دیو آنند اور ثریا ایک دوسرے کے دیوانے تھے، لیکن محبت کو جیت نہیں سکے: ثریا نے عمر بھر شادی نہیں کی


بالی ووڈ کے سدا بہار اداکار دیو آنند کا انداز سب سے جدا تھا۔ ان کی بااثر اداکاری، ان کا اسٹائل، ہر چیز کی دنیا عادی تھی۔ جب وہ سفید شرٹ اور سیاہ پتلون پہن کر نکلتے تھے، تو ان کی ایک جھلک پانے کے لئے لڑکیوں کی بھیڑ جمع ہو جاتی تھی۔ لیکن دیو آنند دل وجان سے ثریا کو چاہتے تھے۔ خوبصورت اداکارہ ثریا کو بالی وڈ کی پہلی گلیمر گرل بھی کہا جاتا ہے، لیکن قسمت نے دیو آنند اور ثریا کو ایک نہیں ہونے دیا۔

ثریا کی زندگی کی پہلی اور آخری محبت دیو آنند تھے ۔ دونوں کی پہلی ملاقات 1948 میں ہوئی تھی، اس وقت ثریا بالی ووڈ کی بڑی ہیروئن ہوا کرتی تھیں۔ شوٹنگ کے پہلے دن ہی دونوں کے درمیان ایک رومانٹک سین فلمایا گیا اور دونوں کو پہلی ہی نظر میں پیار ہو گیا۔

آہستہ آہستہ دیو انند ثریا کے قریب آنے کے لئے ان کے گھر جانے لگے۔ ثریا کا سارا کام ان کی نانی اور ماما سنبھالتے تھے۔

دونوں کی محبت کی کہانی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی کہ دونوں الگ الگ مذہب ماننے والے کے تھے۔ ثریا کی نانی کو یہ قطعی منظور نہیں تھا کہ ان کی نواسی کسی اور مذہب کے لڑکے کے ساتھ شادی کرے۔

ثریا کی نانی نے ان کی دیو انند سے ملاقات پر پابندی لگانی شروع کر دی۔ یہاں تک کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران شاٹ سے پہلے اور شاٹ کے بعد بھی دونوں بات نہیں کر سکتے تھے۔

دونوں ایک دوسرے سے بات کرنے کے لئے خطوط کا سہارا لیتے تھے، کیونکہ انہیں آپس میں بات کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ دونوں خط کے ذریعے اپنی آنے والی زندگی کے خواب دیکھتےتھے۔

فلم دل لگی کی شوٹنگ کے دوران ثریا اور دیو انند کو شادی کا ایک سین فلم بند کرنا تھا، دونوں نے یہ فیصلہ کیا وہ حقیقی پنڈت بلا کر سچ میں شادی کر لیں گے، لیکن یہ بات کسی نے ثریا کی نانی کو بتا دی۔ پھر کیا تھا ثریا کی نانی اس کو منڈپ سے کھینچ لے گئیں۔

ثریا کی نانی نے ان کی شادی کسی اور سے کرنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اس زمانے کے مشہور ڈائریکٹر ایم صادق کو ثریا کے لئے منتخب کیا۔

ایک انٹرویو میں ثریا نے خود بتایا تھا کہ ان دنوں فلمی دنیا سے وابستہ کئی لوگ میرے گھر آتے تھے اور مجھے دیو انند سے شادی کرنے سے منع کرتے تھے۔ یہی نہیں ایک میگزین کو انٹرویو میں ثریا نے بتایا تھا کہ میری نانی اور ماما نے دیو انند کو قتل کروانے کی بھی بات کی۔

نانی کی دھمکی سے ڈر کر ثریا نے دیو انند سے رشتہ توڑنے کیلئے کہا۔ اگرچہ دیوانند نے کہا کہ مجھے کسی سے ڈر نہیں لگتا ہے ہم کورٹ میں شادی کر لیں گے، لیکن ثریا کے بار بار منع کرنے پر ایک دن دیو انند نے غصے میں ثریا کو طمانچہ بھی مار دیا۔

آخر کار ثریا اپنی نانی کے سامنے مجبور ہو گئیں اور انہوں نے شادی کے لئے انکار کر دیا۔31 جنوری 2004 کو ثریا کی انتقال ہو گیا، لیکن انہوں نے مرتے دم تک شادی نہیں کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).