سٹارٹ اپس سرمایہ کاری کے لیے بالی وڈ کے بڑے ناموں کی پہلی پسند کیسے بنے؟

پراگ چھاپیکر - بی بی سی ہندی


دیپکا
ANI
دیپکا
بالی وڈ کے زیادہ کمائی کرنے والے فلم سٹارز کا بزنس مین بننا کوئی نئی بات نہیں ہے۔

کئی دہائیوں سے فلم سٹارز زمینوں اور جائیداد کی خرید و فروخت میں پیسہ لگاتے رہے ہیں۔ ان میں سے کئی نے مختلف کاروباروں میں بھی پیسہ لگایا ہے لیکن گذشتہ چند برسوں میں بالی وڈ سٹارز کی سرمایہ کاری کے رجحان میں تبدیلی نظر آئی ہے اور سٹارٹ اپس سے ان کی محبت میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے۔

زیادہ تر معروف فلم سٹارز سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور انھوں نے اس سے فائدہ بھی حاصل کیا ہے۔

عام طور پر فلمی ستارے کسی سٹارٹ اپ میں ایک سے پانچ کروڑ یا زیادہ سے زیادہ دس کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ‘آتم نربھر بھارت’ یعنی خود انحصار انڈیا کی سکیم کے تحت سٹارٹ اپس کی زیادہ حوصلہ افزائی کیے جانے کے بعد، فلمی اداکاروں نے نہ صرف سٹارٹ اپس میں اپنی دلچسپی دکھائی ہے بلکہ انھوں نے اس کے بارے میں کھل کر بات کرنا بھی شروع کردی ہے۔

رنویر سنگھ

رنویر سنگھ

سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری

یہ سٹارٹ اپس بالی وڈ اداکاروں کے لیے سرمایہ کاری کا وسیلہ ہونے کے ساتھ ان کی شبیہ کی برانڈنگ سے بھی وابستہ ہیں۔ بہت سے فنکار ان مصنوعات میں زیادہ دلچسپی ظاہر کرتے ہیں جو مداحوں میں ان کی شبیہ کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔

یہ فنکار تفریحی کاروبار میں سرمایہ کاری کو محفوظ سودا نہیں سمجھتے، وہ مختلف قسم کے سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کرکے یقینی منافع پر نظر رکھتے ہیں۔

معروف اداکار اکشے کمار ہر سال چار سے پانچ فلموں میں کام کرکے کمائی کے معاملے میں سرفہرست ہیں۔ وہ تقریباً ایک درجن کمپنیوں کو پروموٹ کرتے ہیں، لیکن انھوں نے سٹارٹ اپ کے تحت سرمایہ کاری کے لیے فٹنس کمپنی کا انتخاب کیا ہے۔

اکشے کمار نے ممبئی میں قائم ہیلتھ ٹیک سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ کمپنی سنہ 2014 میں قائم ہوئی تھی۔ یہ کمپنی فٹنس ڈیوائسز بناتی ہے جو لوگوں کے بلڈ پریشر اور ریئل ٹائم یعنی بروقت دل کی دھڑکن کی نگرانی کرتی ہے۔

ویڈیو پر مبنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر پابندی کے بعد انڈیا کے ایک مقامی ایپ کو کافی فروغ ملا اور یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ کے ‘سلطان’ سلمان خان نے اس کمپنی میں بڑی سرمایہ کاری کی۔

کیا بدلا ہے اور کیسے؟

ریئل سٹیٹ میں اپنا پیسہ لگانا تقریباً ہر بالی وڈ سٹار کی پہلی پسند رہا ہے۔ پرانے سے نئے ستارے پوش علاقوں میں، عمارتوں، ولاز، فارم ہاؤسز اور زمینوں میں سرمایہ کاری کرتے رہے ہیں۔ آج کے سٹارز بھی اس قدیمی کاروبار کو بہت حد تک محفوظ سمجھتے ہیں۔

لیکن وہ اس کاروبار میں اسی اور نوے کی دہائی کے فنکاروں کی طرح سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتے۔ وہ صرف اپنا پروڈکشن ہاؤس کھول کر فلموں اور ویب سیریز میں سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتے۔ اب ان کی سرمایہ کاری کئی شعبوں میں ہونے لگی ہے۔

بچوں کے تفریحی پارکوں سے لے کر مختلف قسم کے کھیلوں کے لیے، پریمیئر لیگ ٹیموں کی خریداری سے لے کر ریستوران تک، وہ پیسہ لگا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ کے ستارے سٹارٹ اپس میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

ایک وقت تھا جب ‘ڈسکو کنگ’ کہے جانے والے اداکار متھن چکرورتی نے سیاحتی مقام اوٹی میں ہوٹل کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی تھی، جو آج ان کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

جبکہ آج کے ‘ڈانسنگ سٹار’ رتک روشن نے بھی فٹنس سٹارٹ اپس میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ جبکہ سلمان خان کے ‘بینگ ہیومن’ برانڈ کو ہر کوئی جانتا ہے۔

امیتابھ بچن نے سنہ 1995 میں ‘اے بی سی ایل’ کے نام سے ایک کمپنی بنائی تھی لیکن مس ورلڈ کے ایونٹ کے دوران انھیں ایسا نقصان ہوا کہ وہ دیوالیہ ہو گئے۔

ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ بالی وڈ اب پہلے سے زیادہ کارپوریٹ ہوچکا ہے، دو دہائی قبل بالی وڈ کے امیر سٹارز سرمایہ کاری کے لیے ہوٹلوں یا بلڈرز کے پاس جاتے تھے کیونکہ انکم اور ٹیکس کا حساب کتاب آج جیسا نہیں تھا، اب اس میں بہت کچھ بدل گیا ہے۔

ایڈیلوائس کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ روہت مہتا کہتے ہیں: ‘دیکھیں، بالی وڈ کے لوگوں کے پاس بہت پیسہ ہے۔ اب اگر کچھ سرمایہ کاری ڈوب بھی جائے تو یہ ان کے لیے کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ اس لیے یہ لوگ اچھے منافع کے لیے کام کرتے ہیں۔ ان کا ویلتھ مینیجر ہی یہ سرمایہ کاری کرتا ہے۔’

روہت کا کہنا ہے کہ سٹارٹ اپ فنڈنگ میں کافی بہتری آئی ہے اور اب ہر کوئی اسی راہ پر ہے۔ اگر کسی سٹار کے پاس 25-50 کروڑ روپے ہیں اور وہ پانچ سے دس سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کرتا ہے تو اس سے اسے مکمل منافع ملتا ہے۔

رتک روشن

رتک روشن

سرمایہ کار صرف اکشے ہی نہیں

دیپکا پاڈوکون کی سٹارٹ اپ میں اکشے کمار سے زیادہ دلچسپی ہے۔ انھوں نے کئی سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی ہے۔ دیپکا نے حال ہی میں خوردہ کنزیومر گڈز فروخت کرنے والے سٹارٹ اپ میں پیسہ لگایا۔

اس کے علاوہ انھوں نے فرنیچر برانڈز، بیوٹی پراڈکٹس وغیرہ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ دیپکا نے توانائی بچانے والی ٹیکنالوجی کے ساتھ پنکھے بنانے والی کمپنی میں بھی پیسہ لگایا ہے۔

آئی آئی ٹی بمبئی کے طلبا نے یہ سٹارٹ اپ شروع کیا ہے جس میں 65 فیصد تک بجلی بچانے والے پنکھے بنائے جاتے ہیں۔ دیپکا کے شوہر اور اداکار رنویر سنگھ نے بھی ایڈٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ہے۔

معروف اداکارہ انوشکا شرما نے آلٹرنیٹو میٹ سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ ان کے شوہر اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے بھی اس سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی ہے اور انھوں نے بنگلور کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔

سلمان خان

سلمان خان، کترینہ کیف اور مادھری دیکشت کے درمیان

معروف اداکار پنکج ترپاٹھی شروع سے ہی کھیتی باڑی کا شوق رکھتے ہیں۔ انھوں نے ایگری ٹیک پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اس کمپنی کے پاس 30 لاکھ کسانوں کا نیٹ ورک ہے۔ پنکج ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ وہ شروع سے ہی برانڈنگ اور اشتہارات کے بارے میں محتاط رہے ہیں اور وہ اپنے انتخاب کو ترجیح دیتے ہیں۔

پنکج ترپاٹھی کہتے ہیں کہ ‘آئی آئی ٹی کھڑک پور کے دو طالب علموں نے مجھ سے ملاقات کی اور بتایا کہ کسانوں کے پاس زراعت سے متعلق بہت سے سوالات ہیں، جن کے جوابات ان تک نہیں پہنچ پاتے ہیں۔ وہ آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے کام کر رہے ہیں۔ میں بھی ایک کسان ہوں، میں بھی کسانوں کے بارے میں فکرمند رہا ہوں۔ اور جب مجھے موقع ملا تو میں نے زراعت کا انتخاب کیا۔’

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کی بڑی کاروباری کمپنیاں مہنگے ملکی ڈیزائنر برانڈز پر سرمایہ کیوں لگا رہی ہیں؟

کنگنا رناوت اس بار بالی وڈ ستاروں پر کیوں برس رہی ہیں؟

پنکج کہتے ہیں: ‘پہلے میری صورتحال ایسی نہیں تھی کہ میں فنڈنگ کر سکتا، لیکن اب میں نے اپنی دلچسپی کے مطابق انتخاب کیا ہے۔ اگر کوئی اور شعبہ دلچسپ ہو، وہ سماجی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ میں مددگار ہو تو بھی میں اس میں سرمایہ کاری کرنا چاہوں گا۔ کئی بار لوگ مجھ سے آن لائن اداکاری سکھانے کے لیے کہتے ہیں لیکن مجھے یہ مناسب نہیں لگتا۔’

انیل کپور اور عامر خان

انیل کپور اور عامر خان

پرینکا چوپڑا سے لے کر عامر خان تک

رتک روشن کے سٹائلنگ کی دنیا دیوانی ہے۔ انھوں نے کپڑوں اور اس سے منسلک لوازمات والے ایک سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ صحت اور فٹنس سٹارٹ اپ میں ان کی سرمایہ کاری ان دنوں خبروں میں ہے۔

‘دیسی گرل’ پرینکا چوپڑا امریکی اداکار اور گلوکار نک جوناس سے شادی کے بعد اب امریکہ میں مقیم ہیں۔ انھوں نے مختلف سٹارٹ اپس کا انتخاب کیا ہے۔ پہلے انھوں نے کالج ایجوکیشن سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی اور پھر ڈیٹنگ ایپس میں بڑی سرمایہ کاری کی۔

عامر خان نے آن لائن فرنیچر رینٹل پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کی ہے۔ ویسے وہ ایک پیمنٹ گیٹ وے سٹارٹ اپ کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی رہ چکے ہیں۔

ادکارہ عالیہ بھٹ نے سنہ 2017 میں ایک کمپنی میں سرمایہ کاری کی جسے ہندوستان کا پہلا آن لائن سٹائل پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل انھوں نے آئی آئی ٹی کانپور سے وابستہ ایک سٹارٹ اپ میں بھی سرمایہ کاری کی تھی۔ یہ کمپنی سائیکلوں پر پھولوں کی سجاوٹ کا کام کرتی ہے۔

شردھا کپور

شردھا کپور

اداکارہ شردھا کپور نے گذشتہ سال ایک بیوٹی برانڈ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ سنہ 2017 میں قائم ہونے والی یہ کمپنی آن لائن بیوٹی پراڈکٹس براہ راست صارفین کے گھروں تک پہنچاتی ہے۔

اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنا میک اپ برانڈ ہی لانچ کر رکھا ہے۔ حال ہی میں آئی پی او لانے والی ایک فیشن اور بیوٹی برانڈ میں انھوں نے سرمایہ کاری کی ہے۔

ان کی بہن اور اداکارہ کرشمہ کپور نے آن لائن بےبی پروڈکٹس کمپنی جیسے سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی ہے اور کرینہ کی دوست ملائکہ اروڑہ نے جوس اور دیگر مصنوعات میں سرمایہ کاری کی ہے۔

اداکارہ ایشوریہ رائے بچن نے اپنی والدہ کے ساتھ جس سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی ہے وہ بنگلور میں قائم ایک سٹارٹ اپ کمپنی ہے۔ یہ ہوا کے معیار کو ماپنے والی مشینیں بناتی ہے۔

اداکار آیوشمان کھرانہ نے ایک سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی ہے جو مردوں کے لیے مکمل گرومنگ مصنوعات بناتی ہے۔ سنہ 2015 میں قائم ہونے والی یہ کمپنی دہلی سے ملحق گروگرام یعنی گڑگاؤں میں قائم ہے۔

فٹنس کی طرف بڑھتا رجحان

اداکارہ جیکولین فرنینڈس ان دنوں دھوکہ دہی کے الزام میں ملوث سوکیش چندر شیکھر کے ساتھ دوستی کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ انھوں نے ایک جوس بنانے والی کمپنی میں سرمایہ کاری کی ہے۔

اداکار ارجن کپور نے اپنے چچا اور معروف اداکار انیل کپور کے ساتھ نان ویج کے شوقین افراد کے لیے ایک اشتہار کے ذریعے لوگوں کو راغب کیا ہے۔ انھوں نے ایک ہوم فوڈ ڈیلیوری کمپنی میں سرمایہ کاری کی ہے۔

اداکار سنیل شیٹی نے آن لائن فٹنس کمیونٹی سٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ سنیل نے کووڈ کی وبا کے دور میں لاک ڈاؤن کے دوران ہیلتھ سپلیمنٹ مصنوعات اور تعلیم کو فروغ دینے میں دلچسپی دکھائی ہے۔

سنیل کہتے ہیں: ‘میں چاہتا ہوں کہ دنیا یہ مانے کہ انڈیا کی پلیٹ سب سے زیادہ صحت بخش ہے۔ خود انحصار انڈیا کا مطلب صرف یہ ہے کہ ہم اپنے خزانے کو دنیا کے سامنے رکھیں اور یہ دکھائیں کہ ہمارے روایتی سامان میں کتنی مقوی ہیں۔’

اداکارہ شلپا شیٹی ورزش کے قدیم طریقہ کار یوگا پر عمل کرنے والی ہیں۔ انھوں نے تقریباً چار سال قبل ایک بیبی کیئر سٹارٹ اپ میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔

کووڈ کے دور میں ضرورت مندوں کے ہیرو بننے والے اداکار سونو سود نے دیہی فنٹیک سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی ہے۔

یہ کمپنی ملک کے تقریباً ایک کروڑ دیہی صنعت کاروں کو مالی اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کی بات کرتی ہے۔

ان سٹارز کو سرمایہ کاری کے لیے وسیع سٹارٹ اپ پلیٹفارمز ملا ہوا ہے اور اب خاص بات یہ ہے کہ انھوں نے اس پر کھل کر بات بھی کرنا شروع کردیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32607 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments