کیا آپ کا نیٹ ورک، آپ کی نیٹ ورتھ میں اضافہ کر رہا ہے؟


ایک موثر، عملی سرگرمیوں اور جامع حکمت عملی پر مبنی نیٹ ورکنگ پر ایک شاندار کتاب

میری زندگی میں میری ایک یہ خوش قسمتی رہی کہ میرا تعلق اور واسطہ ایسے لوگوں اور کتابوں سے پڑا جنہوں نے میری سوچ کو وسیع اور متاثر کیا ہے۔ اس لئے میں جو کتاب پڑتا ہوں کوشش کرتا ہوں کہ اس کا مختصر تعارف، حوالہ، خلاصہ اور پیغام آپ تک پہنچا سکوں۔

آج بھی میں آپ کو ایک ایسی ہی کتاب سے متعارف کروا رہا ہوں جس نے نیٹ ورکنگ، مختلف اور ہر طرح لوگوں کے ساتھ روابط میں میری رہنمائی کی ہے۔

یہ کتاب معروف موٹیویشنل اسپیکر، نیٹ ورکنگ کوچ اور آسٹریلوی مصنفہ جینی گارنر (Janine Garner)
کی ہے۔ جس کا نام ہے۔
It ’s Who You Know:
How a Network of 12 Key People Can Fast-track Your Success

یہ بہت مختلف کتاب ہے بلکہ ایک عملی گائیڈ اور ورک بک ہے۔ 181 صفحات پر مشتمل یہ کتاب 2017 میں شائع ہوئی۔ میں نے یہ کتاب کراچی لٹریچر فیسٹیول سے 2019 میں خریدی تھی۔ اسے مکمل پڑھا اور اس پر عمل پیرا ہونے کی بھرپور کوشش کی۔ 2019 میں نے اس ایک ویڈیو تبصرہ بھی کیا تھا جو یوٹیوب پر دستیاب ہے۔ جس میں کتاب کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ البتہ یہ مضمون صرف کتاب کے تعارف پر مشتمل ہے۔

جینی گارنر، قیادت، اثر و رسوخ اور تعاون سے متعلق ایک معروف بین الاقوامی ماہر ہیں، وہ From Me to We نامی کتاب کی مصنف ہیں، اور LBDGroup کی بانی اور CEO ہیں۔ وہ سپیکر، ٹرینر فارچیون 500 کمپنیوں کے ساتھ کام کرتی ہیں اور جنہوں نے ہیولٹ پیکارڈ، ویسٹ پیک، سی آئی ایس سی او، سنٹر گروپ، سی بی آر ای اور رالف لارین سمیت سرفہرست برانڈز کو لانچ کرنے اور ان کو دوبارہ متحرک کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ صحیح وقت پر صحیح لوگ سے صحیح تعلق کامیابی کی بنیاد ہے۔ ہمارا نیٹ ورکنگ کے متعلق، نقطہ نظر بہت عجیب اور محدود ہے۔ ہم رابطوں میں بلا واسطہ ہوتے ہیں۔ ہمارا لوگوں سے رابطہ تو ہوتا ہے لیکن ان سے واسط نہیں ہوتا ہے۔ آپ کن لوگوں کو جانتے ہیں۔ اور کیسے اور کتنا جانتے ہیں۔ یہ اہم نقطہ نظر ہے جس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

کتاب تین حصوں پر مشتمل ہے۔
پہلے حصہ : کیوں
پہلا باب: اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں۔
دوسرا باب: جائزہ لیں، آپ کا نیٹ ورک اب کیسا ہے۔
تیسرا باب: اپنا نیٹ ورک، ایک موثر اور شراکتی نیٹ ورک سے بدل دیں۔
دوسرا حصہ: کون
چوتھا باب: اپنے موجودہ نیٹ ورک کا جائزہ لیں۔
پانچواں باب: اپنے چار بنیادی اور اہم نیٹ ورک ”کورفور“ کی تلاش کریں۔
چھٹا باب: اپنے نیٹ ورک میں 12 اہم اشخاص کی کھوج لگائیں۔
ساتواں باب: ان 12 لوگوں کی جانچ پڑتال کریں۔
تیسرا حصہ: کیسے
آٹھواں باب: کون، کیا اور کیوں کا انتخاب کریں؟
نواں باب: درست طریقے سے رابطہ کریں۔
دسواں باب : اپنے تعلقات کو پروان چڑھائیں اور باہمی اقتدار کا تبادلہ کریں۔
اس کے علاوہ کتاب میں اختتامیہ، ون لاسٹ چیک لسٹ، نوٹس، انڈکس اور عملی مشقیں بھی درج ہیں۔

