مجھ سے قومی اسمبلی کے ٹکٹ کیلئے 10 کروڑ روپے مانگے گئے: زعیم قادری


مسلم لیگ (ن) کے ناراض رکن زعیم قادری نے دعوی کیا ہے کہ مجھ سے قومی اسمبلی کے ٹکٹ کیلئے 10کروڑ روپے مانگے گئے لیکن میں 10 کروڑ روپے مانگنے والے شخص کا نام نہیں بتاؤں گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں زعیم حسین قادری نے کہا کہ میں اس شخص کا نام نہیں بتاؤں گا جس نے کہا تھا کہ تمہار ے پاس 10 کروڑ روپیہ نہیں ہے اس لئے تم کو ٹکٹ نہیں دیں گے کیونکہ بندوں کا پردہ رکھنا چاہئےاور جو بندوں کا پردہ رکھتا ہے اللہ تعالی اس کا پردہ رکھتا ہے لیکن وہ ایک گھٹیا آدمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی محفلوں میں گفتگو کے مختلف رخ بنا کر پیش کئے جا رہے ہیں لیکن کیا میں اتنا بھی استحقاق نہیں رکھتا تھا کہ مجھ سے پوچھ لیا جاتا کہ معاملہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جب میں 7 ماہ کی جیل کاٹ کر آیا تو مجھے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور کہا کہ تمہارے جیسا تیز بولنے والا شخص جس کی شکل کارکنوں کو پسند نہیں ہے اس لئے عہدے سے مستعفی ہو جاؤ۔ یہ بات شہبازشریف نے کہی تھی۔ میں ہمیشہ اپنی قسمت سمجھ کر چپ ہو جاتا تھا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جب میں جیل میں تھا تو پرویز مشرف کے ایک قریبی شخص نے مجھے جیل میں جا کر کہا تھا کہ اگر آپ ہماری بات مان لیں تو آپ کو جیل سے جھنڈے والی گاڑی لے کر جائے گی۔ زعیم قادری نے کہا کہ میں نے اپنی 20 سال کی تکالیف پیش کر دی ہیں اور اب میں کسی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کی نوکری نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے میرا نظریاتی اختلاف ہے۔ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں الیکشن جیت کر فیصلہ کروں گا کہ میں نے کس جماعت میں شمولیت اختیار کرنا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).