سونی رازدان کا فیفی ہارون کے ساتھ انٹرویو: ’اگر عالیہ خوش ہے تو میں بھی خوش ہوں‘


سونی رازدان اپنے شوہر فلم ساز اور ہدایت کار مہیش بھٹ کے ساتھ

Soni Razdan
سونی رازدان اپنے شوہر فلم ساز اور ہدایت کار مہیش بھٹ کے ساتھ

بالی وڈ فلم ‘راضی’ میں عالیہ بھٹ کی ماں کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ سونی رازدان حقیقت میں بھی ان کی والدہ ہیں۔

سونی رازدان نے بی بی سی کی فیفی ہارون سے بات کرتے ہوئے جہاں اپنی اداکاری اور اپنی اداکارہ بیٹی عالیہ بھٹ پر بات کی وہیں انھوں نے پاکستانی اداکارہ میرا کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سونی نے ہی میرا کو بالی وڈ میں اپنی فلم میں لانچ کیا تھا۔ فلم ‘راضی’ جس پر پاکستان میں پابندی لگا دی گئی اس کے بارے میں انھوں نے کہا: ‘یہ فلم ایسی ہے جس میں پاکستان کو ولن نہیں بنایا گیا، جو کہ عام طور پر انڈین فلموں دیکھا گیا ہے کہ پاکستان کو ولن کے طور پر پیش جاتا ہے، ہم ہیرو ہوں گے اور آپ ولن۔ اور اسی لیے مجھے لگا کہ اس فلم کو پاکستان میں دکھایا جانا چاہیے تھا۔ کیونکہ یہ انسانی تصادم کی کہانی ہے۔’

‘نو فادرس ان کشمیر‘ کے بارے میں انھوں نے کہا: ‘یہ فلم آج کے ہماری جانب کے کشمیر میں جو مسائل ہیں ان کے درمیان جو پھنستے ہیں یہ ان پر مبنی ہے۔ میں ایک ایسی عورت کا کردار ادا کر رہی ہوں جس کا بیٹا غائب کر دیا گیا ہے۔ اور میری پوتی جس کی پرورش برمنگھم میں ہوئی ہے وہ اپنی ماں کے ساتھ آتی ہے۔ ماں کسی اور کے ساتھ شادی کرنا چاہتی ہے۔ اور میرا یہ تصادم ہے کہ ابھی یہ ثابت نہیں ہوا ہے کہ میرا بیٹا زندہ ہے یا مر چکا ہے تو پھر میری بہو ایسا کیونکر کر سکتی ہے۔’

یہ بھی پڑھیے

‘جب میری ماں کو کھڑکی سے باہر پھینکا گیا’

عالیہ بھٹ کی ہٹلر میں دلچسپی کیوں ہے؟

انڈیا میں ’راضی‘ لیکن پاکستان میں نہیں!

کشمیر سے لگاؤ

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کشمیر سے اور وہاں کے انسانی المیہ سے ان کا لگاؤ رہا ہے۔ ان کی کشمیر سے متعلق دو دستاویزی فلمیں ‘انشاء اللہ کشمیر’ اور ‘انشاء اللہ فٹبال’ جنھیں نیشنل ایوارڈ ملے لیکن وہ پہلے سینسر بورڈ میں پھنسی اور بقول ان کے پابندی کا بھی شکار رہی ہیں۔

فلم ساز مہیش بھٹ کی اہلیہ سونی رازدان نے کہا کہ لوگوں کو کشمیر کے بارے میں لاعلمی کے سبب اس قسم کے معاملے پیدا ہوتے ہیں کیونکہ جنھوں نے میری فلم دیکھی وہ رو پڑے۔

سونی رازدان نے پاکستان کے متعلق اپنے ایک انٹرویو کے بارے میں بتایا جو کہ تنازعے کا شکار ہو گیا تھا۔ اس کے بارے میں انھوں نے کہا کہ یہ بہت ہی مضحکہ خیز تھا۔ ایک ہیڈ لائن بن گئی اور تنازع کھڑا ہو گیا۔ میں نے کہا کم از کم انٹرویو دیکھ لو لیکن لوگوں نے ایسا نہیں کیا۔

اس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان سے جڑی ہوئی محسوس کرتی ہیں کیونکہ وہاں لوگ ان کو بہت چاہتے ہیں اور بہت پیار کرتے ہیں۔

مہیش بھٹ ایک بار پھر سے فلم کی جانب لوٹ رہے ہیں اور وہ اپنی فلم ‘سڑک ٹو’ کے ساتھ آ رہے ہیں جس میں ان کی دونوں بیٹیاں عالیہ اور پوجا بھٹ اداکاری کر رہی ہیں۔

جب سونی رازدان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی اس فلم میں ہیں تو انھوں نے کہ ‘میں نہیں ہوں کیونکہ میں سڑک ون میں مر چکی ہوں۔’

مہیش بھٹ پہلے پوجا کو ہدایت دے چکے ہیں لیکن دو بیٹیوں کو ایک ساتھ! اس کے جواب میں سونی رازدان نے بتایا کہ انھوں نے اس جہت پر غور نہیں کیا تھا۔ ‘عالیہ اپنے والد کے ساتھ کام کر رہی ہے اس کے لیے میں بہت خوش ہوں۔ میں نے ایسا نہیں سوچا تھا کہ کبھی یہ ہوگا کیونکہ مہیش ہدایتکاری چھوڑ چکے تھے۔ اس لیے کوئی امید بھی نہیں تھی۔’

مہیش بھٹ کی ہدایتکاری کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ‘جس طرح وہ اداکاروں سے رشتہ بناتے ہیں وہ بہت ہی منفرد ہے۔ کیونکہ جب آپ مہیش جیسے ہدایت کار کے ساتھ کام کرتے ہیں تو آپ دنیا کو بہت ہی مختلف زاویے سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ یہاں تک کہ کردار کو بھی الگ طرح سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔’

’اگر عالیہ خوش ہے تو میں بھی خوش ہوں‘

انھوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ عالیہ ایک اداکارہ کے طور پر ان سے یقینا کچھ سیکھنے والی ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ ‘فلم ہائی وے’ نے عالیہ کو ایک اداکار کے طور پر پختہ بنایا ہے۔

عالیہ کے کریئر میں آپ کا کتنا دخل ہے کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ‘میری ماں نے میری ادکاری میں جب کوئی دخل نہیں دیا تو میں اس قسم کی عورت نہیں ہوں جو اپنے بچے کے کام میں دخل دوں۔ البتہ عالیہ کی پہلی فلم ‘سٹوڈنٹ آف دی ایئر’ میں فلم ساز کرن جوہر کے کہنے پر میں عالیہ کے ساتھ تھی کیونکہ اس وقت وہ صرف 17 سال کی تھی اور کرن نے کہا کہ وہ انھیں ہینڈل نہیں کر سکتے۔ اس کے بعد سے میں کبھی عالیہ کے ساتھ نہیں تھی۔ البتہ ’ہائی وے‘ کے دوران اس کے یوم پیدائش کے سلسلے میں اس کے ساتھ دو تین دن رہی تھی۔ لیکن عالیہ نے مجھے خود یہ کہتے ہوئے منع کر دیا تھا کہ یہ ان کا اپنا سفر ہے جسے انھیں خود ہی طے کرنا ہے۔ میرے خیال سے ہائی وے ان کی ایسی فلم تھی جس میں انھوں اداکاری سیکھی۔ اس کا ہنر سیکھا۔’

عالیہ کی شادی کے بارے میں سونی رازدان نے کہا کہ ‘اگر عالیہ خوش ہے تو میں بھی خوش ہوں۔‘ انھوں نے رنبیر کپور کا نام لیے بغیر کہا کہ ‘وہ بہت ہی اچھا بچہ ہے، بہت ہی پیارا بچہ۔ سائشتہ ہے۔ اس کی پرورش بہت اچھی طرح ہوئی ہے۔’

پاکستانی اداکارہ میرا کی تعریف

پاکستانی اداکارہ میرا کے بارے میں سونی رازدان کا خیال ہے کہ اداکارہ کے طور پر وہ ‘ایک خواب ہیں۔’ خیال رہے کہ سونی نے سنہ 2005 میں میرا کو بالی وڈ میں فلم ‘نظر’ سے متعارف کرایا تھا۔

میرا کے بارے میں سونی نے کہا: ‘ایک اداکارہ کے طور پر وہ خود کو پوری طرح سے ہدایتکار کے سپرد کر دیتی ہیں۔’

انھوں نے مزید کہا کہ ‘ایک قسم کا تہذیبی و ثقافتی فرق تھا کیونکہ اس وقت جس طرح کی فلموں میں وہ پاکستان میں کام کر رہی تھیں اور جس طرح کی فلم میں بنا رہی تھی یا جیسا میرا اپروچ تھا اس میں فرق تھا لیکن ایک اداکارہ کے طور پر وہ ایک خواب ہیں۔ وہ ہمیشہ مصروف کار رہتی ہیں ہمیشہ تیار۔ جو کلر انسٹنکٹ ان میں ہے اسی نے انھیں اتنی کامیاب اداکارہ بنایا ہے۔’

اپنے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ ایک فلم ‘یورس ٹرولی’ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ عینی زیدی کی کہانی پر مبنی ہے اور اس میں ایک خاتون کلکتہ کے ایک بڑے سے گھر میں رہتی ہے اور اسے اس عمر میں بھی پیار کی تلاش ہے جسے ایک ریڈیو پریزنٹر کی آواز سے پیار ہو جاتا ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32560 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp