مرحوم منگیتر کی آخری خواہش پوری کرنے کے لیے فوٹو شوٹ


انڈونیشیا کی ایک خاتون نے جن کا منگیتر سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے جہاز پر سوار تھا اپنی شادی کی تصاویر اکیلے کھچوائی ہیں۔

انتن سیاری اور ریو نندا پرتما کی شادی 11 نومبر کو ہونی تھی۔

لیکن پرتما 29 اکتوبر کو شادی کے لیے آ رہے تھے جب ان کا جہاز جکارتہ سے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

سیاری کا کہنا ہے کہ وہ اپنے منگیتر کی آخری خواہش پوری کرنا چاہتی ہیں اور اسی لیے انھوں نے عروسی لباس اور شادی کی انگوٹھی پہن کر فوٹو کھچوائیں۔

سیاری نے انسٹاگرام پر لکھا ’اگرچہ میں غمزدہ ہوں لیکن پھر بھی مجھے مسکرانا پڑ رہا ہے۔ مجھے افسردہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ مضبوط ہونا چاہیے جیسے تم مجھے ہمیشہ کہتے تھے۔‘

انھوں نے کہا کہ پرتما نے جہاز پر سوار ہونے سے قبل مذاق کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ نہیں پہنچے تو تم فوٹو بھیج دینا۔

یاد رہے کہ جکارتہ سے پنگکل پنانگ جانے والے جہاز پر 180 افراد سوار تھے۔

اس سے قبل سیاری نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ اپنے منگیتر کو 13 سال سے جانتی تھیں اور وہ ان کا پہلا پیار تھے۔

جس فوٹوگرافر نے سیاری کی تصاویر کھینچیں اس نے بھی چند تصاویر آن لائن شائع کی ہیں اور سیاری کی کہانی بیان کی ہے۔

سیاری نے انسٹاگرام پر لکھا کہ وہ مڈل سکول سے ایک ساتھ تھے اور کیسے دونوں نے مل کر شادی کے جوڑے کا انتخاب کیا اور فوٹو شوٹ کا فیصلہ کیا۔

پرتما ڈاکٹر تھے اور وہ جکارتہ ایک سیمینار میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

پرتما نے جہاز پر سوار ہوتے ہوئے سیاری سے مذاق کرتے ہوئے کہا تھا ’اگر مجھے دیر ہو جائے اور وقت پر شادی میں نہ پہنچ سکوں تو تم پھر بھی شادی کا جوڑا پہننا۔ خوبصورت میک اپ کرنا، سفید گلاب منگوانا۔ اچھی فوٹوز کھچوانا اور مجھے بھیجنا۔‘

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32564 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp