جنرل پرویز مشرف مالک یوم الدین کے روبرو حاضر ہو گئے


جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف مالک یوم ایدین کی عدالت میں پیش ہو گے۔ ان کا جسد خاکی دبئی سے پاکستان لایا گیا اور کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔ پاکستانی عدالتوں میں پیش ہونے میں اپنی توہین سمجھنے والے سابق صدر اپنے سابقہ ادارے مسلح افواج کی آشیر باد سے بیرون ملک دبئی میں جا بسے تھے اور خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر رکھی تھی، وہ تقریباً آٹھ سال متحدہ عرب امارات میں مقیم رہے بالآخر پانچ فروری یوم کشمیر کے دن وہ خدا کی عدالت میں پیش ہو گے۔

ان کے اقتدار کے 20 برس بعد ان کی غیر موجودگی میں عدالت نے انھیں آئین سے بغاوت کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی۔ ان کی زندگی گزشتہ دو دہائیوں میں کن اتار چڑھاؤ کا شکار رہی

صدر جنرل (ر) پرویز مشرف خود ساختہ جلا وطنی اور طویل بیماری سے نبردآزما رہنے کے بعد آج دبئی میں وفات پا گئے ہیں۔ ان کی عمر لگ بھگ 79 برس تھی۔

سابق صدر پرویز مشرف اپنے مخالفین پر سرزمین پاکستان کے دروازے بند کر کے تسکین قلب محسوس کرتے تھے۔ انہوں نے دو سابق وزرائے اعظم میاں محمد نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو کو جلاوطنی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔ بعد میں حالات کے جبر نے انہیں محترمہ بے نظیر بھٹو کے پاؤں چھوئے اور ان سے مدد طلب کی جس کے نتیجہ میں بے نظیر بھٹو وطن واپس آئیں لیکن انہیں سانس لینے کی مہلت نہ دی گئی اور قتل کر دیا گیا۔

ان کی دیار غیر میں بیماری کی حالت میں وفات پر حکومتی اور حزب اختلاف نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اللہ سے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔ مسلح افواج کی جانب سے پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی فوج کے جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے جنرل (ر) پرویز مشرف کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی جانب سے سابق آمر ‏ ”پرویز مشرف کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا جائز حق ہے۔ پاکستان کے جس لیڈر نے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہا، مارا گیا۔ یہ داخلی معاشی اجارے کی لڑائی ہے۔ محبوبہ مفتی کو یہ بھی بتانا چاہیے تھا کہ فروری 1999 میں اعلان لاہور کو کس نے اپنے بغل بچوں کے ذریعے سبوتاژ کیا؟“

بتایا جاتا ہے کہ سابق ’فوجی صدر ایمیلوئیڈوسس نامی بیماری میں مبتلا تھے۔ اس بیماری میں جسم میں پروٹین کے مالیکیول ناکارہ ہو جاتے ہیں اور مریض کے اعضائے رئیسہ متاثر ہوتے ہیں۔ ‘ اکثر افراد میں اس بیماری کے بعد ایمیلوئیڈ پروٹین گردے میں بننا شروع ہو جاتے ہیں جس سے کڈنی فیلیئر کا خطرہ ہوتا ہے۔ ایمیلوئیڈ پروٹین اگر دل میں بننا شروع ہوجائیں تو اس سے پٹھے سخت ہوسکتے ہیں اور جسم میں خون کی گردش متاثر ہوتی ہے۔

’این ایچ ایس کے مطابق ایمیلوئیڈوسس کا کوئی علاج نہیں اور ان پروٹینز کو براہ راست نکالا نہیں جا سکتا مگر ایسے طبی طریقے موجود ہیں جن میں علامات کا علاج کیا جاتا ہے یا ان پروٹینز کو جسم میں بڑھنے سے روکا جاتا ہے۔ ‘

ریاستی طاقت کو اپنی طاقت ظاہر کرنے اور اپنی عوام کو مکا دکھانے والے سابق آمر اندر سے اس قدر کمزور اور بزدل نکلے کہ اقتدار سے محروم ہوتے ہی اپنے ادارے کے پیچھے چھپنے لگے اور اپنے ادارے کی مدد سے دبئی پہنچ کر سکھ کا سانس لیا اور جس آئین اور قانون کو اپنے پاؤں کی جوتی سمجھتے تھے اس کا سامنا کرنے کی ہمت نہ ہوئی۔

جنرل ریٹائرڈ کو اپنے پیٹی بند آمروں جنرل ایوب خاں، جنرل یحیی خان اور جنرل ضیا ء الحق پر برتری حاصل رہی۔ ان سب نے ملکی دستور کو ایک ایک بار اپنے بھاری بوٹوں تلے روندا جبکہ پرویز مشرف دو بار آئین شکنی کے مرتکب ہوئے۔

انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے دو منتخب وزرائے اعظم میاں محمد نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو کو جلاوطن کیا، اس کے علاوہ انہوں نے عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق گورنر و وزیر اعلی بلوچستان نواب محمد اکبر بگٹی کو شہید کروایا۔ پاکستان کی اعلی عدلیہ کے ججز پابند سلاسل کیا۔

انہوں اپنے نو سالہ دور اقتدار میں کچھ اچھے اقدامات بھی کیے جن میں نجی الیکٹرانک میڈیا کو کام کرنے کی اجازت دینا اور دیگر لیکن ان کے اچھے کام بھی ان کے برے فیصلوں کے نیچے دب گئے۔

اقتدار حاصل کرتے ہی انہوں واشنگٹن سے آنے والی کال کے سامنے خود کو ڈھیر کر کے پاکستان کو دہشتگردوں کے حوالے کر دیا جس کے نتائج پاکستان کے عوام آج تک بھگت رہے ہیں۔

مرحوم صدر نے اپنے پیٹی بند آمر کی پیروی کرتے ہوئے غیر جماعتی انتخابات کروانے کی بجائے جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرائے۔ انہوں نیب نے ادارے کو مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کو توڑنے کے لیے استعمال کیا۔

ہماری مشرقی اور مسلم روایات کے تحت مرنے والے کے لیے اچھے خیالات کا اظہار کیا جاتا ہے اور اس کے لیے دعا کی جاتی ہے۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے لیے اگلی منزلیں آسان بنائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments