پاکستان میں جمہوریت کی ناکامی کی وجوہات کو سمجھنے کے لیے ملک کے سیاسی پس منظر کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ پیچیدہ اور نشیب و فراز سے بھرپور ہے، جس میں کئی عوامل جمہوری نظام کی کمزوری کا باعث بنے ہیں۔

قیامِ پاکستان کے بعد ملک کو شدید سیاسی اور انتظامی چیلنجز کا سامنا تھا۔ قائداعظم محمد علی جناح کی وفات ( 1948 ) اور لیاقت علی خان کی شہادت ( 1951 ) کے بعد قیادت کا فقدان پیدا ہوا۔ سیاسی جماعتیں کمزور تھیں، اور فیصلہ سازی چند اشرافیہ تک محدود رہی۔ 1956میں پہلا آئین بنایا گیا، لیکن اس پر عمل نہ ہو سکا، اور 1958 میں پہلا مارشل لا نافذ کر دیا گیا۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جمہوریت اپنی ابتدائی شکل میں ہی غیر مستحکم ہو گئی، اور فوجی مداخلت کا راستہ کھلا۔

ایوب خان نے مارشل لا نافذ کر کے آئین کو معطل کیا اور ”بنیادی جمہوریت“ کا نظام متعارف کرایا۔ یہ نظام عوامی شمولیت کے بجائے اقتدار پر قابض رہنے کا ذریعہ تھا۔ 1962کا آئین ایک صدارتی نظام تھا، جو طاقت کو مرکزیت دیتا تھا اور جمہوری اصولوں سے متصادم تھا۔ اس کے نتیجے میں مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی نا انصافیوں نے ملک کو مزید تقسیم کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ایوب خان کا دور جمہوریت کے بجائے ایک مضبوط صدارتی نظام اور بیوروکریسی و فوج کی بالادستی کا دور تھا۔

ایوب خان کی استعفیٰ کے بعد یحییٰ خان نے اقتدار سنبھالا اور 1970 کے انتخابات کروائے، جو ملک کی تاریخ کے پہلے آزادانہ انتخابات تھے۔ جس میں عوامی لیگ نے مشرقی پاکستان میں اکثریت حاصل کی، لیکن اقتدار کی منتقلی نہ ہونے سے سیاسی بحران پیدا ہوا۔ نتیجتاً، 1971 میں مشرقی پاکستان الگ ہو کر بنگلہ دیش بن گیا۔ یہ واقعہ جمہوری عمل کی ناکامی کی ایک بڑی مثال ہے، جہاں اکثریتی عوام کی رائے کو نظر انداز کیا گیا۔ اس کے بعد ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین متعارف کرایا، جو ایک پارلیمانی نظام تھا۔

تاہم، بھٹو کے دور میں اپوزیشن کو دبانے اور طاقت کے غلط استعمال کے الزامات لگے۔ اسی لیے یہ دور بھی سیاسی عدم و استحکام کا دور تھا اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے بھٹو کے خلاف تحریک شروع کی جس کے نتیجے میں جلد انتخابات میں جانا پڑا۔ 1977کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد سیاسی بحران پیدا ہوا، اور جنرل ضیاء الحق نے مارشل لا نافذ کر دیا۔

یہ بات بھی ایک حقیقت ہے کہ بھٹو کے دور میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن سیاسی مخالفین کو دبانے کی پالیسی نے جمہوری نظام کو نقصان پہنچایا۔ اسی تناظر میں ضیاء الحق نے جمہوریت کے بجائے اسلامائزیشن کو فروغ دیا اور سیاسی جماعتوں پر پابندی لگا دی۔

1985 میں غیر جماعتی انتخابات کروائے گئے، جنہوں نے جمہوریت کو مزید کمزور کیا۔ یہ دور سیاسی اور معاشرتی تقسیم کا باعث بنا۔

ضیاء کا دور جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوا، کیونکہ ادارے کمزور اور مذہبی انتہا پسندی کو فروغ ملا۔ اور اسی مذہبی انتہا پسندی نے ضیاءالحق کی جان لے لی۔ ضیاء کی موت کے بعد جمہوری عمل بحال ہوا، لیکن یہ مسلسل سیاسی کشمکش کا شکار رہا۔ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے ادوار میں کرپشن، اقربا پروری، اور سیاسی عدم استحکام عام رہے۔ جس کے نتیجے میں پرویز مشرف نے 1999میں مارشل لا نافذ کر دیا۔ جس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ جمہوری حکومتیں عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہیں، جس سے فوجی نے اس ملک کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے مارشل لا کا جواز پیدا کیا۔

پرویز مشرف نے جمہوریت کی بحالی کے نام پر اقتدار پر قبضہ کیا، لیکن طاقت اپنے ہاتھ میں رکھی۔ جس کے لیے 2002 کے انتخابات کروائے گئے، لیکن یہ انتخابات مکمل طور پر آزادانہ نہیں تھے۔ کیونکہ یہ دور ایک نیم جمہوری نظام تھا، جہاں طاقت کا مرکز فوج رہی۔ 2002کے بعد پاکستان میں جمہوری حکومتیں آئیں، اور اقتدار کی پُرامن منتقلی ہوئی۔ تاہم، کرپشن، گورننس کے مسائل، اور اداروں کی کمزوری نے جمہوریت کو مستحکم نہ ہونے دیا۔ 2018میں تحریک انصاف کی حکومت بھی متنازع انتخابات اور سیاسی عدم استحکام کی شکار رہی۔ جمہوریت کا تسلسل موجود رہا، لیکن مسائل جوں کے توں رہے، اور عوامی اعتماد بحال نہ ہو سکا۔

پاکستان کی تاریخ میں فوج نے بارہا جمہوری حکومتوں کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا۔ ایوب خان، یحییٰ خان، ضیاء الحق، اور پرویز مشرف کے مارشل لا ادوار نے جمہوریت کو شدید نقصان پہنچایا اور سول اداروں کو کمزور کیا۔ رہی سہی کسر سیاسی جماعتیں نے پوری کر دی عوامی مفادات کو نظرانداز کرتی رہیں اور ذاتی یا خاندانی مفادات کو ترجیح دیتی رہیں۔ کرپشن، اقربا پروری، اور بدانتظامی نے جمہوری نظام پر عوامی اعتماد کو کمزور کیا۔ عدلیہ نے اکثر اوقات فوجی حکومتوں کی توثیق کی اور نظریہ ضرورت کے تحت غیر آئینی اقدامات کو قانونی حیثیت دی۔ اس عمل نے جمہوریت کو مزید کمزور کیا۔

غربت، ناخواندگی، اور عدم مساوات جیسے مسائل نے عوام کو جمہوری نظام کے فوائد سے محروم رکھا۔ ان مسائل کو حل کرنے میں ناکامی نے جمہوری حکومتوں کی مقبولیت کو متاثر کیا۔

مذہب کو اکثر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، جس نے سیاسی نظام میں مزید تقسیم پیدا کی اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ میڈیا کا کردار بعض اوقات غیر ذمہ دارانہ رہا، جس نے سیاسی بحرانوں کو بڑھاوا دیا۔ تاہم، آزاد میڈیا نے بھی جمہوریت کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان میں جمہوریت کی ناکامی کئی داخلی اور خارجی عوامل کا نتیجہ ہے۔ مستقل سیاسی مداخلت، غیر مستحکم ادارے، اور غیر معیاری قیادت نے جمہوری نظام کو پنپنے نہیں دیا۔ جمہوریت کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ اداروں کو مضبوط بنایا جائے، آئین کی پاسداری کی جائے، اور عوام کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے۔ جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ریاستی ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کریں، عوام کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے، اور شفافیت کو فروغ دیا جائے۔ تاریخی غلطیوں سے سیکھ کر ہی پاکستان میں جمہوریت کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