ایٹمی دھماکوں کی بریکنگ نیوز: ستائیسویں کی رات جو ہم نے جاگ کر گزاری


(رضی الدین رضی کی یاد نگاری)

ستائیس مئی کی 1998 کی رات ہم نے روزنامہ نوائے وقت کے دفتر میں جاگ کر گزاری تھی۔ جس طرح بارہ اکتوبر 1990 کو نواز شریف کی حکومت کے خاتمے سے حوالے سے اشفاق احمد نے بارہویں شریف کا نام دیا تھا اسی طرح ہم نے بھی ستائیس اکتوبر کے رت جگے کو ستائیسویں کی رات قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس مرتبہ ستائیسویں کی رات عیسوی کیلنڈر کے حساب سے آئی ہے۔ ایٹمی دھماکے ہوں یا ہلاکت کا کوئی اور سامان ہمیں اس پر فخر کا اظہار کرنا کبھی بھی اچھا نہیں لگا لیکن جس رات کی میں بات کر رہا ہوں اس روز ماحول اور جذباتی کیفیت کچھ اور تھی۔ پہلی بات تو یہی ہے کہ ہم نوائے وقت کے آفس میں تھے اور اس دفتر میں تو ان دھماکوں اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت دی جا رہی تھی کہ اس میں مجید نظامی خود بہت دلچسپی لے رہے تھے کہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف ان کے ساتھ مسلسل مشاورت میں تھے۔ سو نوائے وقت کے دفتر میں ان ایٹمی دھماکوں پر جشن منانا اور ایک دوسرے کو مبارک باد دینا ایک طرح سے ہمارے فرائض میں شامل تھا۔

وہ ضمیموں کی اشاعت کا زمانہ تھا اور نوائے وقت کا ضمیمہ ہم نے پہلے ہی تیار کر لیا تھا۔ انتظار صرف دھماکوں کا تھا اور خیال تھا کہ دھماکے ستائیس مئی کی رات کسی بھی وقت ہو جائیں گے۔ ہم نے وہ رات آنکھوں میں کاٹی تھی۔ کسی کو گھر جانے کی اجازت نہیں تھی کہ قوم کو اس تاریخ ساز واقعے کی فوری خبر دینا تھی۔ الیکٹرانک میڈیا اور بریکنگ نیوز کا وہ زمانہ نہیں تھا۔ پی ٹی وی خبر کا بنیادی ذریعہ تھا۔ اسی انتظار میں دن چڑھ گیا اور کچھ لوگوں کو باری باری گھر جانے کی اجازت مل گئی تاکہ وہ تازہ دم ہو کر دوبارہ محاذ سنبھال سکیں ‌۔ اٹھائیس مئی کو سہ پہر تین بج کر 16 منٹ پر نعرہ تکبیر کے ساتھ چاغی کے سرمئی پہاڑ سنہری ہو گئے۔ ان دھماکوں کے ساتھ نہ صرف پاکستان کو دنیا کی 7 ویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بن گیا۔ اور ہم تیار شدہ ضمیمہ پریس میں بھیج کر کچھ دیر کے لیے گھروں کو گئے تاکہ واپس آ کر اخبار تیار کر سکیں۔

ویسے تو بھارت نے پہلی بار ایٹمی دھماکے نہیں کیے تھے وہ اس سے پہلے 18 مئی 1974 کو سمائلنگ بدھا کے نام سے راجستھان میں ایٹمی دھماکہ کر چکا تھا۔ اس کے بعد پاکستان نے بھی اس ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا جس کی بنیاد ملتان میں رکھی گئی تھی۔ 11 اور 13 مئی 1998 ء کو بھارت نے ایک بار پھر پانچ ایٹمی دھماکے کیے۔ اب حالات ایسے تھے کہ پاکستان کے لیے خاموش رہنا ممکن نہیں تھا۔

لیکن صاحب وقت نے ثابت کیا کہ ہم ایٹمی قوت بننے کے باوجود بہت بے ضرر رہے ایٹم بم تو اگلے برس 1999 ء کے کارگل معرکے میں بھی ہمارے کام نہ آ سکا تھا۔ ممکن ہے آپ کو یاد نہ ہو ہم یاد کرائے دیتے ہیں کہ جب ہم 1999 ء میں یوم تکبیر کے نام سے ایٹمی دھماکوں کی پہلی سالگرہ منا رہے تھے اور ملک بھر میں سرکاری سطح پر جشن منایا جا رہا تھا عین انہی دنوں میں ہماری افواج کارگل کے معرکے میں مصروف تھیں۔ یہ ساری مہم جوئی اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو علم میں لائے بغیر کی گئی۔ مئی کے آغاز میں شروع ہونے والی یہ جھڑپیں جب باقاعدہ جنگ کی صورت اختیار کر گئیں تو ایٹمی ملک کے سربراہ نواز شریف جنگ بندی کے لئے امریکی مدد حاصل کرنے کی غرض سے اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ جولائی میں امریکا پہنچے۔ اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن کے مشیر بروس رائیڈل کے بقول نواز شریف اپنے اہل خانہ کو اس لئے واشنگٹن لے کر گئے تھے کہ انہیں خطرہ تھا کہ اگر وہ جنگ بندی نہ کرا سکے تو ان کی وطن واپسی ممکن نہیں ہو گی۔ نواز شریف کی جان بخشی کرانے کے لئے سعودی شہزادے بندر بن سلطان پہلے ہی واشنگٹن میں موجود تھے۔ ایٹمی ملک کے سربراہ نے کلنٹن سے دست بستہ معافی مانگی اور یوں ہمیں اپنی فوجیں لائن آف کنٹرول پر لانے کی اجازت ملی۔ جشن تکبیر کے نشے میں چور پاکستانی قوم کو اس روز پہلی بار احساس ہوا کہ جس ایٹم بم کو ہم اپنی بقا کی ضمانت سمجھتے تھے وہ تو اس جنگ میں ہمارے کام ہی نہیں آ سکا۔ ہمیں ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود اپنے آقا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہونا پڑا۔

ابھی تو بہت سے تماشے باقی تھے۔ ابھی تو ایٹمی دھماکوں کے ہیرو کو اپنے جرائم کا اعتراف بھی کرنا تھا۔ 28 مئی 1998 ء کو قوم ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر خان کی تصاویر اٹھا کر سڑکوں پر جشن منا رہی تھی لیکن جشن منانے والوں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ جس قدیر خان کی تصاویر اٹھا کر وہ سڑکوں پر رقص کر رہے ہیں وہ ایک روز خود ٹیلی ویژن پر آ کر اعلان کرے گا کہ لوگو میں تمہارا ہیرو نہیں مجرم ہوں۔ یہ لمحہ 4 فروری 2004 ء کو آیا۔ انسانیت کی موت کا سامان بنا کر ہیرو قرار پانے والے ڈاکٹر قدیر نے ایٹمی راز فروخت کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے اپنے کیے کی معافی مانگی۔ صدر مملکت پرویز مشرف نے ہیرو کے اعتراف جرم پر اسے معاف کر کے گھر پر نظر بند کر دیا۔ چند برس بعد عدلیہ نے ہیرو کو آزاد کر دیا۔ اب ہمارا ہیرو ایک بے ضرر سا کالم نگار بن چکا تھا پھر وہ اسی غیرعلانیہ اسیری کے دوران اسی موت کے سفر پر روانہ ہو گیا جس کا اس نے دوسروں کے لئے سامان کیا تھا۔

ثابت کیا ہوا؟ ثابت کچھ بھی ہو ہم تو یہی کہیں گے کہ ایٹمی دھماکوں کے بعد ہم پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments