زخمی شاداب خان آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر


شاداب خان

پاکستان کے لیگ سپنر شاداب خان زخمی ہونے کے سبب آسٹریلیا کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

شاداب خان متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور وہ تاحال مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے ہیں جس کے سبب وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

شاداب خان کے زخمی ہونے کے بعد اب ممکنہ طور پر آف سپنر بلال آصف کو ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے گذشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔

سلیکٹرز نے اس سکواڈ میں آف سپنر بلال آصف کو جگہ دی ہے۔ وہ گذشتہ سال سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ٹیم میں شامل تھے لیکن کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلے تھے۔

شاداب کی انجری کے ساتھ ہی تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ٹیم میں شمولیت بھی یقینی ہو گئی جنھیں ابتدائی طور پر ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن ماہرین کی جانب سے تنقید کے بعد انھیں ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اتوار سے دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 16 اکتوبر سے ابوظہبی میں ہو گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سنہ 2014 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں سپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستانی سپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے گرنے والی 40 میں سے 26 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32606 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp