انڈونیشیا: ماں، باپ اور بچوں کے گرجا گھروں پر خود کش حملے، 11 ہلاک، درجنوں زخمی
انڈونیشیا میں پولیس کے مطابق سورابایا شہر میں تین گرجا گھروں پر کیے جانے والے خود کش حملوں میں ایک ہی خاندان کا ہاتھ ہے۔
اتوار کو ہونے والے ان دھماکوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے سربراہ ٹیٹو کارناویان کے مطابق ماں اور اس کے دو بچوں نے ایک چرچ میں خود کو اڑایا جبکہ باپ اور تین بچوں نے دوسرے چرچوں کو نشانہ بنایا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان حملوں میں ماں باپ کے ساتھ نو اور 12 سال کی دو بیٹیوں اور 16 اور 18 سال کے دو بیٹوں نے حصہ لیا۔
انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ’ہمیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیئے۔‘
’ریاست اس بزدلی کے عمل کو برداشت نہیں کرے گی۔‘
سنہ 2005 کے بعد یہ انڈونیشیا میں سب سے خطرناک حملے ہیں۔
ان حملوں کی ذمہ داری نام نہاد شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے قبول کر لی ہے۔
اس سے قبل انڈونیشیا کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ واوان پروانتو نے کہا تھا کہ انھیں شبہ ہے کہ ان حملوں کے پیچھے دولتِ اسلامیہ سے متاثر گروہ جماعت انشارت دولہ کا ہاتھ ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان حملوں کا تعلق اس ماہ کے آغاز میں ہونے والے ایک واقعے سے ہو جس میں دارالحکومت جکارتہ کے نواح میں انتہائی سکیورٹی کی ایک جیل میں پولیس اور اسلامی شدت پسندوں کے درمیان 36 گھنٹے جاری رہنے والے محاصرے میں سکیورٹی فورسز کے پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
- ولادیمیر پوتن: 24 سال میں مسلسل پانچویں بار صدر بننے والے روسی سربراہ جو مغرب کے لیے ایک چیلنج بن چکے ہیں - 08/05/2024
- نیب کی بند فائل کھولنے سے مقدمہ واپس لینے تک: پاکستان میں احتساب کا عمل کیسے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جاتا رہا؟ - 08/05/2024
- نیپال کے 100 روپے کے نوٹ سے انڈیا ناراض کیوں ہے؟ - 07/05/2024
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).