امپیریل سٹیٹ کراؤن: ملکہ کے تابوت پر چمکتا ہوا تاج، ہزاروں ہیروں کا مجموعہ

سارہ میکڈرمٹ اور کرسٹی بریور - بی بی سی نیوز


The Imperial State Crown
ملکہ الزبتھ دوم کے تابوت پر امپیریل سٹیٹ کراؤن رکھا گیا
برطانیہ پر 70 برس تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران ان کے تابوت پر شاہی تاج رکھا گیا۔ شاید یہ تاج شاہی زیوارت میں سے سب سے زیادہ جانی پہچانی چیز ہے۔

یہ تاج برطانوی بادشاہوں اور ملکاؤں کی طرف سے صدیوں سے جمع کیے گئے ہزاروں جواہرات کا ایک انمول مجموعہ ہے۔

شاہی تاج میں تقریباً 3000 پتھر چمکتے ہیں۔ ان میں 2,868 ہیرے، 273 موتی، 17 نیلم، 11 زمرد اور پانچ یاقوت شامل ہیں۔

تاریخ دان اور دی کراؤن جیولز کی مصنفہ اینا کی کہتی ہیں کہ ’بعض اوقات ان سے نکلنے والی روشنی کی وجہ سے تاج کو دیکھنا کافی مشکل ہوتا ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ تاریخی طور پر، قرون وسطیٰ تک، تاج کو دولت اور حیثیت کے اظہار کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ ’یہ عظمت کی علامت ہے، یہ خودمختاری کی علامت ہے۔‘

یہ تاج 1937 میں ملکہ الزبتھ دوم کے والد شاہ جارج ششم کی تاجپوشی کے لیے بنایا گیا تھا۔ امپیریل سٹیٹ کراؤن کو اٌس تاج سے ہلکا اور بہتر فٹ ہونے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، جس سے اسے بدلا گیا تھا – جو کہ ملکہ وکٹوریہ کا تھا۔ لیکن اس کے باوجود، امپیریل کراؤن کا وزن اب بھی 2.3 پونڈ یا 1.06 کلو ہے۔

اپنے دور میں ملکہ الزبتھ دوم ہر سال پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر یہ تاج پہنتی تھیں جب وہ سنہری تخت پر بیٹھ کر حکومت کے آنے والے سال کی اہم قانون سازی کے منصوبوں کو پڑھتی تھیں۔

The Queen, with the Duke of Edinburgh by her side, wearing the crown at the State Opening of Parliament in 2016

ملکہ الزبتھ دوم ہر سال پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر یہ تاج پہن کر تقریر کرتی تھیں

ملکہ الزبتھ دوم نے 2018 میں اس تاج کے بارے میں مذاق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ تقریر کو پڑھنے کے لیے نیچے نہیں دیکھ سکتے، آپ کو تقریر کو اوپر لے جانا پڑے گا۔ کیونکہ اگر آپ نے ایسا کیا تو آپ کی گردن ٹوٹ جائے گی۔‘

’تاج کے کچھ نقصانات ہیں، لیکن وہ کافی اہم چیز ہے۔‘

2019 میں، جب ملکہ الزبتھ کی عمر 90 کی دہائی میں تھی تو ایک ہلکا تاج استعمال کیا گیا اور 2021 میں آخری بار جب ملکہ نے پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس میں تقریر کی تو انھوں نے تاج نہیں پہنا تھا۔

امپیریل سٹیٹ کراؤن میں 317 قیراط وزنی کلینن ٹو نامی ہیرا شامل ہے جسے افریقہ کا دوسرا ستارہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ اب تک ملنے والے ہیروں میں سے سب سے بڑے ہیرے سے کاٹا گیا تھا۔

یہ ایڈورڈ ہشتم کو ان کی 66ویں سالگرہ پر ٹرانسوال کی حکومت (موجودہ جنوبی افریقہ) نے دیا تھا جو تب ایک برطانوی کالونی تھی۔

اس میں شاہی مجموعے کا سب سے قدیم ہیرا بھی شامل ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ایک بار انگلستان کے 11ویں صدی کے بادشاہ سینٹ ایڈورڈ دی کنفیسر نے انگوٹھی میں پہنا تھا۔ یہ پتھر اب کراس کے مرکز میں رکھا گیا ہے جو تاج کے اوپر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ہیرے، گاڑیاں، اراضی، گھوڑے اور راج ہنس: شاہ چارلس سوم کو وراثت میں کیا کچھ ملے گا؟

ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات: ویسٹ منسٹر ایبی کے بارے میں پانچ اہم حقائق

شاہی خاندان کی چار نسلیں اور جانشینی کا نیا سلسلہ

Graphic of the Koh-i-Noor diamond set in the centre of the crown worn by the Queen mother

امپیریل کراؤن کا وزن 2.3 پونڈ یا 1.06 کلو ہے

ملکہ الزبتھ دوم تاج میں ایک سرخ قیمتی پتھر کو بہت پسند کرتی تھیں جسے بلیک پرنس روبی کہا جاتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سو سالہ جنگ میں ہنری پنجم نے 1415 میں اسے اگینکورٹ کے محاذ کے دوران پہن رکھا تھا جب انگریز افواج نے کیلے شہر کے جنوب میں فرانسیسیوں کو شکست دی تھی۔

روایت ہے کہ بادشاہ نے روبی میں کھودے ہوئے سوراخ میں ایک پنکھ رکھا۔ ملکہ نے 2018 میں بی بی سی کو بتایا، ’یہ دیکھ کر بہت مزہ آتا ہے۔ یہ خیال کہ پر کو پتھر میں ڈال دیا گیا تھا – تھوڑا سا عجیب ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ان دنوں ایسا ہی کیا جاتا تھا۔‘

بی بی سی کے صحافی کلائیو مائیری جنھیں اس سال کے شروع میں بی بی سی کی ایک دستاویزی فلم کے لیے تاج تک رسائی دی گئی تھی، نے اسے ’تقریباً غیر حقیقی‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق اس میں ’ہیروں کی صفائی بالکل ناقابل یقین ہے۔‘

شاہی زیورات

لیکن امپیریل سٹیٹ کراؤن سمیت تمام شاہی زیورات کی قیمت کا تعین تقریباً ناممکن ہے۔ شاہی امور کے ماہر الیسٹر بروس نے بی بی سی کی دستاویزی فلم کو بتایا کہ یہ مجموعہ انمول ہے۔

’اسے انمول کہنا سمجھداری ہے، لیکن آپ پھر قیمت لگانا چاہتے ہیں کہ اتنے صفر شامل کر سکتے ہیں جتنے شاہی جیولری میں لگے ہوئے ہیرے ہیں۔‘

تاج کو کب پہنا جاتا ہے؟

امپیریل سٹیٹ کراؤن جب استعمال میں نہ ہو تو یہ ٹاور آف لندن کے جیول ہاؤس میں عوامی نمائش پر ہوتا ہے جو 600 سال سے زیادہ عرصے سے شاہی زیورات کا گھر ہے۔

روایت کی پیروی کرتے ہوئے، بادشاہ چارلس سوم اپنی تاجپوشی کے لیے سینٹ ایڈورڈ کا تاج پہنیں گے لیکن تقریب کے اختتام پر ویسٹ منسٹر ایبی کو چھوڑنے کے لیے امپیریل سٹیٹ کراؤن پہنیں گے۔

اس کے بعد وہ اپنی ماں کی طرح پارلیمنٹ کے افتتاح کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری مواقع پر امپیریل سٹیٹ کراؤن پہنیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32609 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments