اسامہ بن لادن بھی ”الم غلم“ کے رسیا نکلے
سی آئی اے نے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ اس نے اسامہ بن لادن کی ذاتی ڈائری سمیت اس کے زیر استعمال اہم وڈیوز آڈیوز اور دستاویزات جاری کردی ہیں، آنکھوں کی پتلی پھیل گئی، نیند ہوا ہوئی اور میں سی آئی اے کی ویب سائٹ ٹٹولنے لگی۔ یہ وہ ڈیجیٹل اور دستاویزی ثبوت ہیں جو ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے کمپاونڈ میں 2011 میں کیے گئے آپریشن میں ملے، یہ وہی مواد ہے جسے آپریشن میں حصہ لینے والے امریکی فوجی بوریوں میں بھر کر اپنے ہمراہ لے گئے تھے ساتھ ہی اسامہ بن لادن کی لاش بھی پارسل کر لی تھی۔
میرا آئی فون سی آئی اے کی بھاری بھر کم فائلز کا بوجھ اٹھا نہیں سکتا تھا سو میں نے دفتر کے کمپوٹر کو زحمت دی، وڈیو آڈیو فائلز میں تحریکی پیغامات کی بھرمار ہے، جبکہ وڈیو کلیکشن میں جہادی وڈیوز سمیت خود موصوف پر بننے والی دستاویزی فلمیں، ڈزنی پروڈکشن کی فلمیں کارز، چکن لٹل، اور ڈریم ورکز پروڈکشن کی فلم آنٹس، کارٹونز اور متفرق وائرل وڈیوز وغیرہ شامل ہیں۔
بن لادن کے ڈیجیٹل خزانے میں ”الم غلم“ بھی شامل تھا۔










