گُم شدہ منظر


 ”آپ۔ ۔ ۔ ! “ زرینہ بری طرح چونک گئی۔

 ”اوہ، سوری۔ ۔ ۔ ! ’‘ اس نے ندامت اورپشیمانی سے کہا اور اُٹھنے لگا۔

 ” بب۔ ۔ ۔ بیٹھیے۔ ۔ ۔ بیٹھیے۔ ’‘ زرینہ نے نم آنکھیں جھپکاتے ہوئے گردن جھکا دی۔

 ” میں آپ سے کچھ باتیں کرنا چاہتا ہوں۔ ’‘ اس نے جملہ مکمل کر کے زرینہ کی طرف دیکھا، لیکن وہ بدستور گردن جھکائے خاموش بیٹھی رہی۔ اس کی خاموشی کو اثبات جواب سمجھ کر اس نے اپنی بات آگے بڑھائی :“ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنے برسوں کے بعد، آپ سے یوں اچانک ملاقات ہوجائے گی اور میں آپ سے بات کر سکوں گا۔ ’‘

 ” ہوں۔ ہاں۔ ’‘ زرینہ نے ایک لمحے کے لیے گردن اُٹھا کر اس کی طرف دیکھا۔ پھر اپنی نظریں میز کی سطح پر گاڑ دیں۔

 ”بارہ برس ایک طویل عرصہ ہوتا ہے۔ ’‘ وہ گہری سانس لے کر بولا:“ لیکن بادل سے آپ کے بارے میں باتیں ہوتی تھیں۔ وہ جب بھی آپ سے مل کر حیدرآباد سے لوٹتا تھا، آپ کی خیریت سے آگاہ کرتا تھا۔ ’‘

زرینہ نے اب کوئی جواب نہیں دیا، لیکن محسوس ہوتا تھا کہ وہ غور سے سن رہی ہے۔

 ”لیکن اس تمام عرصے میں۔ ۔ ۔ ’‘ وہ پل بھر کے لیے خاموش ہوا۔ گویا الفاظ کو کمپوزکرنے کی کوشش کر رہا ہو:“ اس تمام عرصے میں بادل نے بہت کم ذکر کیا کہ آپ نے اس سے میرے بارے میں پوچھا ہو۔ ہاں، ایک بار اس نے بتایا تھا کہ آپ میری قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے متعلق بار بار پوچھتی رہی تھیں۔ ’‘

 ” جی ہاں۔ ۔ ۔ ’زرینہ نے گردن اُٹھا کر اس کی طرف دیکھا۔

 ”آپ سے علیحدگی کے بعد بھی میں نے دس برس ملازمت کی تھی لیکن پھر تھک گیا۔ تنہائی کے ختم نہ ہونے والے اُلجھے راستے زندگی کے سفر میں تھکا دیتے ہیں۔ ’‘ اس نے ٹیبل پر کہنی ٹکا کر پیشانی پر ہاتھ رکھ دیا اور خاموش ہوگیا۔

 ”لیکن وسیع سوشل لائف کے لوگوں کا وقت تو جھرمٹوں میں گزرتا ہے۔ ’‘ زرینہ نے پہلی بار اسے گھور کر دیکھا۔

وہ بلاتاخیر زرینہ کے لہجے کی تَہ تک پہنچ گیا۔

 ” معاف کیجیے گا۔ ۔ ۔ ! شاید یہی بنیادی بات تھی جسے آپ سمجھ نہیں سکی تھیں۔ ’‘ وہ سیدھا ہو کر بیٹھ گیا:“ میں تسلیم کرتا ہوں کہ ڈاکٹر، ڈراما آرٹسٹ اور شاعر ہونے کے حوالے سے میری زندگی مصروف رہی ہے، لیکن کیا لوگ ہجوم میں تنہا نہیں ہوتے؟ تنہائی تو شیئر کرنے سے دُور ہوتی ہے۔ اور میری فطرت میں ہر ایک کے ساتھ شیئر کرنے کا جذبہ کبھی نہیں رہا۔ ’‘

 ”میں نے آپ سے کوئی وضاحت تو نہیں چاہی۔ ’‘ زرینہ نے کہا :“ اور یہ آپ کی وضاحتیں میرے کس کام کی؟ ”

 ” آپ نے میری وضاحتوں کو کبھی قبول بھی تو نہیں کیا تھا۔ میں جانتا ہوں کہ میری تمام وضاحتیں آپ کے لیے ڈیٹ ایکسپائرڈ ڈرگس کی طرح تھیں، جن کا آپ پر کوئی پازیٹو اثر نہیں ہوا تھا۔ ’‘

