کوو ایکس، کووڈ۔ 19 کے ٹیسٹ، علاج، نئی ویکسین کی ترقی، تیاری، تکمیل اور مساوی تقسیم کو تیز کرنے کے لیے عالمی سطح پرکیا جانے والا باہمی تعاون ہے۔ اس کے تحت زیادہ سے زیادہ ممالک اس مشترک ”حوض“ میں نا صرف اپنے تجربات، تحقیق اور نتائج دوسروں کے ساتھ بانٹتے ہیں بلکہ اس تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے جو مالی وسائل درکار ہیں، ان کے لیے بڑی معیشتیں مالی سرمایہ کاری بھی کرتی ہیں، تا کہ اس مرض کے خلاف ویکسین کی تیاری میں تیزی آئے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر موثر اور محفوظ علاج بھی دریافت کیا جا سکے۔ کوو ایکس کی ترجیح یہ ہے کہ ترقی پذیر اور پس ماندہ ممالک کو ویکسین کے حصول میں مدد فراہم کرے اور 2021 ء کے اختتام تک تحقیق اور ترقی کے لیے فنڈ اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ کم آمدنی والے ممالک کے لیے ویکسین کی کم از کم دو ارب خوراکیں فراہم کی جائیں۔
یہ تو تھا کوو ایکس کا پس منظر اب اس حوالے سے اگر ہم عالمی اشتراک کی تو اب تک 172 ممالک سمیت مختلف ایجنسیاں اس مقصد کی تکمیل میں شراکت دار بن چکی ہیں۔ ترقی یافتہ اور مضبوط معاشی حیثیت کے 76 ممالک اس میں شامل ہیں اور ان کی جانب سے تحقیق کے لیے مالی معاونت بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے تجربات اور وسائل بھی اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں مدد گار ہیں۔ ان ممالک کی اس منصوبے میں شرکت عالمی مسائل کے حل کی خاطر ان کے احساس ذمہ داری کا ثبوت ہے۔
Read more