یہ کتاب ہمیں ان 12 لوگوں سے ملواتی ہے، جو آپ کی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں، آپ کی کامیابی کے سفر کو موثر اور تیز کر سکتے ہیں۔ It ’s Who You Know ایک انتہائی موثر، نتیجہ خیز اور با اثر نیٹ ورکنگ کے لیے عمدہ کتاب ہے۔ آج کے دور میں صحیح تعلقات کا ہونا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے، کیونکہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور سوشل میڈیا نے سارے منظر نامے کو بدل دیا ہے۔ سوشل میڈیا نے نیٹ ورکنگ کو آسان تو بنا دیا ہے، لیکن کیا اس نے اسے بہتر بنا دیا ہے؟ یہ بہت اہم اور توجہ طلب نقطہ ہے جسے ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں، صحیح اور موثر تعلقات کا ہونا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے اور ہم میں سے زیادہ تر لوگوں کی یہ معلوم ہے کہ ہم سوشل میڈیا سے کنیکٹڈ محسوس کرتے ہیں۔ نیٹ ورکنگ اب بزنس کارڈز جمع کرنے اور ہزاروں لوگوں سے آن لائن یا آف لائن ملنے کے بارے میں نہیں ہے۔ یہ صحیح لوگوں کو جاننے، اور ان کے ساتھ تعلقات کو پروان چڑھانے کے بارے میں ہے۔ آپ کو صرف 12 جی ہاں، یا یہاں تک کہ صرف 4 لوگوں کی ضرورت ہے۔

حکمت عملی کے لحاظ سے یہ نسبتاً چھوٹا نیٹ ورک آپ کو اپنے ذاتی اور پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں مدد کرنے کے لیے طاقت، توانائی اور مواقع فراہم کرے گا۔ یہ کتاب آپ کو بتاتی ہے کہ آپ کو کس کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے، انہیں کیسے جاننا ہے اور دو طرفہ تعلقات کو کیسے موثر اور کارآمد بنانا ہے۔ ایکشن پلان، چیک لسٹ اور ایک آن لائن تشخیصی ٹول آپ کو فوراً قدم اٹھانا پر متحرک کرتا ہے۔

ایک جامع اور عملی منصوبہ بندی پر ”عمل کرنے“ پر زور آپ کو وہ تحریک دیتا ہے جس کی آپ کو اشد ضرورت ہے۔ پرانی کہاوت ہے کہ ”اہم یہ نہیں ہے کہ آپ کتنا جانتے ہیں ؛ اہم یہ ہے کہ آپ کسے جانتے ہیں“ ۔ یہ مثال آج کے دور پہلے سے زیادہ لاگو ہوتی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگ سوشل نیٹ ورکس پر ہزاروں لوگوں کو ”جانتے“ ہیں، لیکن ان میں سے کتنے لوگ آپ کو حقیقی معنوں میں جانتے ہیں اور ان میں سے کتنے واقعی آپ سے جڑے ہوئے ہیں؟

یہ نیٹ ورک کی بے ترتیبی کو دور کرنے اور ان لوگوں کی شناخت کرنے کا وقت ہے جو درحقیقت آپ کی پیشہ ورانہ اور ذاتی ترقی میں بیش قیمت اور قابل قدر اضافہ کر سکتے ہیں۔ ایک پرشور، تیز رفتار اور ہنگامی آن لائن دنیا میں حقیقی اور با اثر اسٹریٹجک نیٹ ورکنگ کے فن میں مہارت حاصل کریں۔ جانیں کہ آپ کو اپنے حلقے میں کس کی ضرورت ہے، اور انہیں کیسے تلاش کر سکتے ہیں۔ اپنے پیشہ ورانہ تعلقات کو پروان چڑھائیں اور انہیں برقرار رکھیں۔

اپنے کیریئر میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے اپنے پاور نیٹ ورک کا فائدہ اٹھائیں۔ آج، نوکریوں کی تشہیر سے پہلے ہی پوسٹ فل ہو جاتی ہیں۔ جین گارنر کے مطابق نیٹ ورکنگ کامیابی کے لیے ایک اہم عنصر بن گیا ہے۔ It ’s Who You Know نیٹ ورکنگ کو جدید دور میں آپ کے لیے کارآمد بنانے کے لیے، آپ کو ایک اسٹریٹجک نقطہ نظر دکھاتی ہے۔ کیونکہ اس مصنوعی دنیا میں حقیقی لوگوں کی تلاش بہت مشکل کام ہے۔ لحاظ یہ کتاب ایک رہنما کتاب ہے۔ اس کا مطالعہ کریں اور اپنے نیٹ ورک کو موثر بنائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments