سپر پنک مون کسے کہتے ہیں اور آپ اس کا نظارہ کیسے کر سکتے ہیں؟


9 مارچ 2020 میں برازیل میں پورے چاند کا ایک منظر

رواں ہفتے 2020 کا سب سے بڑا اور روشن ترین مکمل چاند دیکھا جا سکے گا۔

سپر پنک مون کا بہترین نظارہ منگل 7 اپریل سے بدھ 8 اپریل کے درمیان ممکن ہے لیکن اس کا انحصار موسمی حالات اور آپ دنیا میں جہاں رہتے ہیں، اس پر ہے۔

اگرچہ اسے ‘سپر پنک مون’ پکارا جاتا ہے لیکن حقیقت میں یہ گلابی نہیں نظر آئے گا۔

آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس چاند کا یہ نام کیسے رکھا گیا اور آپ سپر پنک مون کا نظارہ کہاں اور کیسے کر سکتے ہیں۔

اس سُپر مون میں ایسا کیا سُپر ہے؟

اپریل کے سُپر مون میں ‘سُپر’ اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ یہ آسمان میں بڑا نظر آئے گا۔ جب چاند زمین کے قریبی نقطہ پر (یا 90 فیصد کے اندر) ہوتا ہے تو یہ ‘سپر مون’ کہلاتا ہے۔

دوسرے الفاظ میں، چاند ایک کامل دائرے میں زمین کا چکر نہیں لگاتا۔ کبھی یہ قریب ہوتا ہے، کبھی تھوڑا اور کبھی دور۔

جب یہ اپنے قریب ترین مقام پر ہوتا ہے تو اس کو پیریجی (زمین کے قریب ترین بیضوی دائرے کا پوائنٹ) کہا جاتا ہے اور ایک سپرمون اس وقت ہوتا ہے جب پیریجی چاند بھی مکمل چاند ہوتا ہے۔

20 مارچ 2019 میں نیویارک سے چاند کا نظارہ

اپریل کا سپرمون، زمین سے اوسط فاصلے 384400 کلومیٹر کے مقابلے میں، تقریباً 357000 کلومیٹر دور ہوگا۔

کیا سُپر پنک مون واقعی گلابی ہو گا؟

ہمیں افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔ مقامی امریکی قبائل سمیت بہت ساری ثقافتوں میں لوگوں نے وقت کا حساب رکھنے کے لیے ہر مکمل چاند کو نام دے رکھے تھے۔

اگرچہ اپریل کا مکمل چاند پنک مون کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن اس کے گلابی نظر آنے کی کوئی خاص امید نہ رکھیں۔

کیلیفورنیا سے گزشتہ برس فروری میں برفانی چاند کا نظارہ

کیلیفورنیا سے گزشتہ برس فروری میں برفانی چاند کا نظارہ

اس چاند کا نام گلابی پھولوں کے نام پر رکھا گیا ہے جنھیں ’وائلڈ گراؤنڈ فلوکس‘ کہا جاتا ہے۔ موسمِ بہار کے آغاز میں کھلنے والے یہ پھول امریکہ اور کینیڈا میں ہر جگہ نظر آتے ہیں۔

دنیا کے دیگر علاقوں میں اس چاند کو ’سپرنگ گراس مون‘، ’ایگ مون‘ اور ’فش مون‘ بھی کہا جاتا ہے۔

آپ سُپر پنک مون کیسے دیکھ سکتے ہیں؟

اس چاند کو دیکھنے کے بہترین وقت کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ دنیا میں کہاں رہتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ماہرین کی تجاویز کے مطابق، آسٹریلیا اور ایشیا کے بہت سارے علاقوں میں شاید بدھ 8 اپریل کو آپ اس سُپر پنک مون کا بہترین نظارہ کر پائیں۔

لیکن شمالی امریکہ اور یورپ کے ساتھ ساتھ جنوبی امریکہ اور افریقہ کے لوگوں کے لیے بھی منگل 7 اپریل کی شام بہترین وقت ہے۔

اس سے قطع نظر کہ آپ دنیا میں کہیں بھی ہوں، ان تاریخوں کے آس پاس کے دنوں میں بھی آپ اس چاند کے حیرت انگیز نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

آپ کو اپنے مقامی طلوع آفتاب اور چاند کے اوقات کا جائزہ لینا چاہئے اور دنیا کے جس حصے میں آپ ہیں وہاں چاند کے آسمان کی جانب سفر کی سمت کا تعین کریں۔

فروری 2019 میں پیرس سے نظر میں آنے والا سپر مون

فروری 2019 میں پیرس سے نظر میں آنے والا سپر مون

عام طور پر ماہرین فلکیات رات کے اوقات میں آسمان دیکھنے کے لیے باہر جانے کی تجویز کرتے ہیں۔ لہذا اپنے گھر کی چھت سے آپ کو سپر پنک مون کا نظارہ ممکن ہونا چاہیے، جب تک کہ آپ کا نظارہ بلند عمارتوں وغیرہ سے مسدود نہیں ہو جاتا اور آپ درست سمت والی کھڑکی کے سامنے موجود ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا کے بہت سے حصوں میں لوگ الگ تھلگ رہ رہے ہیں اس لیے مقامی قواعد پر عمل کیا جانا چاہیے۔

اس مہینے کے چاند میں خاص بات کیا ہے؟

متاثر کن شکل کے علاوہ، اپریل کا مکمل چاند دنیا بھر کے لوگوں کے اہم مذہبی تہواروں اور تعطیلات کے موقعے پر ظاہر ہو رہا ہے۔

ایسٹر کی تاریخ پورے چاند کے بعد پہلا اتوار ہے جو بہار کے وسطی خطوط (جب دن کی روشنی کی لمبائی عملی طور پر رات کے وقت کی لمبائی کی طرح ہوتی ہے) کی پیروی کرتی ہے۔ اس سال ایسٹر 12 اپریل کو منایا جا رہا ہے۔

انڈیا میں رہنے والے ہندو ہنومان کی پیدائش کا تہوار مناتے ہیں۔ اس سال یہودیوں کے تہوار پاس اوور کا آغاز بھی اپریل کے مکمل چاند کے ساتھ ہو رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32601 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp