گیم آف تھرونز کون جیتے گا؟ چند پیش گوئیاں


انتباہ: نیچے گیم آف تھرونز کے سپوائلرز ہیں

آئرن تھرون

جیسا کہ سرسی نہ کہا تھا ’گیم آف تھرونز کھیل کر آپ یا جیتتے ہیں یا مرتے ہیں‘

جورج آر آر مارٹن کی کتابوں پر مبنی ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز آخر کون جیتے گا؟
2011 میں شروع ہونے کے بعد سے اس شو کے واقعات ویسٹروس کے براعظم پر راج کرنے سے متعلق رہے ہیں۔
اب آخر کار جب امریکہ میں اتوار کی شب کو آخری قسط نشر ہو گی تو آئرن تھرون کی اس خون خوار جنگ کا فاتح معلوم ہو جائے گا۔
تو تلوار اور جادو کی داستان کیسے اختتام پر پہنچے گی؟
شو کے مداح ہفتوں سے سوشل میڈیا پر اپنی پیش گوئیاں کر رہے ہیں۔ ہمارے خیال سے یہ ممکن نتائج ہو سکتے ہیں:

ڈنیرس کی جیت!

قانون کی نو دہائی قبضے میں ہوتی ہے، اور ڈریگن کے ساتھ یہ دس میں سے دس ہو جاتی ہے۔ اس لیے ڈنیرس کی جیت ہو گی، جسے پانچویں قسط میں ان کی غضب کی برہمی کے بعد ’میڈ کوین‘ کہا جا رہا ہے۔

جب ان کو احساس ہوا کہ اپنے بھتیجے اور عاشق جون سنو سے یہ مقبولیت کا مقابلہ ہار چکی ہیں تو انھوں نے طے کیا کہ انھیں لوگوں کی محبت نہیں چاہیے، ان کے دل میں ڈر چاہیے۔

ڈبرؤونک

کنگز لینڈنگ کی تباہی سے پہلے کا منظر، جو اصل میں کروئشیا کا ڈبرؤونک شہر ہے

کنگز لینڈنگ کے ہتھیار ڈالنے کی گھنٹیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ڈنیرس اور اس کے آخری ڈریگن ڈروگون نے اس محصور شہر کو مکمل طور پر تباہ کر کے اپنے ہی محکوموں کو مار دیا۔

جی ہاں، ڈینی نے کھل کر غصہ نکالا۔

جبکہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ سرسی اور اس کے غلاموں کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے تھا، اکثر لوگوں کو ڈینی کے اچانک نجات دہندہ مسیحا سے آتش پسند قاتل بن جانے پر اعتراضات ہیں۔

یہ نہ بھولیے گا کہ ڈینی کے والد ایرس ٹارگیرئین کو ’میڈ کنگ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا اور اپنے شہر اور اس کے باشندوں کو تباہ کرنے کی کوشش میں یہ ’سب کو جلا دو!‘ (برن دیم آل) چلاتے ہوئے مارے گئے تھے۔

پھر بھی آخری قسط میں سارے پتے ڈریگن کوین کے ہاتھ میں ہوں گے، کیونکہ ان کے سب سے بڑے مخالف جون سنو بھی ان کو ملکہ تسلیم کرتے ہیں۔ تاہم آن لائن پائے جانے والی لیکس کے مطابق ہو سکتا ہے کہ ڈنیرس مردہ حالت میں اپنے ڈریگن پر سوار نیرو سی سے مشرق کی جانب چلی جائیں۔

جون سنو کا کیا ہو گا؟

جون سنو

HBO handout
جون سنو اپنی اگلی غلطی پر غور کرتے ہوئے

جون سنو پانچویں قسط میں صحیح معنی میں حیران نظر آ رہے تھے جب ان کی معشوقہ نے بلاوجہ قتل عام کر کے ایک پورا شہر جلا دیا۔

جون سنو کو اس طرح کی غلطیاں کرنے کی اور موت کے سامنے ڈٹ کر وفاداری سے اپنی ذمہ داری نبھانے کی عادت ہے۔ لیکن ان کی شکل سے یہ لگ رہا تھا کہ ان کو پتہ ہے کہ ڈنیرس کے قتل عام میں ان کی بھی غلطی ہے۔

ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ان کا نام ایگون ٹارگیرئین ہے اور یہ آئرن تھرون کے اصلی وارث ہیں، جبکہ یہ راز بھی ان کے منہ بولے بھائی اور سب سے قریبی دوست نے فاش کیا۔

لیکن کیا جون اپنی ولیرئین سٹیل کی تلوار کو اپنی ہی ملکہ، پھوپھو اور معشوقہ کے خلاف استعمال کریں گے؟ اور اگر ایسا ہو تو ان کے ڈریگن کا کیا ہو گا؟

عقلمندی تو یہ ہوگی کہ جون ان کے ساتھ مل کر حکمرانی کریں اور ان کے قاتلانہ رجحانات سے ان کو دور رکھیں۔

لیکن جون نے عقلمندی کا کام کب کیا ہے؟

کیا سانسا بھی ہو سکتی ہے؟

پورے براعظم پر بہت کم ذہین افراد رہ گئے ہیں اور سانسا نے سفارتی مہارت، صبر اور شعور کا مظاہرہ کر کے ان میں اپنی جگہ بنائی ہے۔

جب کسی دشمن پر کتے چھوڑنے ہوں تو وہ بھی کر سکتیں ہیں۔

لیکن کیا اس سے وہ نفیس حکمران بھی بن سکتیں ہیں؟

سانسا کو عام طور پر ’لیڈی آف ونٹرفیل‘ تو مانا جاتا ہے اور شاید اس عہدے کے لیے یہ سب سے مستحق امیدوار بھی ہوں، لیکن آئرن تھرون پر ان کا دعویٰ تھوڑا کمزور ہے۔

لیکن کیا ان کو تخت چاہیے بھی ہے؟ ان کی کنگز لینڈنگ سے وابستہ یادیں کچھ اچھی نہیں اور ان کو یہ بھی معلوم ہے کہ سٹارک خاندان کے لوگ جنوب میں کامیاب نہیں رہتے۔

اگر مشترکہ طور پر دیگر امیدواروں کا قتل عام نہ ہو، یہ کہا جا سکتا ہے کہ سانسا شمال میں ہی بیٹھ کر آئرن تھرون کی طرف سے بھیجے جانے والوں کو نیچا دکھائیں گی۔

یا پھر ٹرئین؟

گیم آف تھرونز

کتنے کردار اس سیریز کے آخر تک پہنچ پائیں گے؟ زیادہ نہیں

ٹرئین کے پاس میرین اور کنگز لینڈنگ کی دیکھ بھال کرنے کا تجربہ بھی ہے اور ڈینی کا مشیر اعلٰی (ہینڈ آف دی کوین) بننے کا بھی۔

کم از کم اگر کنگز لینڈنگ کو دوبارہ تعمیر کیا جائے تو اس کی نالیاں بہترین ہوں گی کیونکہ ٹرئین کے پرانے کام میں ان کی نگرانی بھی شامل تھی۔

گیم آف تھرونز کے آٹھ سیزنز میں اس لینسٹر کا نشیب و فراز پر مبنی سفر خاصہ دلچسپ رہا ہے۔

اتنے درخشاں ارتقا کے بعد یہ عین ممکن ہے کہ یہ تخت پر بیٹھ جائیں۔ اور اگر سارے پسندیدہ امیدوار ایک دوسرے کو ختم کر دیں تو یہ صورت حال متوقع ہو گی۔

اور ٹرئین شاید اس عہدے کے لیے موزوں بھی ہوں گے، خاص طور پر اگر وہ اپنی سابقہ بیوی سانسا کے ساتھ مل جائیں۔ آخر کار دونوں کے بیچ ونٹرفیل کے مقبرے میں چھپے ہوئے ہمدردی کا لمحہ بھی دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی سچ ہے کہ سانسا کا اپنے شوہروں کے ساتھ تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا، لیکن جیسا کہ انھوں نے خود ٹرئین سے کہا تھا ’تم سب سے اچھے تھے‘۔

شاید آریا؟

بنتا تو ہے، ویسے۔

شو کے سب سے بڑے وِلن نائیٹ کنگ کو مار کے پوری انسانیت کی جان بچانے کا کوئی تو انعام ہونا چاہیے، تو پھر آئرن تھرون ہی کیوں نہیں؟

اور اگر راستے میں کوئی مخالفین آئیں تو ان کو تلوار کی نوک استعامل کرنے میں بھی بہت مہارت حاصل ہے۔

مسئلہ صرف ایک ہے، آریا کو ملکہ بننے کا کوئی شوق نہیں۔

آریا نے حکمران طبقے سے اپنا تعلق ٹھکرانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا، یہاں تک کہ گینڈری کی طرف سے شادی کا پیغام اور اس کے ساتھ سٹورم لینڈز پر راج کرنے کا موقع بھی ٹھکرا دیا۔

لیکن دوسری جانب اگر کوئی ڈریگن سے چھپ کر ملکہ کا قتل کر سکتا ہے تو وہ آریا ہی ہے۔

برون تو نہیں؟

گفت و شنید کے ماہر برون نے ریوؤر رن سے ہائئ گارڈن تک تو اپنا راستہ بنا لیا ہے، تو پھر آئرن تھرون تک کیوں نہیں؟

انھوں نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ وہ جنگ کے دوران ایک زیرِ محاصرہ قلعے سے اندر اور باہر ایک خراش کے بغیر جا سکتے ہیں۔

جیسا کہ انھوں نے لینسٹر بھائیوں سے کہا تھا ’سو لوگ مارو تو نواب بنا دیتے ہیں، ہزار مار دو تو بادشاہ بنا دیتے ہیں‘۔

برون نے ہزار قتل تو کر ہی دیے ہوں گے؟

لیکن کیونکہ برون کی آڑی کمان ڈریگن کا مقابلہ پھر بھی نہیں کر سکتی، یہ اس تخت پر بیٹھنے کے مضبوط امیدوار نہیں۔

برین؟

زیادہ بولتا نہیں لیکن دیکھ سب کچھ لیتا ہے، تو پھر کیوں نہیں؟

’تھری آئڈ ریوؤن‘ منصفانہ اور عادلانہ ہے اور ویسٹروس کے ماضی، حال اور مستقبل کے بارے میں سب جانتا ہے۔

کیا انھوں نے اپنے آپ کو آئرن تھرون پر بیٹھے ہوئے دیکھ لیا ہے؟ مستقل بہار کے موسم میں ایک مطمئن آبادی پر حکومت کرتے ہوئے؟

ذرا سوچیے، ہر وقت اُفق کی جانب دیکھ کر ’چلڈرن آف دی فورسٹ‘ سے باتیں کرتے رہنا۔

باقیوں کی طرح ہم بھی یہ نہیں جانتے کہ گیم آف تھرونز کون جیتے گا، لیکن پرامن ماحول سے ہم بيزار نہیں ہو جائیں گے؟

اگر ہمیں ویسٹروس خونخوار، ناقابلِ پیشگوئی اور حالتِ انتشار میں پسند ہو تو؟

ایسے میں اگر برین آئرن تھرون پر نہ ہی بیٹھے تو بہتر ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32684 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp