ایک ماہر نفسیات کے لیے کتاب، تاریخ، قدیم فن اور حال سے تعلق استوارکرنا کس قدر ضروری ہوتا ہے، اس بات کا اندازہ فرائڈ کی زندگی سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ ادبی دنیا میں وہ شیکسپیئر کا بہت بڑا مداح تھا۔ شیکسپیئر کے مشہور ڈرامے ہیملٹ کے کردار میں ایڈی پس کمپلیکس پایا جاتا ہے۔ اس الجھاؤ میں بچے کو اپنی ماں سے جنسی لگاؤ ہوتا ہے اور وہ باپ سے رقابت محسوس کرتا ہے جس سے طفلانہ جنسیت (Infantile Sexuality) کے نظریے نے جنم لیا۔حالانکہ تنقید نگاروں نے فرائڈ کو اس کے متعارف کروائے گئے جنسی نظریوں کی وجہ سے اسے آڑے ہاتھوں لیا۔ نقاد اس کے ماں کے تقدس کو پامال کرنے پر کافی برہم رہے۔ اس نے تحلیل نفسی کے نظریے کے تحت ذہنی امراض کو سمجھنے اور کم کرنے کے مواقع فراہم کیے۔ تحلیل نفسی کے حوالے سے وہ کہتا ہے : ”تحلیل نفسی میری تخلیق ہے۔ دس برس تک میں اکیلا اس میں الجھا رہا۔ اس نئے شعبے نے میرے ہم عصروں میں جس غصے کو جنم دیا، میں تنہا اعتراضات کی صورت میں اسے برداشت کرتا رہا۔ اب جب کہ اس میدان میں اور بھی مصالحین آچکے ہیں تو میں یہ باورکرنے میں حق بجانب ہوں کہ تحلیل نفسی کو مجھ سے بہتر سمجھنے والا اور کوئی نہیں۔ “
Read more