’ہم تین آرام کر رہے ہیں، اب سب چُپ ہو جائیں‘: بابر کی کپتانی ’خطرے میں نہیں‘ مگر شاہین کے پیغام پر تبصرے


پاکستان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل فارمیٹ کپتان بابر اعظم کو آرام دے کر شاداب خان کو افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

24 مارچ کو شروع ہونے والی یہ سیریز شارجہ میں کھیلی جائے گی اور 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں سے قبل اس کے لیے پاکستان نے اپنے اہم کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد رضوان کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی نے جہاں آصف علی، حیدر علی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو سکواڈ سے ڈراپ کیا ہے وہیں کچھ نئے کھلاڑی پی ایس ایل میں نمایاں کارکردگی کے بعد سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ ان میں فاسٹ بولر احسان اللہ اور زمان خان شامل ہیں جنھوں نے اب تک اس ٹی ٹوئنٹی لیگ میں اپنی تیز رفتار بولنگ سے شائقین کو متاثر کیا ہے۔

ان کے ساتھ ساتھ بلے باز صائم ایوب اور طیب طاہر کا بھی انتخاب کیا گیا ہے جنھوں نے پی ایس ایل میں اپنی ٹیموں کی بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط بنایا ہے۔

دریں اثنا عبد االلہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف اور عماد وسیم کو دوبارہ سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

پاکستان اعظم خان کی دستک سن پائے گا؟

صائم ایوب کی ’نو لُک شاٹ‘ کی دھوم: ’بابر کو نوجوان بلے بازوں پر اعتماد ہے‘

https://twitter.com/cricketpakcompk/status/1635229877094981633

’کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ بابر کا اپنا ہو گا‘

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گذشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’یہ تشویش پائی جاتی تھی کہ سینیئر کھلاڑیوں کے انجری کے مسائل ہیں، انھیں آرام دینا چاہیے۔۔۔ تین میچوں کی اس سیریز میں ہم سینیئرز کو آرام دیں گے اور نوجوانوں کو موقع دیں گے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’کچھ میڈیا والوں نے سازش شروع کر دی کہ شاید کپتانی کے بارے میں سازش ہو رہی ہے۔۔۔ ایسی کوئی صورتحال نہیں۔ میں نے تمام ٹاپ کھلاڑیوں سے بات کی ہے۔‘

’میں نے بابر اعظم، رضوان، شاہین، حارث اور فخر سے بات کر لی ہے، سارے خوش ہیں۔ ہمارے کپتان بابر اعظم کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جس دن بابر اعظم کہے گا میں نے کپتانی چھوڑنی ہے، دو (فارمیٹ میں) رکھنی ہے یا صرف ایک میں رکھنی ہے، تو یہ بابر کا فیصلہ ہو گا۔‘

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’میں بابر کی بڑی عزت کرتا ہوں۔ وہ ہمارا سٹار ہے۔ مجھے خوشی ہے انھوں نے اس کی حمایت کی۔‘

انھوں نے واضح کیا کہ سینیئر کھلاڑیوں کو ریسٹ اور نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ ’یہ میرا فیصلہ ہے کہ (بابر کی غیر موجودگی میں) شاداب کپتان ہوں گے۔۔۔ اس کا حق بنتا ہے۔‘

https://twitter.com/grassrootscric/status/1635237512418562049

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے افغان بورڈ کے حکام سے بات کی ہے کہ ’کیا گارنٹی ہے کہ آپ کے کھلاڑیوں اور کراؤڈ کو کون سنبھالے گا، ماضی کے تجربات اتنے اچھے نہیں رہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ یہ یقینی بنائے گی کہ پاکستان اور افغانستان کے شائقین ایک جگہ نہ بیٹھیں۔ ان کو الگ رکھا جائے گا۔‘

’شارجہ میں کڑی سکیورٹی ہو گی کہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہو۔۔۔ جہاں تک کھلاڑیوں کی بات ہے تو میں ان سے (افغان بورڈ) سے بات کی ہے کہ آپ پلیز سمجھا لیں، ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔ ہمیں تو ہار جیت کا بہت تجربہ ہے۔۔۔ مگر آپ نئے نئے آئے ہیں تو ذرا خیال رکھیے گا۔‘

https://twitter.com/kashafudduja_/status/1635001763714715648

شاداب کو کپتانی ملنے پر کوئی خوش تو کوئی ناراض

پی سی بی کے اس اعلان سے قبل اور اب بھی سوشل میڈیا پر ایسے تبصرے کیے جا رہے ہیں کہ بابر اعظم سمیت سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دیا جا رہا ہے یا پھر انھیں ڈراپ کر کے مستقبل کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر شاداب خان کو کپتان بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ’پی سی بی نے سینئیر کھلاڑیوں کو آرام دے کر اچھا فیصلہ کیا ہے۔ شاداب جیسے نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اب یہ بہترین موقع ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ فیلڈ پر خود کو منوا سکیں گے۔‘

https://twitter.com/mahhwords/status/1635111385964347393

اسی دوران شاہین شاہ آفریدی نے ٹوئٹر پر پاکستانی پرچم کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ خود ہیں اور ان کے ساتھ بابر اور رضوان کھڑے ہیں۔

بعض لوگوں نے اس پر تبصرہ کیا ہے کہ بظاہر شاہین کچھ نہ کہہ کر بھی کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ زوحہ کے مطابق شاہین کہنا چاہتے ہیں کہ ’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘ تو ابن رافع کا کہنا ہے کہ ’یہ کوئی خفیہ پیغام ہے۔‘

مگر کنزا کہتی ہیں کہ شاہین کا صرف یہ مطلب تھا کہ ’ہم تین آرام کر رہے ہیں۔ اب سب چُپ ہو جائیں۔‘ ارسلان کہتے ہیں کہ شاہین یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ’سازشی سازشیں کرتے رہ جائیں گے شاہین شاہ آفریدی نے بتا دیا ہے کہ تمام لڑکے ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔‘

https://twitter.com/cricrants/status/1635276242177114113

اس سے قبل سابق پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا جس میں ان کی رائے تھی کہ اہم کھلاڑیوں کو کپتانی کی دوڑ میں ایک دوسرے سے لڑانے سے ماحول خراب ہو گا۔

انھوں نے کہا ’بابر، شاداب اور شاہین کو کپتانی کے معاملے پر ایک دوسرے سے لڑایا گیا تو نہ صرف ماحول متاثر ہو گا بلکہ بابر کی قیادت میں وائٹ بال کی کارکردگی خراب ہو گی۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’مہربانی کر کے تاریخ سے سیکھیں کیونکہ 90 کی دہائی میں اسی طرح پاکستانی کرکٹ تباہ ہوئی تھی۔‘

اس پر صارف ارفا فیروز نے تبصرہ کیا کہ ’شاہین بابر اور رضوان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور پی سی بی کے اندر اور بابر مافیا کو ’سوچنا بھی منع ہے‘ کا واضح پیغام ہے۔‘

https://twitter.com/iramizraja/status/1634863758580531200

وہیں متعدد صارفین کی رائے تھی کہ بابر کو کپتان رہنا چاہیے تھا۔ جیسے افراح کہتی ہیں کہ ’انھیں ورلڈ کپ تک تمام فارمیٹس میں کپتان رہنا چاہیے۔۔۔ اصل تنازع ٹی ٹوئنٹی کا ہے۔‘

تاہم سمرہ نے کہا ’میں ٹیم کو پھر بھی سپورٹ کروں گی اگر بابر کی عدم موجودگی میں شاداب کپتان ہوں۔ دوسرے کھلاڑی بھی ہمارے کھلاڑی ہیں۔‘

صحافی شعیب جٹ نے طنز کیا کہ ’کچھ عرصہ پہلے بتایا تھا کہ روٹی گینگ کو توڑا گیا اور اسے دوبارہ ٹیم میں فٹ نہ ہونے دیا گیا۔ اب روٹی گینگ کی واپسی ہو رہی ہے۔ روک سکو تو روک لو۔‘

گذشتہ روز سما نیوز کے ایک شو میں جب شاہد آفریدی سے پوچھا گیا کہ کیا اس میں کوئی حقیقت ہے کہ وہ ’شاہین کی کپتانی کے لیے لابینگ کر رہے ہیں‘ تو انھوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’میرا کرکٹ بورڈ سے کوئی تعلق نہیں۔ میں تو شاہین کو پی ایس ایل میں بھی کپتانی کرنے سے منع کر رہا تھا۔‘

ادھر کشف نامی صارف کہتی ہیں کہ شاہین اپنے خلاف مہم سے کہیں بڑے کھلاڑی ہیں اور بابر نے ٹیم کو ایک یونٹ بنایا ہے۔ ’امید ہے ایسا ہی رہے گا۔‘

اپنی پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ شاہین سے کپتانی پر ان کی ’کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔۔۔ میں نے یہ ضرور بات کی تھی کہ حکمت عملی کیا ہونی چاہیے۔ اس پر اتفاق تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔ میں دیکھ رہا تھا اور افسوس ہو رہا تھا کہ لوگ بات کر رہے ہیں کون بابر بیٹھے گا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments