انٹرنیٹ استعمال کرنے والے زیادہ رومانوی ہوتے ہیں


اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر مائیکل روزن فیلڈ کی ایک نئی تحقیق کے مطابق امریکہ میں انٹرنیٹ رکھنے والے بالغ افراد کے تعلقات ان بالغ مردوں اور عورتوں کے مقابلے میں زیادہ رومانوی ہوتے ہیں، جن کے پاس انٹرنیٹ موجود نہیں ہے۔

انٹرنیٹ کے ذریعے جیون ساتھی کی تلاش آسان ہو جاتی ہے۔ پروفیسر روزن فیلڈ کی یہ تحقیق تقریباً 4002 بالغ مردوں اور عورتوں سے پوچھے گئے سوالات پر مبنی ہے۔

82  فیصد لوگ، جن کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہے، ایک دوسرے کے ساتھ ازدواجی یا پھر رومانوی بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ اِس کے مقابلے میں انٹرنیٹ نہ رکھنے والے ایسے افراد کی شرح 63 فیصد بتائی گئی ہے، جو ایک دوسرے کے ساتھ کوئی ازدواجی یا رومانوی رشتہ نہیں رکھتے۔

انٹرنیٹ کے ذریعے بننے والے 61 فیصد جوڑے ہم جنس پرست ہوتے ہیں۔ مائیکل روزن فیلڈ کی اس تحقیق کے مطابق انٹرنیٹ امریکیوں کے لئے اپنا جیون ساتھی تلاش کرنا آسان بنا دیتا ہے۔ انٹرنیٹ ایسے لوگوں کی مدد کرتا ہے، جو کہ ازدواجی یا رومانوی ساتھی کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ دیکھا یہ گیا ہے کہ انٹرنیٹ پر زیادہ تر ہم جنس جوڑے ایک دوسرے سے رابطہ کرتے ہیں۔

روزن فیلڈ کے مطابق اس تحقیقی جائزے سے اندازہ ہوتا ہے کہ شاید شریکِ حیات تلاش کرنے کا 1940ء سے چلا آ رہا وہ طریقہء کار تبدیل ہو جائے، جس میں لوگ اپنے دوستوں کے حلقے میں سے اپنا جیون ساتھی چنا کرتے تھے۔ اِس تحقیقی جائزے کے مطابق آئندہ بہت ممکن ہے کہ انٹرنیٹ اِس حلقہء احباب کی جگہ لے لے۔

مائیکل روزن فیلڈ کی اس تحقیق کے مطابق انٹرنیٹ پر ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں آنے والے 61 فیصد جوڑے ہم جنس ہیں۔ روزن فیلڈ کے مطابق انٹرنیٹ پر جو جوڑے ملتے ہیں، اُن میں یہ بھی بہت ممکن ہے کہ وہ نہ صرف ہم جنس ہوں بلکہ وہ مختلف مذہبی پس منظر بھی رکھتے ہوں۔

روزن فیلڈ کے مطابق انٹرنیٹ ہمارے لئے نہ صرف اپنے رشتے داروں اور دوستوں سے رابطے میں رہنے کا ایک مؤثر اور نیا ذریعہ ہے بلکہ آنے والے وقت میں لوگ اس سے نئے رشتے اور ساتھی تلاش کرنے میں بھی مدد لیں گے، جس کا معاشرے اور لوگوں کی زندگیوں پر گہرا اثر پڑے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).