وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 17 اکتوبر کو اسلام آباد میں ٹائیگر فورس پورٹل کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب میں جو جارحانہ انداز اپنایا، وہ عوام تو کنٹینر پر دیکھ چکے اور اس کے نتائج بھی بھگت رہے ہیں، تاہم وزیر اعظم کے مطابق، ان کا یہ انداز نیا ہے اور اب نئے پاکستان کے ساتھ وہ نئے عمران خان کو بھی دیکھیں گے، جس سے میں تو جھرجھری لے کر رہ گیا کہ پرانے سے ملنے والی بے روزگاری اور مہنگائی کی لہر نے چیخیں نکلوا رکھی ہیں، تو یقیناً نئے کو سہہ کر سکون قبر ہی میں ملے گا۔
وزیر اعظم کی طرف سے گیارہ سال پہلے کی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ عمران خان اس ویڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف، آصف زرداری سمیت تمام لوگوں نے اکٹھا ہو جانا ہے اور یہ آج ہو گئے ہیں۔ بس دل کیا کہ میں وہاں موجود ہوتا تو جان کی امان پا کر کہتا کی آپ کی کچھ ویڈیو خود کشی، مہنگائی، ڈالر، پیٹرول اور بجلی مہنگی ہونے پر بھی موجود ہیں، اگر وہ بھی ہمارے سامنے دوبارہ ملاحظہ فرما لیں، تو شاید ہمارے لئے کوئی آسانی کا ساماں پیدا ہو جائے۔ لیکن ہائے نصیب کہ وہاں تو داد دینے کی اولین نشستوں پر غیر منتخب افراد بخاری، ڈار اور گل موجود تھے، جو کابینہ چھوٹی ہونے کے سابق خطابات کی عین نشان کے مطابق موجود تھے۔
Read more