’بلاول نے جس انداز میں عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کیا شاید ان کے اپنے ترجمان بھی نہ کر پاتے‘


پاکستانی سیاست میں ایک طرف تو صورتحال یہ ہے کہ اگلے لمحے کا علم نہیں، کب کس بڑے فیصلے کا اعلان ہو جائے۔ اس تیزی سے بدلتی صورتحال میں سیاست دان ایک دوسرے پر الزامات بھی عائد کر رہے ہیں اور سخت زبان کا استعمال بھی معمول بن گیا ہے۔

تاہم ایسے میں ایک ایسے ملک سے قدرے خوش آئند خبر آئی ہے جو گذشتہ چند ماہ سے خاصی تنقید کی زد میں تھا۔ پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج کل امریکہ کے اہم دورے پر ہیں جہاں دونوں ممالک کے تعلقات میں موجود سرد مہری کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایسے میں بلاول بھٹو سے جہاں دورے کے دوران ان کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کی اقوامِ متحدہ کی تقریر کا بازگشت سنی جاتی رہی وہیں ان سے ان کی والدہ بینظیر بھٹو سے متعلق بھی سوال پوچھے گئے۔

تاہم سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے دورہ روس سے متعلق سوال کا جواب ان کے اس دورے کا سب سے نمایاں پہلو بن گیا ہے۔

نیویارک میں جب بلاول سے ایک پریس بریفنگ کے دوران پوچھا گیا کہ عمران خان کی جانب سے دورہ روس کے باعث یورپ اور امریکہ میں خاصی مایوسی پائی جاتی ہے تو آپ اس سے کیسے نبرد آزما ہوں گے۔

اس پر بلاول نے کہا کہ ’میں سابق وزیرِ اعظم کے دورہ روس کا دفاع کروں گا۔ انھوں نے یہ دورہ اپنی خارجہ پالیسی کے حساب سے کیا۔ کسی کی بھی چھٹی حس اتنی اچھی نہیں ہوتی، ہمیں کسی بھی صورت میں اس بارے میں علم نہیں ہو سکتا تھا کہ یہ وہ وقت ہو گا جب موجود (روس یوکرین) تنازع شروع ہونے جا رہا تھا۔

’میرے نزدیک پاکستان کو اس معصومانہ اقدام پر سزا دینا غیر منصفانہ ہو گا۔‘

https://twitter.com/MediaCellPPP/status/1527401668916256770?s=20&t=1amzugXD4QBpahSJq32EPw

بعد میں ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ’جب میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے کام کرتا ہوں تو میں صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایتیوں کی نمائندگی ہی نہیں کر رہا ہوتا بلکہ پورے پاکستان کے عوام کی نمائندگی کر رہا ہوتا ہوں۔’

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے رواں برس فروری کے اواخر میں روس کا دورہ کیا تھا جسے سفارتی اعتبار سے نہایت اہم سمجھا جا رہا تھا۔ تاہم ان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات ایک ایسے موقع پر ہوئی جب روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کیا جا چکا تھا۔

تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے اور عمران خان کے وزیرِ اعظم کے عہدے سے ہٹنے کے بعد سے عمران خان کی جانب سے بارہا اس دورے کا ذکر کیا جاتا رہا ہے اور ان کی جانب سے کئی دعوے بھی سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک بھی ہے کہ انھیں مبینہ طور پر امریکہ کی جانب سے روس کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی ’سزا‘ دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر بلاول کو عمران خان کے بیان کا دفاع کرنے پر خاصی پذیرائی مل رہی ہے اور اکثر افراد سابقہ وزیرِ اعظم عمران خان کے بیرونِ ملک دوروں کے دوران دیے گئے بیانات کا حوالہ بھی دے رہے ہیں۔

’ماضی کا الزامات کی بات کی جائے تو امریکہ کو بھی بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا’

امریکہ کے دورے پر جانے کے بعد سے یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بلاول بھٹو کو کسی نے کسی انداز میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے کسی بیان یا اقدام کا دفاع کرنا پڑا ہو۔

اس سے قبل معروف امریکی صحافی کرسٹیان امان پور نے جب ان سے عمران خان کے افغانستان کے بارے میں اس بیان میں پوچھا جس میں انھوں نے طالبان کے افغانستان پر قبضے کو ‘غلامی کی زنجیریں توڑنے’ سے تشبیہ دی تھی تو بلاول نے عمران خان پر تنقید کرنے کی بجائے کہا کہ ’ہماری توجہ مستقبل پر ہے، کیونکہ اگر ہم ماضی کا الزامات کے بارے میں بات کی جائے تو امریکہ کو بھی بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔’

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر صارفین، تجزیہ کار اور صحافی ’بڑا پن‘ دکھانے پر ان کی تعریف کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ شاید عمران خان ان کی جگہ ہوتے تو ایسا نہ کرتے۔

صارف خرم قریشی نے کہا کہ آپ اپنے ملک کی نمائندگی اس طرح کرتے ہیں۔ وکیل پنسوٹا کا کہنا تھا کہ ’اپنے حریف کے اقدام کا دفاع کرنے کے لیے بڑا پن اور ہمت چاہیے ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو کے اس اقدام کی تمام افراد کی جانب سے تعریف کرنی چاہیے۔

’سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن اس وقت وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور پاکستان سے کوئی بھی اور کچھ بھی پہلے نہیں آ سکتا۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ اگر آپ سفارت کاری کے بارے میں کچھ سیکھنا ہے تو آپ بلاول بھٹو سے سیکھ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بلاول بھٹو زرداری: پاکستان کا دوسرا بھٹو وزیر خارجہ

بلاول بھٹو زرداری کو وزارتِ خارجہ میں کن چیلنجز کا سامنا ہوگا؟

عمران کے ساتھ جو ہو رہا ہے کیا یہ وہی بھٹو والا سکرپٹ ہے؟

پاکستان یوکرین اور روس کے معاملے میں ’نیوٹرل‘ کیوں

اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ ’بلاول نے عمران خان کی خارجہ پالیسی کا دفاع کیا جو انھیں کرنا چاہیے۔ لیکن ساتھ ہی اپنے والد کی حکومت کے دوران ہونے والے ریکارڈ ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والوں سے اظہارِ افسوس تو کیا لیکن اس دوران اپنے والد آصف زرداری کا ذکر نہیں کیا۔‘

صحافی خاور گھمن کا کہنا تھا کہ ’سابق وزیرِ اعظم عمران خان بڑے پیمانے پر غور و خوض کرنے کے بعد روس گئے اور یہ وزارتِ خارجہ کے سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہے جس کے بلاول اس وقت وزیر ہیں۔ تو وہ کیسے اس بات کو نفی کر سکتے تھے۔‘

ایک صارف نے یہ بھی لکھا کہ ‘بلاول نے جس انداز میں عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کیا شاید ان کے اپنے ترجمان بھی نہ کر پاتے۔‘

تاہم پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی بلاول کی جانب سے پاکستان کو ’سزا‘ دینے کی بات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کا مؤقف بھی بالکل یہی ہے کہ پاکستان کو روس کے ساتھ روابط کی سزا دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ جب سنہ 2019 میں عمران خان دورہ امریکہ پر گئے تھے تو وہاں پارک ون ارینا میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم یہ تقریر انھوں نے امریکہ میں موجود اپنے حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments