کم جونگ ان سے ملاقات فائدہ مند نہ ہوئی تو بات چیت ادھوری چھوڑ کر چلا جاؤں گا: صدر ٹرمپ


ڈونلڈ ٹرمپ، کم جونگ ان

ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی جانب سے ملاقات کی دعوت قبول کر لی ہے اور دونوں رہنما رواں سال مئی میں ملاقات کریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے طے کردہ بات چیت کے دور ’فائدہ مند‘ ثابت نہ ہوئے تو وہ بات چیت کے دوران اٹھ کر چلے جائیں گے۔

فلوریڈا میں صدر ٹرمپ اور جاپان کے وزیراعظم شِنزو آبے کی مشترکہ نیوز کانفرنس میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ شمالی کوریا پر جوہری پروگرام کے خاتمے کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ دباؤ کو قائم رکھا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے امید کا اظہار کیا کہ کم جونگ ان سے ملاقات کامیاب ثابت ہو گی لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ باعزت طریقے سے میٹنگ سے اٹھ کر چلے جائیں گے۔

انھوں نے اس کے ساتھ یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا میں قید تین امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے بات چیت جاری ہے۔

اسی بارے میں

’شمالی کوریا جوہری پروگرام پر گفتگو کرنے کے لیے تیار‘

’پابندیوں اور دباؤ نے مذاکرات پر مجبور نہیں کیا‘

’ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا سے ملاقات کے خطرات جانتے ہیں‘

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا پر اس وقت تک زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم جاری رہے گی جب تک وہ جوہری تخفیف نہیں کرتا۔

’جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ شمالی کوریا کے لیے ایک روشن راستہ موجود ہے جب یہ جوہری تخفیف حاصل کرتا ہے جو ناقابل واپسی اور مکمل اور تصدیق شدہ ہو۔ ان کے لیے اور دنیا کے یہ بہت بڑا دن ہو گا۔‘

اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پوم پےاو کے خفیہ دورے پر شمالی کوریا جانے اور وہاں کم جونگ ان سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مائیک پوم پےاو نے کم جونگ ان سے اچھے تعلقات استوار کر لیے تھے اور یہ ملاقات بہت اچھی رہی۔

خیال رہے کہ بدھ کو امریکی میڈیا نے خبر دی تھی کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پوم پےاو ایک خفیہ دورے پر شمالی کوریا گئے تھے جہاں انھوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی۔

حکام نے بتایا ہے کہ اس ملاقات کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ پیونگ یانگ کے ساتھ اعلیٰ ترین سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔

یہ غیرمتوقع اور خفیہ ملاقات امریکہ کا شمالی کوریا کے ساتھ 2000 کے بعد سے اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں کہا ہے کہ ’انتہائی اعلیٰ سطح پر ہماری براہ راست بات چیت ہوئی ہے۔‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیراعظم کے دورۂ امریکہ کا ایک مقصد امریکی صدر کو اس بات پر قائل کرنا ہے کہ مغرب شمالی کوریا کے خلاف سخت موقف سے پیچھے نہ ہٹے۔

رواں ماہ کے شروع میں امریکی حکام نے بتایا تھا کہ شمالی کوریا نے وعدہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات میں وہ امریکہ سے اپنے جوہری ہتھیاروں اور ان کے مستقبل کے بارے میں بات کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی ملاقات کی خبر مارچ میں سامنے آئی تھی اور وہ عالمی برادری کے لیے نہایت حیران کن تھی۔ واضح رہے کہ اس خبر کے آنے سے ایک سال قبل تک ان دونوں کے درمیان لفظی جنگ جاری تھی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کی ذات پر حملے کیے اور دھمکیاں تک دی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32602 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp