خواتین کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ: دو نئی کرکٹرز ٹیم میں شامل، بسمہ معروف کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار


کرکٹ

بسمہ معروف کو کپتانی پر برقرار رکھا گیا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سیزن کے لیے خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سینٹرل کنٹریکٹ میں نو خواتین کرکٹرز تین مختلف کیٹگریز میں شامل ہیں۔

گذشتہ کنٹریکٹ میں یہ تعداد 10 تھی البتہ اس مرتبہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ’ایمرجنگ‘ کیٹگری متعارف کروا کر اس میں بھی نو کرکٹرز کو شامل کیا ہے۔

یہ طویل عرصے کے بعد پہلا سینٹرل کنٹریکٹ ہے جس میں ثنا میر کا نام نظر نہیں آئے گا جو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکی ہیں۔ گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وہ اے کیٹگری میں شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

ثنا میر کپتانی سے فارغ، بسمہ معروف نئی کپتان

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

’خواتین کرکٹ کا مستقبل نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں ہے‘

ترقی اور تنزلی

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بسمہ معروف کو اے کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے، وہ گذشتہ کنٹریکٹ میں بی کیٹگری میں شامل تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بسمہ معروف کو اس سیزن کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

بسمہ معروف نے گذشتہ سیزن میں کھیلے گئے بین الاقوامی ایک روزہ میچوں میں 213 رنز بنائے تھے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد 236 تھی۔

جویریہ خان جو گذشتہ کنٹریکٹ میں بی کیٹگری میں تھیں انھیں ترقی دے کر اے کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 260 رنز بنانے والی کھلاڑی تھیں، جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔

کرکٹ

ثنا میر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکی ہیں

ڈیانا بیگ سی سے بی کیٹگری میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

ندا ڈار کو اس بار سی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔ گذشتہ کنٹریکٹ میں وہ اے کیٹگری کی کرکٹر تھیں۔

چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے توقع ظاہر کی ہے کہ ندا ڈار اپنی حالیہ مایوس کُن کارکردگی پر جلد قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گی کیونکہ وہ ایک اہم کھلاڑی ہیں۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں دو نئی کھلاڑی عمیمہ سہیل اور انعم امین کو شامل کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں کون کون شامل؟

کیٹگری اے میں بسمہ معروف اور جویریہ خان شامل ہیں، کیٹگری بی میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز جبکہ کیٹگری سی میں انعم امین، ناہیدہ خان، ندا ڈار اور عمیمہ سہیل شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایمرجنگ کیٹگری میں نو کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔ اس کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں: عائشہ نسیم، فاطمہ ثنا، کائنات حفیظ، منیبہ علی صدیقی، ناجیہ علوی، رامین شمیم، صبا نذیر، سعدیہ اقبال اور سیدہ عروب شاہ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری کے معاوضے میں 33 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے جبکہ بی کیٹگری اور سی کیٹگری میں یہ اضافہ بالترتیب 30 اور 25 فیصد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹرز کے لیے میچ فیس میں سو فیصد اور ڈیلی الاؤنس میں پچاس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

نئے کوچ کی تقرری

پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ ٹیم کے کوچ اقبال امام کے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں نئے کوچ کی تقرری مروجہ طریقہ کار کے تحت کی جائے گی۔

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو اس سال آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ایشیئن کرکٹ کونسل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی حصہ لے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32699 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp