امریکہ کا ایف سولہ طیاروں کے لیے پاکستان کی تکنیکی مدد کا اعلان


پاکستانی ایف 16 طیارہ

جمعے کو امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کو ایف 16 جنگی جہازوں کی دیکھ بھال کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دینے کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے سلامتی تعاون کے ادارے ’سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی‘ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے امریکہ سے تکنیکی تعاون کو جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے ’یہ مجوزہ فروخت امریکی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کو سپورٹ فراہم کرے گی کیونکہ اس سے امریکی عملہ مسلسل 24 گھنٹے امریکی ٹیکنالوجی کی نگرانی کر سکے گا۔‘

یہ بھی پڑھیے

ایف 16 کی خریداری، امریکہ کا پاکستان کی مدد سے انکار

جمہوری اور فوجی ادوار اور امریکی امداد

’ٹرمپ انتظامیہ کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہو گا‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ مجوزہ فروخت خطے میں بنیادی عسکری توازن کو نہیں بدلے گی۔

ایک الگ بیان میں سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے انڈیا کو 67 کروڑ کی عسکری فروخت کی منظوری کا اعلان بھی کیا ہے۔

امریکہ کی طرف سے یہ اعلان پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورے کے کچھ دنوں بعد ہی آیا ہے۔

ٹرمپ عمران ملاقات

واضح رہے کہ گزشتہ سال خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے نوے کروڑ ڈالر کی سکیورٹی معاونت معطل کر دی تھی۔ امریکہ نے اس کی وجہ پاکستان کی حقانی نیٹ ورک اور افغان طالبان کے خلاف غیر تسلی بخش کارروائی بتائی تھی۔

سنہ 2016میں اوباما انتظامیہ اور پاکستان کے درمیان آٹھ ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے معاہدے کی بات چیت شروع ہوئی تھی جس پر انڈیا نے امریکی حکومت سے تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔

بعد میں فروخت کا یہ معاملہ جب امریکی کانگرس تک پہنچا تو امریکی حکومت کو اس کے خلاف شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ امریکی کانگرس نے ایف سولہ طیاروں کی فروخت پر تو رضامندی ظاہر کی تھی لیکن مالی امداد منظور نہیں ہو سکی تھی جس کے بعد یہ ڈیل رک گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32732 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp