انڈین شائقین بہترین کھیل پیش کرنے والے وراٹ کوہلی کو ’خود غرض‘ کیوں کہہ رہے ہیں؟


کوہلی
کوہلی نے 95 رنز بنائے اور انڈیا نے 20 برسوں کے بعد ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی
انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا کی ٹیم نے لگاتار پانچویں جیت حاصل کرکے سیمی فائنل میں جانے کے لیے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے جبکہ مایہ ناز کرکٹر وراٹ کوہلی سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں محمد رضوان اور روہت شرما کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

انھوں نے گذشتہ شب نیوزی لینڈ کے خلاف 274 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 95 رنز سکور کیے اور سنچری بنانے سے چوک گئے۔ اس سے قبل والے میچ میں انھوں نے سنچری بنائی تھی۔

وراٹ کوہلی کی تمام تر نمایاں کارکردگی اور انڈین ٹیم کے لیے تعاون کے باوجود سوشل میڈیا پر ایک ایسی ٹرول آرمی نظر آتی ہے جو ان کے خلاف لکھنے سے کبھی باز نہیں آتی۔

گذشتہ شب جب وہ اپنی سنچری پوری کرنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے تو بہت سارے صارفین نے انھیں ’سیلفش‘ یعنی ’خود غرض‘ اور ’چوکلی‘ جیسے القاب سے نوازا۔

ایک طرف جہاں وراٹ کوہلی کو گوٹ یعنی گریٹسٹ آف آل ٹائم کہنے والوں کی کمی نہیں وہیں بہت سارے لوگ انھیں ’چوکلی‘ یعنی ان کے نام کوہلی کی مناسبت سے ’چوکر‘ بھی کہہ رہے ہیں۔

وراٹ کوہلی اگر کل سنچری بنانے میں کامیاب ہو جاتے تو وہ انڈیا میں کرکٹ کے ’بھگوان‘ کہے جانے والے سچن تنڈولکر کی 49 سنچریوں کی برابری کر لیتے۔

بابر کوہلی

بابر کا کوہلی سے موازنہ نہیں

کوہلی ہدف کا کامیابی کے ساتھ تعاقب کرنے کے معاملے میں سب سے آگے ہیں اور ان کے ریکارڈ اس بات کا منھ بولتا ثبوت ہیں۔ انھوں نے کامیابی کے ساتھ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 96 اننگز میں 5786 رنز بنائے ہیں جس میں 23 سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل ہیں اور ان کی اوسط 90 رنز سے زیادہ کی ہے۔

گذشتہ شب میچ کے دوران ٹی وی سکرین پر ان کے کارناموں کو باربار پیش کیا جا رہا تھا۔

وپن تیواری نامی ایک صارف کوہلی اور بابر اعظم کا موازنہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بابر اعظم نے اپنے پورے ون ڈے کریئر میں 5492 رنز بنائے ہیں جبکہ وراٹ کوہلی نے صرف کامیابی کے ساتھ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 5786 رنز بنائے ہیں۔ اس لیے ان کا پلاسٹک کے بادشاہ سے مقابلہ نہیں کیا جانا چاہیے۔‘

https://twitter.com/Vipintiwari952_/status/1716138044984533152

اگر بابر اعظم فی الحال رینکنگ میں نمبر ایک پر ہیں لیکن وراٹ کوہلی اپنے ہم عصروں میں سب سے آگے ہیں۔ انھوں نے 274 اننگز میں 13437 رنز سکور کیے ہیں جس میں 48 سنچریاں اور 69 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

رواں ورلڈ کپ میں وہ پانچ اننگز میں 354 رنز کے ساتھ سر فہرست ہیں اور ان کا اوسط 118 رنز کا ہے۔ ان کے بعد روہت شرما 311 رنز اور محمد رضوان 294 رنز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ روہت کا اوسط 62 کا ہے جبکہ محمد رضوان کا اوسط 98 رنز کا ہے لیکن انھوں نے ان دونوں انڈین کرکٹروں سے ابھی ایک ميچ کم کھیلے ہیں۔

کوہلی اور کے ایل راہل

کوہلی اور کے ایل راہل

کوہلی کو سیلفش یا خود غرض کیوں کہا جا رہا ہے؟

اس سے قبل 19 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے میچ میں وراٹ کوہلی کو سنچری مکمل کرنے کے لیے 26 رنز درکار تھے جبکہ انڈیا کو جیت کے لیے بھی اتنے ہی رنز چاہیے تھے۔

ایسے میں دوسرے سرے پر کھیلنے والے کے ایل راہل نے رنز نہ بنا کر کوہلی کو سنچری مکمل کرنے میں مدد کی اور کوہلی نے میچ جیت کر مین آف دی میچ کا انعام حاصل کیا۔ یہ ان کی ون ڈے میں 48 ویں سنچری تھی۔

گذشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف بھی انھیں سنچری کے لیے 13 رنز درکار تھے اور انڈیا کو جیت کے لیے بھی اتنے ہی رنز چاہیے تھے۔ دوسرے سرے پر کھیلنے والے رویندر جڈیجہ ان کو سنچری بنانے کا موقع دے رہے تھے لیکن وہ اپنی 49 ویں سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیے

کوہلی، راہل کی شراکت باقی ٹیموں کے لیے انتباہ!

بابر اعظم کے پیغام پر کوہلی کی دعائیں

بابر اعظم کیریئر کی بلندیوں پر: ’ایسے ریکارڈز تو صرف سر ڈان بریڈمین کے ہوتے تھے

اس کے بعد سے بہت سے صارفین نے لکھا کہ انھوں نے ’کوہلی سے بڑا خود غرض نہیں دیکھا۔‘

بہت سارے لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ روہت کے 46 رنز کوہلی کے 95 سے بہتر ہیں کیونکہ کوہلی سے بڑا خودغرض کوئی اور نہیں۔

جبکہ کئی صارفین نے 95 رنز پر ان کے آوٹ ہونے اور سنچری مکمل نہ کرنے پر لکھا کہ ’ہر خودغرض کا ایسا ہی انجام ہوتا ہے‘ اور یہ کہ ’کرکٹ خود غرضوں کے لیے نہیں ہے۔‘

https://twitter.com/ImHydro45/status/1716143417003311524

ایسے بہت سارے ٹویٹس کے جواب میں اروند دساری نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’انھیں خود غرض کہنا بند کریں۔ اگر انھوں نے 95 رنز نہ بنائے ہوتے اور ایک جانب سے وکٹ کو بچائے نہ رکھا ہوتا تو انڈیا شکست سے دو چار ہو سکتا تھا۔‘

https://twitter.com/Arjundanush16/status/1716138878585930027

چیتن نامی ایک صارف نے کے ایل راہل کا بیان جلی حروف میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کے لیے ہے جو کوہلی کو خودغرض کہتے ہیں۔ اس بیان کے مطابق کے ایل راہل نے کہا کہ ’میں نے ایک رن لینے سے منع کر دیا تو کوہلی نے کہا کہ اگر آپ سنگل نہیں لیں گے تو لوگ کہیں گے کہ ہم اپنی ذاتی ریکارڈ کے لیے کھیل رہے ہیں تو ہم نے کہا کہ ہم لوگ آسانی کے ساتھ جیت رہے ہیں آپ اپنی سنچری مکمل کریں۔‘

اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ ’گذشتہ رات جب کوہلی 74 رنز پر تھے اور جڈیجہ نے چھکا لگایا تو کوہلی ان کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔ جو لوگ انھیں خودغرض یا چوکلی کہہ رہے ہیں انھیں دیکھنا چاہیے۔‘

بہت سے لوگوں نے سوریہ کمار یادو کے رن آوٹ کی ویڈیو ڈال کر لکھا ہے کہ ’آپ خودغرضی کی مثال دیکھ سکتے ہیں۔‘

بہر حال ورلڈ کپ اپنے دوسرے نصف میں داخل ہو چکا ہے اور اب مقابلے زیادہ سخت ہوتے جا رہے ہیں ایسے میں ہر کھلاڑی کی کارکردگی پر لوگوں کی نظریں جمی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32749 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments