مسلم لیگ نون اوورسیز کے زیر اہتمام یوم تکبیر


28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا سنگ میل ہے جب وطن عزیز نے اقوام عالم خصوصاً اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔ 1998 میں 28 مئی کے دن پاکستان نے بھارت کی جانب سے پانچ ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بلوچستان کے علاقے چاغی کے پہاڑوں میں چھ دھماکے کر کے اپنی جوہری طاقت کا کامیاب مظاہرہ کیا۔

پاکستان ایٹمی دھماکے کرنے کے بعد مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے دنیائے عالم کے جوہری طاقت رکھنے والے ممالک کی صف میں کھڑا ہو گیا۔ پوری قوم نے اس دن کو ہمیشہ سر بلند رکھنے کی خاطر اس عظیم دن کو ”یوم تکبیر“ کا نام دیا اور اس وقت کے وزیر اعظم محمد میاں نواز شریف نے قومی امنگوں اور جذبات کے احترام میں یوم تکبیر کو قومی دن قرار دیا۔

یہ قومی دن جب بھی آتا ہے تو تمام پاکستانی خواہ وہ کسی بھی سیاسی سوچ سے تعلق رکھتے ہوں ملک میں یا بیرون ملک مقیم ہوں وہ اس دن کو جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اسی سلسلے میں مسلم لیگ نون انٹرنیشنل افئیرز کی جانب سے ایک فاصلاتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے مسلم لیگ نون کے کارکنان نے شرکت کی۔ یہ تقریب ”یوم تکبیر اور اوورسیز پاکستانی“ کے نام سے کی گئی اس تقریب کے منتظم مسلم لیگ نون انٹرنیشنل افئیرز کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک تھے۔ مسلم لیگ نون انٹرنیشل افئیرز کے صدر سینیٹر اسحاق ڈار صاحب نے اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اور خطاب کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ کے بابرکت نام سے ہوا۔ اس کے بعد منتظم تقریب بیرسٹر امجد ملک نے یوم تکبیر کے حوالے سے افتتاحی کلمات کہتے تقریب کو شروع کیا جس کے مطابق تقریب میں شریک تمام ممالک کے صدور اور جنرل سیکرٹری صاحبان کو یوم تکبیر کے حوالے سے اپنا پیغام ریکارڈ کروانے کا بھرپور موقع دیا گیا۔ جس ملک کے صدور و جنرل سیکرٹری بوجہ ذاتی مصروفیات تقریب میں شریک نا ہو سکے ان کی نمائندگی اس ملک کے چیرمین یا کسی دوسرے عہدیدار نے کی جس کا واحد مقصد ہر ملک کی تنظیم کی اس تقریب میں شمولیت کو یقینی بنانا تھا۔

