اناطولیہ کہانی: یشار کمال کا مزاحمتی استعارہ اور دیہی انسان کی ازلی تڑپ


اناطولیہ کہانی کو ترکی کے جنوبی علاقے چکروا کے تناظر میں تحریر کیا گیا ہے۔ اس ناول کو نہ صرف ترکی کے ادب کا ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ظلم کے خلاف مزاحمت اور کسانوں کی جدوجہد کی ایک علامتی داستان ہے۔ پہلی بار یہ ناول 1955 میں ترکیہ زبان میں شائع ہوا۔ انگریزی میں اس کا ترجمہ 1961 میں ایڈوارد رودیتی نے کیا جب کہ اسے اردو میں ڈھالنے کے فرائض نسرین انجم بھٹی نے ادا کیے اور اسے 2014 میں لاہور سے چھاپا گیا۔

ترکی کے ادبی منظرنامہ میں یشار کمال کا نام ان چند اشخاص میں شامل ہے جنہوں نے اپنے قلم کو مظلوموں کی آواز بنایا۔ وہ 1922 میں جنوبی ترکی کے صوبہ عثمانیہ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ ان کے خاندان کا تعلق کرد نسل سے تھا جو وان میں آباد تھے۔ جنگ عظیم اول میں وہ چکروا منتقل ہو گئے۔ بچپن میں ہی ایک حادثے میں وہ ایک آنکھ سے محروم ہو گئے۔ جب پانچ برس کے تھے تو ان کے والد کو مسجد میں نماز پڑھتے ہوئے قتل کر دیا گیا۔ اس حادثے کی وجہ سے جب بارہ سال کی عمر کو پہنچے تو ان کی گویائی بھی متاثر ہوئی۔ زیرنظر ناول ان کا بہترین کام ہے جس نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔ انہیں ان کی ادبی خدمات کی وجہ سے نوبل انعام کے لیے بھی نامزد کیا جا چکا ہے۔ وہ بائیں بازو کی ورکر پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے رُکن بھی رہے جس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اپنے سیاسی نظریات اور سرگرمیوں کی وجہ سے وہ بیس ماہ تک جیل میں قید بھی رہے۔

ناول کا پلاٹ ترکی کے جنوبی علاقے چکروا کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے گرد گھومتا ہے، جہاں عابدی آغا نامی ایک جاگیردار کی حکمرانی ہے جو پانچ گاؤں کا مالک ہے۔ اس کی حکمرانی محض زمینوں تک محدود نہیں بلکہ وہ انسانی سانسوں پر بھی قبضہ جمائے ہوئے ہے۔ اس گاؤں کا ایک دبلا، پتلا اور ناتواں نوجوان محمت ظلم کے اس جال سے باہر نکلنے کی کوشش میں نامور ڈاکو بن جاتا ہے۔ اس بغاوت کی قیمت وہ اپنی ماں دونیا اور محبوبہ ہاچے کی موت کی صورت میں ادا کرتا ہے۔ وہ پہاڑوں میں منتقل ہو جاتا ہے اور جاگیرداروں کے مقابلے میں غریبوں کی مدد کرتا ہے اور بہت جلد ایک ڈاکو سے عوامی ہیرو بن جاتا ہے۔ وہ نہ صرف عابدی آغا سے بدلہ لیتا ہے بلکہ عام دیہاتیوں کے لیے امید اور آزادی کا استعارہ بھی بن جاتا ہے۔

اگر کردار نگاری کی بات کی جائے تو یشار کمال نے کردار تخلیق کرتے ہوئے روایات، حقیقت اور علامات کا جو خوب صورت توازن برتا ہے وہ قاری کو فکری محویت میں لے جاتا ہے۔ محمت صرف ایک انفرادی و مزاحمتی کردار نہیں بلکہ وہ اجتماعی شعور اور بے داری کی علامت ہے۔ عابدی آغا ظلم کا مجسم روپ ہے مگر وہ بھی ایک پیچیدہ کردار ہے جو طاقتور ہے اور خوف کی علامت بھی جو روایات کی مضبوط زنجیروں سے بندھا ہوا ہے۔

