بالی وڈ کی وہ فلمیں جن کا شائقین کو نئے سال میں بےچینی سے انتظار رہے گا؟

سوپریا سوگلے - بی بی سی ہندی کے لیے، ممبئی سے


عامر، شاہ رخ اور سلمان خان
نئے سال کے دستک دیتے ہی انڈین فلم انڈسٹری میں امید کی ایک نئی کرن بھی اُبھر رہی ہے کیونکہ کووڈ 19 وبا کی وجہ سے گذشتہ سال کے بیشتر حصے میں سینما تھیٹرز بند رہے ہیں۔

تاہم رواں برس کے آغاز میں ہی کورونا کی نئی قسم اومیکرون کی وجہ سے کووڈ کی تیسری لہر کا خطرہ بھی سر پر منڈلا رہا ہے اور انڈیا کی کئی ریاستوں میں نئی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں لیکن صحت ماہرین اسے ڈیلٹا قسم سے کم خطرناک قرار دیتے ہیں۔

اِسی امید کے ساتھ انڈین فلم انڈسٹری بھی آہستہ آہستہ اپنی پرانی رفتار پکڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

رواں سال کئی فلمیں ریلیز ہونے جا رہی ہیں۔ آئیے آپ کو ان بڑی فلموں کے بارے میں بتاتے ہیں، جن کی ریلیز کا شائقین کو بے صبری سے انتظار رہے گا۔ تو بات شروع کرتے ہیں سپر سٹارز کی فلموں سے۔

عامر خان چار سال بعد سکرین پر نظر آئیں گے

تقریباً چار سال کے وقفے کے بعد عامر خان اپنی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں نظر آئیں گے جو کہ ہالی وڈ فلم ’فارسٹ گمپ‘ کا انڈین ورژن ہے۔

فلم میں عامر خان ایک سکھ شخص کے کردار میں نظر آئیں گے۔ کورونا وبا کی وجہ سے اس فلم کی ریلیز میں ایک سال کی تاخیر ہوئی ہے۔

ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم لال سنگھ چڈھا میں کرینہ کپور بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم 14 اپریل 2022 کو ریلیز ہو گی۔

اکشے کمار کی چار فلمیں ریلیز کی منتظر

ہر سال چار فلمیں بنانے والے اکشے کمار سنہ 2022 میں بھی چار فلموں کے ساتھ تیار ہیں۔

ان میں تاریخی کرداروں پر مبنی ’پرتھوی راج چوہان‘ 21 جنوری 2022 کو ریلیز ہونے والی ہے۔ ہدایتکار آنند ایل رائے کے ساتھ اکشے کمار کی فلم ’رکشا بندھن‘ 11 اگست 2022 کو ریلیز ہو گی۔

ہندوؤں کے معروف تہوار دیوالی کے موقع پر اکشے کمار کی فلم ’رام سیتو‘ ریلیز کی جائے گی، جس میں اُن کے ساتھ جیکولن فرنینڈس اور نصرت بھروچا نظر آئیں گی۔

اکشے کمار کی چوتھی فلم ’او مائی گاڈ 2‘ ہو گی جو ’او مائی گاڈ‘ کا سیکوئل ہے۔ پنکج ترپاٹھی اس میں اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

اجے دیوگن، راجامولی کی فلم آر آر آر میں

فلم ’باہوبلی‘ کی زبردست کامیابی کے بعد ہدایت کار ایس ایس راجامولی اپنی اگلی فلم ’آر آر آر‘ لے کر آ رہے ہیں۔ اس میں جونیئر این ٹی آر، رام چرن، عالیہ بھٹ اور اجے دیوگن مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

یہ پین انڈیا فلم سال کے پہلے جمعہ کو ریلیز ہونے والی تھی۔ لیکن اب اس کی ریلیز کو کووڈ کی نئی قسم اومیکرون کے خطرے کے تحت ملتوی کر دیا گیا ہے۔ تاہم فلم کی نئی ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اجے دیوگن کا سپورٹس ڈرامہ ’میدان‘ تین جون 2022 کو ریلیز ہو گا۔

اجے دیوگن کی اندرا کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’تھینک گاڈ‘ 29 جولائی 2022 کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم میں سدھارتھ ملہوترا اور راکل پریت اُن کے ساتھ نظر آئیں گے۔

امیتابھ بچن بھی کئی فلموں میں نظر آئیں گے

امیتابھ بچن جنھیں ’صدی کا سپر ہیرو‘ کہا جاتا ہے وہ آج بھی انڈسٹری کے مصروف ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ رواں سال ان کی کئی فلمیں ریلیز ہوں گی۔

ان میں بہت زیادہ مباحثے میں رہنے والی سائنس فکشن فلم ’براہمستر‘ بھی شامل ہے، جس میں وہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ فلم نو ستمبر 2022 کو ریلیز ہو گی۔

امیتابھ بچن ’جھنڈ‘ میں ہدایت کار ناگراج منجولے کے ساتھ نظر آئیں گے، جو مراٹھی فلم ’سیراٹ‘ کی وجہ سے خاصے مقبول ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

کورونا وائرس: فلم انڈسٹری کو ہونے والے نقصان سے کیسے نمٹا جائے گا؟

انڈین فلم ’جے بھیم‘ جو مقبولیت میں ’گاڈ فادر‘ جیسی کلاسک فلموں کو پیچھے چھوڑ رہی ہے

’رنویر صرف میرے شوہر نہیں بلکہ بہترین دوست ہیں‘

امیتابھ بچن ’کوئین‘ کے ہدایت کار وکاس بہل کی اگلی فلم ’گڈ بائی‘ میں نینا گپتا کے ساتھ نظر آئیں گے۔ دونوں فلموں کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

29 اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم ’رن وے 34‘ میں امیتابھ ایک بار پھر اجے دیوگن کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔

رشی کپور کی آخری فلم

سنہ 2020 میں دنیا کو الوداع کہنے والے اداکار رشی کپور کی آخری فلم ’شرماجی نمکین‘ بھی سنہ 2022 میں ریلیز ہونے والی ہے۔

ہتیش بھاٹیہ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رشی کپور کے ساتھ جوہی چاولہ اور پریش راول مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

خواتین پر مبنی فلمیں

رواں سال کئی خواتین پر مبنی فلمیں آنے والی ہیں جن میں دلچسپ کہانی اور اداکاری کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ان میں کنگنا رناوت کی فلم ’تیجس‘ ایک بہادر خاتون فائٹر پائلٹ کی کہانی ہے۔

یہ انڈین فضائیہ سے متعلق ایک تاریخی واقعے سے ماخوذ فلم ہے، جس میں خواتین کو لڑاکا طیارے کے پائلٹ کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔ یہ فلم پانچ اکتوبر 2022 کو ریلیز ہو گی۔

رواں سال تاپسی پنو خواتین پر مبنی دو اہم فلموں میں نظر آئیں گی۔ ان میں سے ایک انڈین خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج پر مبنی ’شاباش مٹھو‘ ہے، جو چار فروری 2020 کو ریلیز ہو گی۔ دوسری تاپسی کی ہوم پروڈکشن فلم ’بلر‘ ہے جس کی ریلیز کا اعلان بھی جلد ہونے والا ہے۔

عالیہ بھٹ

Alia Bhatt/Facebook
دنیا کی دیگر صنعتوں کی طرح فلم انڈسٹری بھی کورونا وائرس کی وجہ سے بے حد متاثر ہوئی ہے

عالیہ بھٹ سنجے لیلا بھنسالی کی اگلی پیشکش ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ میں ممبئی کی 60 کی دہائی کی طوائف کے طور پر نظر آئیں گی۔ فلم 18 فروری 2022 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی رانی مکھرجی آشیما چھبر کی فلم ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم سنہ 2011 کے مشہور نارویجن کیس پر مبنی ہے، جس میں ناروے میں رہنے والے انڈین جوڑے اپنے بچوں سے الگ ہو جاتے ہیں۔ یہ فلم 20 مئی 2022 کو ریلیز ہو گی۔

سیکوئل کی بھرمار

سنہ 2022 میں کئی سیکوئلز بھی نظر آئیں گی، جن میں اکشے کمار کی ’او مائی گاڈ 2‘ اور کارتک آرین کی فلم ’بھول بھولیاں 2‘ نمایاں ہیں۔ بھول بھلیاں 2 میں کیارا اڈوانی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم 25 مارچ کو ریلیز ہو گی۔

انیل شرما کی سنہ 2000 کی کامیاب فلم ’غدر‘ کا سیکوئل ’غدر 2‘ بھی رواں سال ریلیز ہونے جا رہا ہے۔ اس میں سنی دیول، امیشا پٹیل اور اتکرش شرما ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

’بدھائی دو‘ فلم سنہ 2018 کی فلم ’بدھائی ہو‘ کا سیکوئل ہے۔ یہ ایک فیملی ڈرامہ ہے جس میں بھومی پڈنیکر اور راج کمار راؤ نے اداکاری کی ہے۔ فلم چار فروری کو ریلیز ہونے والی ہے۔

ٹائیگر شروف کی ’ہیروپنتی 2‘ ایک ایکرو مینٹک ایکشن فلم ہے اور سنہ 2014 میں آنے والی فلم ’ہیروپنتی‘ کا سیکوئل ہے۔ اس میں ٹائیگر شروف کے ساتھ نوازالدین صدیقی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

پین انڈیا فلمیں اور ہیرو

’باہوبلی‘ کی کامیابی کے بعد کل ہند فلموں میں ناظرین کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ جنوبی ہند کے کئی اداکاروں کی کئی بڑی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔

’باہوبلی‘ کے شہرت کے حامل اداکار پربھاس کی اگلی کل ہند فلم ’رادھے شیام‘ ایک رومانٹک ڈرامہ ہے۔ یہ فلم 14 جنوری کو ریلیز ہو گی۔

کنڑ زبان کے سٹار یش کی پین انڈیا فلم ‘کے جی ایف’ کا دوسرا حصہ 14 اپریل 2022 کو ریلیز کے لیے تیار ہے۔ اس میں سنجے دت اور روینہ ٹنڈن بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

جنوبی ہند کے ’کبیر سنگھ‘ مانے جانے والے وجے دیوراکونڈا ہندی فلموں میں اپنی اننگز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ فلم ‘لیگر’ میں وہ امریکی باکسر مائیک ٹائسن کے ساتھ فائٹ کرتے نظر آئیں گے۔ یہ فلم 25 اگست 2022 کو ریلیز ہو گی۔

وہیں جنوبی ہند کے مشہور اداکار وجے سیتھوپتی بھی ہندی فلم ’میری کرسمس‘ سے اپنی اننگز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ سری رام راگھون اس فلم کے ہدایتکار ہیں۔

ان کے ساتھ کترینہ کیف مرکزی کردار میں ہوں گی۔ یہ فلم 23 دسمبر 2022 کو ریلیز ہو گی۔

وویک اگنی ہوتری کی ہدایت کاری میں بننے والی ’کشمیر فائلز‘ 26 جنوری 2022 کو ریلیز ہو گی۔ اس کی کہانی کشمیری ہندوؤں کی نقل مکانی پر مبنی ہے۔

نئی نسل، نئی کہانی

’83‘ میں شاندار پرفارمنس دینے والے رنویر سنگھ رواں سال گجراتی اوتار میں نظر آئیں گے۔ فلم کا نام ’جیش بھائی زوردار‘ ہے۔ یہ فلم 25 فروری 2022 کو ریلیز ہو گی۔

وہیں ’سمبا‘ کے بعد رنویر سنگھ ایک بار پھر ہدایت کار روہت شیٹی کے ساتھ ہاتھ ملاتے نظر آئیں گے۔ اس بار وہ اپنی ڈائریکشن میں فلم ’سرکس‘ بنا رہے ہیں۔

دوسری جانب رنبیر کپور یش راج کی ایکشن فلم شمشیرا میں نظر آئیں گے۔ فلم 18 مارچ کو ریلیز ہو گی۔

مختلف اور آؤٹ آف دی باکس موضوعات کے انتخاب کے لیے معروف آیوشمان کھرانہ اب ‘ڈاکٹر جی’ جیسے ایک سماجی ڈرامے میں نظر آئیں گے۔

کارتک آریان فلم ساز ہنسل مہتا کی فلم کیپٹن انڈیا میں نظر آئیں گے۔ حقیقی واقعات سے متاثر یہ فلم سنہ 2015 کے جنگ زدہ یمن کے دوران ایئر انڈیا کے پائلٹ کی کہانی ہے۔ اس کہانی میں وہ انڈیا کے سب سے بڑے ریسکیو آپریشن ‘آپریشن راحت’ کا چہرہ بنتے ہیں۔

دوسری جانب اداکار ورون دھون فلمساز امر کوشک کی فلم ‘بھیڑیا’ میں نظر آئیں گے۔

گذشتہ سال لوگوں پر اپنی چھاپ چھوڑنے والی کیارا اڈوانی اداکار ورون دھون کے ساتھ دھرما فلم کی ‘جُگ جُگ جیو’ میں نظر آئیں گی۔ اس فلم میں انیل کپور اور نیتو کپور بھی نظر آئیں گے۔ فلم 24 جون کو ریلیز ہوگی۔

کترینہ کیف 15 جولائی کو ریلیز ہونے والی ہارر کامیڈی فلم ‘فون بھوت’ میں سدھانت چترویدی کے ساتھ نظر آئیں گی۔

دوسری جانب سدھانت چترویدی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے ساتھ شکن بترا کی فلم ‘گہرائیاں’ میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم 25 جنوری کو او ٹی ٹی پلیٹفار پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

اپنی ایکشن امیج کو برقرار رکھتے ہوئے، ٹائیگر شروف وکاس بہل کی ‘گنپت – پارٹ 1’ میں نظر آئیں گے۔

اس کے ساتھ سپر سٹار شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ اور سلمان خان کی فلم ‘ایک تھا ٹائیگر 3’ کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ اگرچہ یہ دونوں رواں سال ریلیز ہوں گی یا نہیں، اس کا ابھی اعلان نہیں ہوا ہے کیونکہ یش راج فلمز نے ابھی تک ان فلموں کی ریلیز کی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32568 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments