25 جولائی کو الیکشن نہ ہوئے تو رکاوٹ بننے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے: شاہد خاقان عباسی


سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ چودھری نثار کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا اور پارٹی جو فیصلہ کرے گی، وہی ہمارا فیصلہ ہو گا۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کاعذات نامزدگی میں ٹیمپرنگ نہیں کی گئی، میرے وکیل نے عدالت کے سامنے اضافی معلومات پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بیان حلفی کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوا جس کی ضرورت نہیں تھی۔ حلف نامے سے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ پہلے بھی کہا تھا کہ الیکشن کے فیصلے عدالت نہیں، عوام کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو الیکشن نہ ہوئے تو روکنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ تمام جماعتوں سے ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے زیادہ تر امیدوار عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ الیکشن مہم چلانے میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کے عوام میرے ساتھ ہیں۔ حلقے میں گیس کنکشن نہ ملنے پر 12 افراد نے احتجاج کیا۔ سب کا احتجاج سننے کو تیار ہوں اور یہی جمہوریت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).