مصنف نے تمام کرداروں پر خوب محنت کی ہے لیکن مجھے جن کرداروں نے متاثر کیا ہے ان میں سے ایک محمت کی ماں دونیا کا کردار ہے، دوسرا کھوجی لنگڑے علی کا ہے۔ اس کے علاوہ دو کردار محمت کے ساتھی ڈاکووں، سارجنٹ رجب اور جبار کے ہیں۔ ایک کردار اعراز کا ہے جو ہاچے کے ساتھ قید میں رہتی ہے مگر جب دونوں پولیس کی قید سے فرار ہو جاتی ہیں تو اعراز بھی محمت اور ہاچے کا ہر طرح سے ساتھ نبھاتی ہے

یشار کمال کے اسلوب کی سب سے بڑی خوبی ان کی بیانیہ قوت اور متحرک منظر نگاری ہے۔ اس میں ترکی کے دیہات کے فطری مناظر، موسمی حالات، فصلوں کی خوشبو اور کسانوں کی دشوار زندگی کو اس شدت سے پیش کیا گیا ہے کہ قاری خود کو اس ماحول میں سانس لیتا ہوا محسوس کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے فکشن میں لوگ روایات اور سماجی حقیقت نگاری کا امتزاج بھی پایا جاتا ہے۔ یشار کمال نے عوامی کہانیوں، دیہی استعاروں اور مقامی تشبیہات کو مہارت کے ساتھ استعمال کیا ہے جو قاری کو دیہات کی زبان، سوچ اور جذبات سے اہم آہنگ کرتا ہے۔

اناطولیہ کہانی متنوع موضوعات کا حامل ایک ایسا ادبی شاہکار ہے جو نہ صرف ترکی کے دیہات کے سماجی جبر کو بے نقاب کرتا ہے بل کہ انسان کی ازلی تڑپ، آزادی کی خواہش اور فطرت سے اس کے گہرے تعلق کو بھی ایک علامتی پیرائے میں بیان کرتا ہے۔ اس ناول کا مرکزی موضوع ظلم و استحصال کے خلاف مزاحمت ہے، جہاں ایک غریب نوجوان طبقاتی جبر کے سامنے کھڑا ہو کر جاگیرداری نظام کے خلاف علامت بن جاتا ہے۔

اس جدوجہد میں وہ نہ صرف اپنی شناخت پاتا ہے بلکہ عوامی شعور کی بے داری کا سبب بھی بن جاتا ہے۔ محمت کا سفر دراصل ایک ہیرو کی ارتقائی داستان ہے، جو کمزوری سے طاقت کی جانب بڑھتا ہے اور آزادی کی تلاش میں فطرت کی آغوش میں پناہ حاصل کر لیتا ہے۔

اس میں انسانی رشتوں کی نزاکت، محبت، قربانی اور نسوانی کرداروں کی خاموش استقامت جیسے موضوعات بھی شامل ہیں۔ انصاف اور انتقام کی باریک لکیر، خون کی سیاست اور عورت کی سماجی حیثیت جیسے اہم پہلو فکری گہرائی بخشتے ہیں۔ یہ ناول نہ صرف مزاحمتی داستان ہے بلکہ ایک مکمل سماجی، نفسیاتی اور ثقافتی بیانیہ بھی ہے جو انسان کی روح کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے۔

بہرحال ناول کو سوشلسٹ ریئلزم میں بھی دیکھنا ضروری ہے۔ اس میں مارکسی نقطہ نظر کی جھلکیاں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں مگر یہ صرف نظریاتی ڈھانچے پر قائم نہیں ہیں بلکہ جذباتی صداقت سے معمور ہیں۔

Facebook Comments HS