انسانی حقوق کا عالمی دن



آج سے پورے 74 برس قبل، جب انسانی حقوق کا آفاقی منشور پیش کیا گیا تو اس میں ایک ایسی دنیا کا تصور پیش نظر تھا، جس میں زمین پر بسنے والے تمام انسانوں کو بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب اور زبان کے، یکساں طور پر آزادی، انصاف، امید اور امن سمیت دیگر بنیادی ضروریات اور سہولیات کا حقدار قرار دیا گیا تھا۔

آج کا یہ دن عالمی سطح پر انسانی وقار برقرار رکھنے اور لوگوں میں ان کو حاصل شدہ حقوق کے بارے میں شعور پیدا کرنے کی غرض سے منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے منشور میں یہ واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ کچھ ایسے انسانی حقوق ہیں، جو کبھی چھینے نہیں جا سکتے، جن میں انسانی وقار بھی شامل ہے۔

رواں برس اقوام متحدہ کی طرف سے جس تھیم کا انتخاب کیا گیا ہے وہ یہ ہے :
”وقار، آزادی اور انصاف سب کے لئے“

اقوام متحدہ کا یہ اعلامیہ دراصل ایک مطالبہ ہے، جس میں دنیا بھر کے انسانوں کے وقار، آزادی اور انصاف کی یکساں طور پر فراہمی کی بات کی گئی ہے۔

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق، ملک بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ کمیشن نے جنوری میں اپنے جاری کردہ اعلامیے میں ملک میں بالخصوص مذہبی اور فرقہ وارانہ اقلیتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد، دور افتادہ علاقوں میں ریاست کی موثر رٹ کی غیر موجودگی، خراب نظم و ضبط، جبری گمشدگیوں کی روک تھام میں ناکامی، جہاں سندھ میں ان کی تعداد اب بلوچستان کے برابر ہو گئی ہے، گمشدہ افراد کی لاشوں کا برآمد ہونا، صحافیوں اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں پر حملے اور قابل ذکر تعداد میں داخلی نقل مکانی کی طرف توجہ دلائی ہے۔

کمیشن کے مطابق ملک کے اکثریتی آبادی کے عقیدے سے تعلق نہ رکھنے والوں کے ساتھ عدم رواداری کا سلسلہ بلا روک ٹوک بڑھتا چلا جا رہا ہے، جس کا اندازہ ان کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد سے لگایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی مذہبی و مسلکی اقلیتوں کی تشویش ناقابل بیان ہے۔ مذہب کے نام پر بلوائی تشدد کو فروغ مل رہا ہے۔ ایچ آر سی پی نے یہ مطالبہ کیا کہ اس پیشگی تنبیہ کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور بروقت بامعنی اقدامات کرنے چاہئیں۔

انسان محترم ہے، انسانی حقوق محترم ہیں اور انسان کا وقار ان سب سے محترم ہے۔ لیکن افسوس کہ اکیسویں صدی کا انسان آج بھی اپنے وقار، آزادی اور انصاف کے حصول کا متلاشی نظر آتا ہے۔

آگے بڑھیں، اپنی زمین پر بسنے والے 8 ارب انسانوں کی دنیا خوبصورت بنانے کی خاطر ان کے بنیادی حقوق، باوقار طرز زندگی اور امید کو جگائے رکھنے کی کاوشوں میں دنیا کے باشعور افراد کا ساتھ دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments