مشترکہ فوجی مشقیں کسی بھی ملک کے لئے بین الاقوامی سطح پر عسکری مہارتوں کی تفہیم کا بہترین ذریعہ ہوتی ہیں۔ خطے کے خدشات، موجودہ اور ممکنہ مسائل سے نمٹنے کے لئے اور عالمی امور کے بارے میں وسیع تر ادراک پیدا کرنے کے لئے اس طرح کی مشقوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ فوجی مشقیں، شرکاء ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی تعلقات کی راہ ہموار کرنے کے لئے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ فوجی مشقیں بنیادی طور پر دفاعی شعبے کے ذریعے ہوتی ہیں۔ پیشہ ورانہ فوجی تربیت کے ساتھ جنگی ساز و سامان کی تجارت بھی مشترکہ فوجی مشقوں کا ایک اہم مقصد ہے۔ یہ مشقیں فوجی تربیت کی اعلی ترین شکل ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھی مشترکہ فوجی مشقیں کرنا مطلوب ہے۔ بین الاقوامی فوجی مشقوں کے ذریعے فوجی تربیت کے پہلوؤں کا اشتراک، شراکت داروں کے مابین اعتماد سازی کے سب سے موثر اقدامات میں سے ایک ہے۔ اس سے شرکاء کو نئی تکنیکی مہارتوں کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور عام طور پر باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے۔ شرکا ء پر بین الاقوامی فوجی مشقوں کا طویل المدتی اثر یہ ہے کہ اس سے ان کے مابین خوف اور خدشات دور ہو جاتے ہیں اور اس کے نتیجے میں، تعلقات کو بہتر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح کی مشقیں دوسرے ممالک کو سیاسی بیان دینے کے لئے بھی کی جاتی ہیں۔ ان مشقوں سے دیگر ممالک کو فوجی اتحاد کا پیغام ملتا ہے۔
Read more