 ” آپ اب بھی مجھے قصور وار سمجھتے ہیں! ؟ “ زرینہ کی بھنوؤں کے درمیان، پیشانی پر ہلکی سی سلوٹ اُبھری۔ گویا درد کی کوئی لکیر جاگ اُٹھی ہو۔

وہ کوئی جواب سوچ ہی رہا تھا کہ اچانک ٹیلی فون کی گھنٹی بجنے لگی، زرینہ فون سننے کے لیے اُٹھنے لگی تو اس نے کہا : ”اگر بادل ہو تو اسے فی الحال میرے بارے میں مت بتائیے گا۔ ’‘

زرینہ بیڈ روم کی طرف چلی گئی اور وہ اُٹھ کر ڈرائنگ روم میں آگیا۔ وہ بُک شیلف کے سامنے کھڑا بادل کی تصویر دیکھتا رہا۔ دفعتاً اس کی نظر بُک شیلف میں ترتیب سے رکھی ہوئی کتابوں کے درمیان اپنی شاعری کے مجموعے پر پڑی۔ اس نے کتاب نکال کر کھول لی اور اپنی ایک غزل پڑھنے لگا۔

رات کا پچھلا پل اور شاعر

جاگتے ہیں مقتل اور شاعر

دونوں تیری تلاش میں ہیں

آوارہ بادل اور شاعر

درد تھا دونوں کا اک جیسا

ایک ہی تھی کوئل اور شاعر

آدھی رات تک جاگتے ہیں

شہر کا ایک ہوٹل اور شاعر

پائل کی آواز آتی ہے

چاندنی، جنگل اور شاعر

اس نے مزید پڑھے بغیر کتاب بند کرکے واپس شیلف میں رکھ دی۔ اس نے اپنے اندر گھٹن سی محسو س کی توآگے بڑھ کر کھڑکی کھول دی۔ سرد ہوا کا ایک جھونکا اس کے جسم سے ٹکرایا۔ وہ نیچے سڑک پر ایک دوسرے کے پیچھے دوڑنے والی گاڑیوں کو دیکھنے لگا۔ اس کے وجود میں پھیلنے والا حبس کم ہونے کے بجائے بڑھنے لگا۔ آہستہ آہستہ اس کے سامنے والا منظر دُھندلانے لگا۔ دُھند کے درمیان بارہ برس پہلے کا منظر اُبھرنے لگا، جب اس نے زرینہ کو طلاق دی تھی۔

 ” میں نے آپ سے کہا تھا کہ اب میں ایک دن بھی آپ کے ساتھ رہنا پسند نہیں کرتی۔ ’‘ وہ جیسے ہی گھر میں داخل ہوا، اس نے زرینہ کا غصّے سے سرخ چہرہ دیکھا تھا۔ اس نے کوئی جواب نہیں دیا تھا۔

 ” اگر آپ نے مجھے آج ہی آزاد نہ کیا تو میں اپنے آپ کو مار دوں گی، خودکشی کرلوں گی میں۔ ’‘ زرینہ نے سخت لہجے میں کہا تھا۔

اس کے جسم میں سنسناہٹ سی دوڑ گئی تھی۔ اسے معلوم تھا کہ زرینہ جو کچھ کہتی تھی، اس پر عمل بھی کر کے دکھاتی تھی۔ ان کے درمیان ہلکے پھلکے جھگڑے تو اکثر ہوتے رہتے تھے۔ کچھ عرصے سے زرینہ اس سے بدظن بھی ہوگئی تھی، لیکن طلاق کے تقاضے کے ساتھ اس نے اتنی بڑی دھمکی اس سے پہلے کبھی نہ دی تھی۔ اسی لیے زرینہ کے اس قدر انتہا تک جانے کے بعد اس نے بھی کسی ایک فیصلے تک پہنچنے میں تاخیرنہیں کی تھی۔

وہ اگلے دن بادل سمیت زرینہ کو حیدرآباد اس کے بھائی کے گھر چھوڑ آیا تھا۔

ان کے دس سالہ بیٹے بادل کو اصل صور ت حا ل کا علم ہی نہیں تھا، لیکن ماں باپ کے درمیان ہونے والے شدید تناؤ کو اس نے محسوس ضرور کر لیا تھا۔ اس لیے ہمیشہ شرارتیں کرنے والا بادل اپنی طبیعت کے خلاف سپر ہائی وے پر دوڑنے والی کار میں مسلسل خاموش بیٹھا تھا۔ کار میں خاموشی چھائی ہوئی تھی، اس کی ماں نے پورے سفر میں ایک لفظ بھی اپنی زبان سے نہیں نکالا تھا۔ البتہ اس کا باپ کبھی کبھی اسے کچھ بول لیتا تھا۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3 4 5 6 7 8 9