مسلم لیگ نون انٹرنیشنل افئیرز کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے افتتاحی پیغام میں کہا کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے، وہ دن جب پاکستان دنیا کے نقشے پر ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔ یوم تکبیر محض ایک دن ہی نہیں بلکہ قوم کی لچک، بے مثال بہادری، وقار، مساوات اور عزت کی بنیاد پر خطے میں رہنے کی خواہش کی علامت ہے۔ پاکستانی قوم ان تمام رہنماؤں کی مقروض ہے جن میں ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر قدیر خان اور سب سے بڑھ کر میاں محمد نواز شریف شامل ہیں جنہوں نے اس ملک کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ بحیثیت قوم ہمیں پاکستان کو ایک معاشی طاقت، ترقی پسند اور جدید ریاست کے طور پر مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹر اسحاق ڈار جو مسلم لیگ نون انٹرنیشنل افئیرز کے صدر بھی ہیں انہوں نے تقریب کے انعقاد پہ منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور یوم تکبیر کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے یوم تکبیر کے حوالے سے کثیر جہتی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جب انڈیا نے دھماکے کیے تو پاکستان کے حوالے سے دنیا کا موڈ مختلف تھا اور دنیا بھر سے پاکستان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کے پیغامات آ رہے تھے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ اس وقت 20 / 21 مئی کو جنیوا میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی میٹنگ میں بطور وزیر تجارت شریک تھے تو وہاں امریکی صدر بل کلنٹن اور برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر سے بھی ملاقات ہوئی تو برطانوی وزیر اعظم کہنے لگے کہ منسٹر ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کا ملک تحمل اور برداشت سے کام لے گا اور انڈیا کے مقابلے میں ردعمل نہیں دے گا۔ تو میں نے کہا جناب وزیر اعظم اگر ہم انڈیا کا جواب نہیں دیں گے تو خطے میں طاقت کا توازن کیسے قائم ہو گا، اور اس کا فیصلہ تو وزیر اعظم پاکستان اور ان کی کابینہ ہی کریں گے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے ایک اور واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکوں سے ایک رات پہلے بہت مشکل رات تھی کیونکہ ہمیں کچھ رپورٹس ملیں کہ انڈیا ایک اور ملک سے مل کر خدانخواستہ پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی بدنیتی کر رہا ہے وہ رات ہم سب کے لیے بہت مشکل رات تھی۔ مسلم لیگ نون انٹرنیشنل افئیرز کے صدر نے ایک اور بات سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کے معاملے میں میاں نواز شریف کا رول ایٹمی دھماکے ہی کرنے نہیں تھا بلکہ اس کے بعد پاکستان میں سولڈ فیول میزائل پروگرام کی بنیاد بھی مسلم لیگ نون کے دور حکومت میں رکھی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند میرے پاس تشریف لائے اور اس پروگرام کی فنانسنگ کے حوالے سے بات کی میں نے انہیں کہا کہ مجھ سے پہلے آپ کو یہ فنانسنگ کتنے عرصے میں یقین دہانی کروائی گئی تھی تو وہ کہنے لگے کہ پانچ سال، تو میں نے انہیں کہا کہ ہم آپ کو یہ فنانسنگ دو سال کے شیڈول میں کر دیں گے آپ اپنے پروگرام کو اس حوالے سے ترتیب دیں تو وہ اس فیصلے سے بہت خوش تھے۔ اسحاق ڈار کہنے لگے کہ ہمیں علم تھا کہ اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر کوئی بھی ماحول بن سکتا ہے تب شاید ہم یہ کام نا کر پائیں۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ دھماکوں کے ایام میں اللہ کے فضل و کرم سے پابندیوں کے باوجود ہم نے ملک کے معاشی حالات کنٹرول میں رکھے اور ٹھیک ایک سال بعد ملک اپنی سابق معاشی ڈگر پہ آ چکا تھا لیکن بدقسمتی سے پھر پرویز مشرف کا مارشل لاء آ گیا اور معاشی ترقی و اقدامات دوبارہ ریورس پہ چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جب دو ہزار تیرہ میں تیسری بار مسلم لیگ نون نے حکومت سنبھالی تو میاں صاحب کی قیادت میں دن رات ان تھک محنت کے بعد ہم ملکی معیشت کو سیدھا کرنے میں کامیاب ہو چکے تھے اور دنیا کے تمام معاشی اعشاریے اور تجزیے اس بات پہ ہو رہے تھے کہ چند سال بعد پاکستان دنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں ہو گا اور اس کی معیشت اٹلی اور کینیڈا سے بہتر ہو جائے گی لیکن ایک بار پھر اس ترقی کو نظر لگ گئی اور ایک مخصوص گروہ کو ملکی ترقی تباہ کرنے کی خاطر آگے کر دیا گیا اور باقی حالات آپ کے سامنے ہیں۔

آخر میں اسحاق ڈار صاحب نے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ سیاسی مخالفین سے اخلاق سے پیش آئیں یہی ہماری پارٹی کی پہچان ہے اور میاں نواز شریف کے احکامات۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی بہت محنت کرنا ہے تا کہ پاکستان ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بن سکے۔ نواز شریف کے دلیرانہ فیصلوں نے پاکستان کو دنیا میں عزت دلوائی تھی اور اب انشا اللہ ہم ایک بار پھر پاکستان کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اللہ ہم سب کی مدد کرے۔

سینیٹر اسحاق ڈار صاحب کی تقریر کے بعد دنیا بھر سے مسلم لیگ نون کے عہدیداران نے یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں امریکہ سے مسلم لیگ نون کے سینئیر راہنما راحیل ڈار نے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہم سب پہ ایک ذمہ داری بھی ڈالتا ہے کہ ہم اوورسیز میں بیٹھے اس دن کی اہمیت اور قائد نواز شریف کی ملکی خدمات کو اجاگر کریں اور ملکی ترقی کے لیے عوامی شعور بیدار کریں۔ فرانس میں مسلم لیگ نون کے چیف پیٹرن طلعت محمود چوہان نے شرکاء کو مبارک باد دیتے کہا کہ اس دن ہمارے لیڈر نے ایک دلیرانہ فیصلہ کرتے ہوئے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔ بیلجیئم میں مسلم لیگ نون کے صدر حاجی پرویز نے کہا کہ اگر میاں نواز شریف صاحب دھماکوں کا فیصلہ نا کرتے تو پاکستان کبھی بھی دھماکے نا کر پاتا۔

جاپان سے مسلم لیگ نون کے سینئیر راہنما ملک نور اعوان نے اپنے جارحانہ انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ایک بڑا دن ہے میرے قائد نواز شریف نے پوری دنیا کا پریشر ایک طرف رکھتے فجر کی نماز ادا کر کے دھماکے کرنے کا حکم جاری کیا اور دنیا کو بتا دیا کہ طاقت کا توازن ہی امن کی ضمانت ہوتی ہے۔ لیکن افسوس انہیں اس بات کی سزا دی گی اور ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے ان کی حکومت پہ شب خون مار دیا۔ جاپان سے ہی پرجوش کارکن حافظ مہر شمس نے بھی اس دن پہ قیادت اور کارکنان کو مبارکباد دی۔ آسٹریلیا میں پارٹی صدر ڈاکٹر ابو الفضل نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں مسلم لیگ نون آسٹریلیا کی طرف سے پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اور امید کرتا ہوں کہ ہر نوجوان پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کو تیار ہے۔

مسلم لیگ نون جنوبی کوریا کے صدر راجہ عامر اقبال نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں آج کی تقریب کے انعقاد پہ مسلم لیگ نون اوورسیز کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس دن کی عظمت کے حوالے سے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت اور قیادت کا نظریہ بہت عظیم ہے جو صرف اور صرف کام اور کام ہے جس کے لیے ہمیں مزید محنت کرنا ہو گی۔

جنوبی کوریا سے ہی پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر میاں صابر حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اللہ کے حضور شکر بجا لانا چاہیے کہ ایٹمی دھماکوں جیسی عظیم خدمت کی سعادت ہماری پارٹی اور ہماری قیادت کے حصے میں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون اب اسحاق ڈار صاحب کی قیادت میں معاشی دھماکہ کرنے جا رہی ہے، میری تمام اوورسیز پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی اپنی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کے ہاتھ مضبوط کریں تا کہ جس طرح ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو خطے میں سر اونچا کر کے جینے کی ضمانت دی تھی اسی طرح بہتر معیشت خوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضامن ہو گی۔

گلف ریجن سے متحدہ عرب امارات کے صدر غلام مصطفی نے کہا کہ بھٹو مرحوم نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی ڈاکٹر قدیر خان نے اس پہ کام کیا اور میاں نواز شریف نے جوہری دھماکے کر کے ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ ساوتھ افریقہ میں مسلم لیگ کے صدر میاں نصیر احمد نے کہا کہ ہم ساوتھ افریقہ میں بھی یہ دن اس کی شان کے مطابق منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں اور چیف پیٹرن اشفاق انور نے کہا کہ انڈیا کے مقابلے میں میاں صاحب نے دھماکے کر کے ہماری آئندہ نسلوں کو محفوظ کیا۔ ساوتھ افریقہ کے جنرل سیکرٹری خالد سلہریا نے مسلم لیگ نون کی قیادت کے معاشی اقدامات کو سراہا۔

ہالینڈ میں مسلم لیگ نون کے نوجوان صدر پرویز سندھیلہ نے بات کرتے کہا کہ 28 مئی اپنی عظمت کے اعتبار سے 14 اگست کے بعد پاکستان کا سب سے بڑا تاریخی دن ہے۔ اس دن میاں نواز شریف نے پوری دنیا کی جانب سے ہر قسم کی مالی آفر کو ٹھکراتے دھماکے کرنے کا دلیرانہ فیصلہ کرتے دنیا پہ واضح کر دیا کہ ہم ایک خود دار قوم ہیں اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔ آئرلینڈ میں مسلم لیگ نون کے صدر احسن چٹھہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تشہیر بنا دیا ہے 28 مئی کا دن قومی دن ہے اور یہ دن پوری قوم کا فخر ہے۔

سویڈن میں مسلم لیگ نون کے صدر شیخ سعید نے اپنے پیغام میں کہا کہ دھماکوں کے بعد پوری دنیا کی طرف سے نواز شریف نے جرآت و استقامت سے مقابلہ کیا۔ جرمنی سے مسلم لیگ نون کے چیرمین حافظ سعید نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ایٹمی دھماکے ہماری مجبوری تھی اور قائد اعظم کے بعد اگر کسی کی خدمات کو نہیں بھلایا جا سکتا تو وہ صرف میاں نواز شریف ہے۔ سویڈن کے جنرل سیکرٹری حافظ ایس احمد نے اسحاق ڈار کے معاشی اقدامات کو سراہا۔ چلی سے شاہد تنویر نے بات کرتے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان بنایا تھا نواز شریف نے پاکستان بچایا ہے۔

آسٹریا میں مسلم لیگ نون کے صدر علی شرافت نے کہا کہ میاں صاحب نے کسی بھی لالچ میں آئے بغیر دھماکے کر کے قوم کا مورال بلند کیا۔ مسلم لیگ نون کینیڈا کے صدر سہیل وڑائچ نے کہا کہ میاں صاحب نے دھماکے کر کے دوبارہ معیشت کو سنبھالا اب ہمیں سوشل میڈیا پہ مخالفین کا بھرپور جواب بھی دینا ہے۔ کینیڈا میں پارٹی جنرل سیکرٹری کامران ملک نے کہا کہ آج کا دن منزل پہ پہنچنے کا دن تھا جو ایک لمبے سفر کے بعد قوم کو نصیب ہوا۔

مسلم لیگ نون سپین کے جنرل سیکرٹری میاں عمران نے کہا کہ دھماکوں کے فیصلے نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔ اٹلی سے راشد بھٹی نے بات کرتے کہا کہ میاں صاحب کی قیادت میں ایٹمی دھماکے کیے تھے اور اسحاق ڈار کی قیادت میں ملک معیشت کو بہتر کرے گا۔ سوئٹزر لینڈ میں پارٹی کے سینئیر نائب صدر عالم زیب خان نے کہا کہ میاں صاحب نے دھماکے کر کے انڈیا کا غرور خاک میں ملا دیا۔

آخر میں کارکنان نے نواز شریف زندہ باد کے پرجوش نعرے لگا کر اپنے محبوب قائد سے محبت و احترام کا اظہار بھی کیا۔ مسلم لیگ نون انٹرنیشنل افئیرز کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے سینیٹر اسحاق ڈار اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کو پاکستان زندہ باد مسلم لیگ نون پائندہ باد کے نعرے پہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments