سانحہ اے پی ایس کی دوسری برسی؛ ملک بھرمیں خصوصی تقریبات


\"\"

پشاور: سانحہ آرمی پبلك اسكول کے شہدا کی دوسری برسی آج منائی جارہی ہے گی جس کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی برسی کے موقع پرملك بھر میں سیاسی و سماجی تنظیموں ،سول سوسائٹی ،این جی اوزاور تعلیمی اداروں كے زیر اہتمام مختلف تقریبات كا اہتمام كیا جارہا ہے جن میں شہدا كیلیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی كی جائے گی۔ مركزی تقریب آرمی پبلك اسكول میں ہوگی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ كی شركت كا امكان ہے جب کہ  دیگر شہروں میں مختلف تقریبات میں شہدا كی یاد میں شمعیں روشن كی جائیں گی اور دہشت گردی كے خلاف جنگ میں سرگرم پاك فوج اورشہداء كے لواحقین سے یكجہتی كا اظہار كیا جائے گا۔

دوسری جانب سانحہ اے پی ایس کی دوسری برسی کے موقع پر مردان میں آج تمام سركاری اور نجی تعلیمی ادارے بندرہیں گے، عبدالولی خان یونیورسٹی بھی بند رہے گی۔ سانحہ اے پی ایس كی یاد میں آج تمام سركاری اور نجی ادارے بند ركھنے كا اعلان ڈپٹی كمشنر ڈاكٹر عمران حامدشیخ كی طرف سے کیا گیا ہے جس کا مقصد شہدا كے ساتھ یوم یكجہتی منانا ہے۔

ادھر خیبرپختونخواحكومت نے سانحہ آرمی پبلك اسكول كے شہدا كو خراج عقیدت پیش كرنے كے لیے جناح پارك پشاور میں ان كی یادگار تعمیر كرنے كا فیصلہ كیاہے جس كے لیے حكومت نے فنڈزمختص كرنے كے لیے ہدایات جاری كردی ہیں۔ صوبائی حكومت كی جانب سے آركائیوز لائبریری میں سانحہ اے پی ایس كے شہدا كی یاد میں یادگارشہداء تعمیر كرنے كا اعلان كیا گیا تھا تاہم مذكورہ یادگار تاحال تعمیر نہیں ہوسكی جس پر شہدا كے والدین كی جانب سے تحفظات كا اظہار كیاجارہاتھا جس كی بنیاد پر صوبائی حكومت نے اب جناح پارك پشاور میں اے پی ایس شہدا كی یاد میں یادگار تعمیر كرنے كا فیصلہ كیاہے۔

واضح رہے کہ 2 سال قبل پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے میں دہشت گردوں نے وارسك روڈ پشاور پر قائم آرمی پبلك اسكول پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں اساتذہ و طلباء سمیت 150 افراد شہید ہوئے جب کہ فورسز نے تمام دہشت گردوں كو ان كے انجام تك پہنچایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments