فون کالیں، ٹیکسٹ میسج، وٹس ایپ کال، وٹس ایپ میسج، ورچوئل اور آن لائن رابطوں اور ملاقاتوں کو ختم کریں، اور دوبارہ بالمشافہ ملاقاتوں اور ملنے ملانے کو رواج دیں۔ کیوں کہ کوئی آپ کا اپنا اور نہایت قریبی مر رہا ہے۔ جی ہاں مر رہا ہے اور آپ کو معلوم ہی نہیں ہے۔
میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ سرمایہ دارانہ نظام نے پوری دنیا میں ایسا نفسا نفسی کا ماحول پیدا کر دیا ہے کہ % 80 افراد 14 سے 16 گھنٹے محنت مزدوری کر کے مشکل سے اپنی زندگی کی بقا کی جنگ لڑی رہے ہیں یا یوں کہہ لیں کہ وقت پورا کر رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں رہی سہی سماجیات کو بچانے کے لئے ہم ان موبائل فونوں، لیپ ٹاپ اور اس سے ملتی جلتی گیجٹس کا سہارا لیتے ہیں اور آپس میں جڑے رہنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن یہ ان با المشافہ ملاقاتوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، کیوں کہ ممکن ہے میں بالکل ٹھیک ہوں کا جواب دینے والا، اس وقت اسپتال کے کسی وارڈ میں لیٹا ہوا ہو۔ سب فٹ کا جواب لکھتے وقت اس کی آنکھوں میں کسی غم کے آنسو ہوں۔ بہترین زندگی گزر رہی ہے، کا جواب دینے والا کتنے دنوں سے فاقہ کشی سے ہو۔ معاشی پریشانی اور گھریلو الجھنوں میں ہو۔ وغیرہ۔
Read more