بنیامین نیتن یاہو بمقابلہ نفتالی بینیٹ: کیا اسرائیلی وزیرِ اعظم کی حکومت اپنے ہی سابق وزیر کے ہاتھوں ختم ہوگی؟


نیتن یاہو

نیتن یاہو کرپشن کے ٹرائل کے باوجود اقتدار میں رہنے پر بضد ہیں جس کی وجہ سے اُنھیں سیاسی جماعتوں کی حمایت بمشکل ہی مل پا رہی ہے

اسرائیل کی داخلی سیاسی صورتحال اس وقت ’جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے‘ کی مصداق ہے جہاں تین بار وزیرِ اعظم رہنے والے بنیامین نیتن یاہو کی حکومت اپنی ہی کابینہ میں رہنے والے شخص کی وجہ سے خطرے میں ہے۔

اسرائیلی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو کو عہدے سے ہٹانے کے لیے کافی تعداد میں ووٹ موجود ہیں۔

اور اُن کے مرکزی حریف ہیں نفتالی بینیٹ، جو 2013 سے لے کر 2020 تک وزارتِ دفاع، وزارتِ اقتصادیات، اور وزارتِ تعلیم سمیت دیگر قلمدانوں کے حامل رہے ہیں۔

بنیامین نیتن یاہو طویل ترین عرصے تک اسرائیل کے وزیرِ اعظم رہنے والے شخص ہیں اور اقتدار پر اپنی مضبوط گرفت کے باوجود اُن کا دور مسائل سے خالی نہیں رہا ہے۔

بنیامن نیتن یاہو کو کرپشن الزامات کے تحت تحقیقات کا بھی سامنا رہا ہے اور نومبر 2019 میں ان پر اعتماد مجروح کرنے، رشوت اور فراڈ کے فردِ جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔ اقتدار سے بے دخل ہونے کی صورت میں وہ جیل بھی جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

نیتن یاہو: ’میں جھوٹ کو جیتنے نہیں دوں گا‘

’الزامات بےبنیاد ہیں یقین ہے سچائی سامنے آئے گی‘

نیتن یاہو کے شکریے سے انڈیا کا نام غائب، حامی انڈین صارفین کو طعنے

اسرائیل پر 15 برس حکمرانی کرنے والے ’جادوگر‘ رہنما کا کمانڈو سے وزیرِ اعظم تک کا سفر

سنہ 2019 میں دو انتخابات اور سنہ 2020 و 2021 میں ایک ایک انتخاب کے باوجود اپنی اکثریت ثابت نہ کر سکنے کی وجہ سے کئی مرتبہ یہ لگا کہ اُن کی حکومت ابھی گئی یا ابھی، لیکن وہ اب بھی کرسی پر موجود ہیں۔

تاہم اب لگتا ہے کہ اُن کے حریف نفتالی بینیٹ اُنھیں اقتدار سے بے دخل کر کے ہی دم لیں گے۔

نفتالی بینیٹ: اسرائیل کے اگلے وزیرِ اعظم؟

نفتالی بینیٹ ایک ارب پتی شخصیت اور سابق ٹیکنالوجی انٹرپرینیور ہیں۔ اگر اُن کے سیاسی نظریات کی بات کی جائے تو وہ بھی بنیامین نیتن یاہو کی طرح دائیں بازو سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔

نفتالی بینیٹ

نفتالی بینیٹ غربِ اُردن میں یہودی آبادکاریوں کے سخت تر حامی ہیں مگر اُن کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کو سیاسی بحران سے بچانے کے لیے اپنے مخالف (اعتدال پسند یائر) سے بھی ہاتھ ملانے کو تیار ہیں

نفتالی بینیٹ ماضی میں مقبوضہ غربِ اردن کے تمام علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کی حمایت کر چکے ہیں۔

وہ فلسطینی ریاست کے قیام کو کوئی ممکنہ حل تسلیم نہیں کرتے اور اُن کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کے لیے خودکشی کے مترادف ہوگا۔

اب وہ نیتن یاہو کو ہٹانے کے اتنے درپے ہیں کہ اُنھوں نے اعتدال پسند یائر لاپید کے ساتھ اقتدار میں شراکت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پہلے بینیٹ اور پھر لاپید وزیرِ اعظم بنیں گے، تاہم ابھی یائر لاپید کو اس اتحاد کا باقاعدہ اعلان کرنا ہے۔

اسرائیل میں انتخابی نظام متناسب نمائندگی پر مبنی ہے اور اس کی نوعیت ایسی ہے کہ کوئی سیاسی جماعت اپنے بل بوتے پر بمشکل ہی حکومت بنا سکتی ہے، چنانچہ بنیامین نیتن یاہو خود بھی نفتالی بینیٹ کو اقتدار میں شراکت کے لیے اتحاد بنانے کی دعوت دے چکے ہیں۔

اُنھوں نے سنیچر کو اپنے سخت ترین حریف نفتالی بینیٹ کو یہ پیشکش کی، مگر اسے مسترد کر دیا گیا، اور پھر اُنھوں نے اتوار کو یہ پیشکش دوبارہ کی مگر لگتا یہی ہے کہ اب نیتن یاہو کے وزارتِ عظمیٰ میں دن پورے ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل میں دو سال میں چار مرتبہ انتخابات ہو چکے ہیں اور اگر اس مرتبہ بھی حکومت نہیں بن پاتی تو پانچویں مرتبہ انتخابات ہوں گے۔

نیتن یاہو کرپشن کے ٹرائل کے باوجود اقتدار میں رہنے پر بضد ہیں جس کی وجہ سے اُنھیں سیاسی جماعتوں کی حمایت بمشکل ہی مل پا رہی ہے اور اُن کے مخالفین نے انھیں ہٹانے کی کوششیں تیز کر رکھی ہیں۔

یائر لاپید

یائر لاپید کے پاس صدر کے سامنے عددی اکثریت ثابت کرنے کے لیے بدھ کی رات تک کا وقت ہے

غیر فطری اتحاد

نفتالی بینیٹ غربِ اُردن میں یہودی آبادکاریوں کے سخت تر حامی ہیں مگر اُن کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کو سیاسی بحران سے بچانے کے لیے اپنے مخالف (اعتدال پسند یائر) سے بھی ہاتھ ملانے کو تیار ہیں۔

اور نیتن یاہو نے اسی نکتے کو بنیاد بناتے ہوئے طعنہ انگیز بیان دیا کہ ‘پھر آبادکاری کا خیال کون رکھے گا؟’

اور اگر نیتن یاہو صرف اکا دکا ہی ارکان کو ہی اس طرح کے بیانات سے اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب ہو گئے تو نفتالی بینیٹ کے خوابوں پر پانی پھر سکتا ہے۔

جب نیتن یاہو سنہ 2006 سے 2008 کے درمیان حزبِ اختلاف کے رہنما تھے تو نفتالی بینیٹ اُن کے سینیئر مشیر تھے، تاہم کہا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان ان بن کی وجہ سے نفتالی بینیٹ نے اُنھیں چھوڑ دیا اور 2009 میں نیتن یاہو وزیرِ اعظم بن گئے۔

تاہم اس کے باوجود نفتالی بینیٹ ان کی کابینہ کا حصہ رہے اور اسرائیلی پارلیمان ‘کنیسیٹ’ میں مختلف سیاسی جماعتوں اور دھڑوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف وزارتوں پر فائز رہے ہیں۔

Israeli students hold Israeli flag near West Bank settlement of Elon Moreh (file photo)

حکومت کیسے بنے گی؟

اس وقت وہ انتہائی دائیں بازو کے سیاسی اتحاد یامینا کے سربراہ ہیں پر اگر وہ چاہتے ہیں کہ حکومت بنائیں، تو اُنھیں پارلیمان میں بائیں بازو، اعتدال پسندوں اور عرب ارکان کی حمایت درکار ہو گی جو کہ غربِ اُردن پر اسرائیلی قبضے کی حمایت شاید ہی کریں۔

کنیسیٹ میں کُل 120 نشستیں ہیں جن میں سے 30 نشستیں بنیامین نیتن یاہو کی جماعت لیکود کے پاس ہیں جبکہ یائر لاپید کی یش اتید کے پاس 17، آریہ دیری کی شاس کے پاس نو، بینی گینٹز کے بلیو اینڈ وائٹ اتحاد کے پاس آٹھ اور نفتالی بینیٹ کے اتحاد یامینہ کے پاس سات نشستیں ہیں۔

حکومت بنانے کے لیے کسی بھی اتحاد یا سیاسی جماعت کو 61 نشستوں کی سادہ اکثریت اسرائیل کے صدر کے سامنے ثابت کرنی ہوگی جس کے لیے اُن کے پاس بدھ کی رات تک کا وقت ہے۔

دیکھنا یہ ہے کہ کیا 12 سال سے اسرائیل کی وزارتِ عظمیٰ پر فائز نیتن یاہو ایک مرتبہ پھر ان خطرات سے ابھر کر سامنے آتے ہیں یا پھر اُن کے اپنے سابق وزیر نفتالی بینیٹ اُن کے نشیمن پر بالآخر بجلی بن کر گریں گے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32564 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp