 میں اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے بھی عوام سے ٹیلیفونک رابطے کا سلسلہ شروع کیا تھا

مشاہد حسین سید بتاتے ہیں کہ اگرچہ سابق فوجی آمر ضیا الحق کے دور میں آمریت تھی لیکن وہ پاکستان میں مارشل لا نافذ کرنے والے چاروں جرنیلوں سے زیادہ عوام میں رہنے والے حکمران تھے۔

انھوں نے کہا کہ ضیا الحق براہ راست تو کوئی ٹیلیفونک رابطے اس طرح نہیں کیا کرتے تھے لیکن وہ رات گیارہ بجے سے ایک بجے تک ٹیلیفون کے ذریعے موصول ہونے والے پیغامات یا سوالات کے جواب دیا کرتے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ضیا الحق کے دور میں وہ صحافی تھے تو انھوں نے ایک مرتبہ پوچھا کہ ’آپ کے پاس وقت ہے کہ آپ شادیوں اور جنازوں میں شرکت کرتے ہیں‘ تو ضیا الحق نے کہا کہ وہ چونکہ عوامی نمائندے نہیں ہیں تو اس طرح کے مواقع پر وہ لوگوں سے باتیں کر کے ان سے تجاویز لیتے ہیں اور عوامی رائے معلوم کر لیتے ہیں۔

مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہفتے میں ایک دن پارلیمان میں سوالات کے جوابات خود دیں گے۔ ’کاش کہ وہ اپنا وہ وعدہ پورا کر دیں۔‘

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ نواز شریف کے 1997 کے دور کے آخری دنوں میں ٹیلیفون کے ذریعے اس طرح کے عوامی رابطے کی کوشش کی تھی جس کے بعد اُن کی حکومت ہی چند روز میں ختم ہو گئی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں کھلی کچہریاں باقاعدگی سے منعقد کی جاتیں تھیں ’جو عوامی رابطے کا سب سے موثر ذریعہ تھیں۔‘ قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ڈویژنل یا ضلعی سطح پر عوامی منتخب نمائندوں کے ذریعے لوگوں سے رابطہ رکھا جاتا اور ان کھلی کچہریوں میں لوگوں کے مسائل سُنے جاتے اور انھیں حل بھی کیا تھا۔

مشاہد حسین نے بتایا کہ ذوالفقار علی بھٹو پہلے ایسے سیاستدان تھے جو ’سیاست کو ڈرائئنگ روم سے نکال پر باہر لائے اور خود کھلی کچہریوں میں جاتے جہاں فوری احکامات جاری کیے جاتے تھے۔‘

ٹیلیفون پر عوام سے رابطہ کتنا موثر ہے؟

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پشاور کے ایک شہری محمد اسماعیل نے بتایا کہ عوام سے رابطہ ایک منتخب وزیر اعظم کا حق ہے اور ایسا ہونا بھی چاہیے اور اگر اس سے لوگوں کے اجتماعی مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے تو اچھی بات ہے۔

’لیکن بظاہر ایسا ہوتا نظر نہیں آتا کیونکہ چند ایک ہی منتخب افراد کے فون کال پر لیے جائیں گے اور ان کی تشہیر کر دی جائے گی۔‘

قمر زمان کائرہ جو ماضی میں وفاقی وزیر اطلاعات رہ چکے ہں کا کہنا ہے کہ اس طرح ٹیلیفونک رابطے سے درحقیقت حکومت اپنی ناکامی تسلیم کرتی ہے کیونکہ حکومت کے عوامی رابطے کے اصل ذرائع بیوروکریسی، میڈیا اور عوامی نمائندے ہوتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو کے دور میں اس طرح کی کوئی کوشش نہیں کی گئی بلکہ عوامی اور منتخب نمائندوں کے ذریعے ہی لوگوں سے رابطے رکھے گئے تھے۔

صحافی مطیع اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دور میں ہونے والی ایسی ہی مشق کی بنیاد پر وہ کہہ سکتے ہیں کہ ’یہ کوئی موثر طریقہ کار نہیں ہے‘ بلکہ ایک تشہیری مہم ہوتی ہے۔

’اگر لوگوں کے مسائل حل کرنے ہیں تو ادارے مضبوط کیے جانے چاہییں جہاں لوگوں کو احساس ہو کہ سب کچھ ایک فرد واحد کے ہاتھ میں نہیں ہے بلکہ وہ نچلی سطح پر جہاں جائیں گے تو ان کے کام ہو سکیں گے۔‘

نریندر مودی کا ’من کی بات‘ پروگرام

صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک انڈیا میں بھی عوامی رابطہ مہم کے لیے انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کیے جانے والے سلسلے کو ‘من کی بات’ کا نام دیا گیا ہے۔

اس پروگرام میں وہ مختلف علاقوں میں لوگوں سے ٹیلی فون کے ذریعے بات کرتے ہیں اور لوگوں کی شکایات سنتے ہیں۔ اس پروگرام میں مختلف علاقوں میں لوگ بیٹھ کر ان کی باتیں سنتے ہیں جس کے دوران وزیر اعظم پورے ایک مہینے کے واقعات کا احاطہ کرتے ہیں۔ جنوری کے مینے کا پروگرام گذشتہ روز ہوا تھا جس میں انھوں نے مختلف واقعات پر اپنا مؤقف بیان کیا ہے۔

اس میں کووڈ 19 اور انڈیا کے ویکسین پروگرام کے علاوہ دیگر موضوعات پر بات ہوئی۔ تاہم من کی بات میں سوالوں کے جواب نہیں دیے جاتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp