ڈی آئی خان میں خود کش حملہ: سابق صوبائی وزیر اکرام گنڈا پور ڈرائیور سمیت شہید، 5 افراد زخمی


 ڈی آئی خان میں خود کش حملہ میں سابق صوبائی وزیر اکرام گنڈا پور ڈرائیور سمیت شہید ہو گئے ہیں۔ دو پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا اسمبلی سے امیدوار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں سابق صوبائی وزیر، ان کا ڈرائیور اور 2 پولیس اہلکار وں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈرائیور رمضان راستے میں ہی شہید ہوگیا جبکہ دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان کا کہنا ہے کہ اکرام اللہ گنڈاپور کو شدید زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اکرام گنڈا پور تحصیل کولاچی میں ایک دھرنے میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں ہی ایک خود کش حملہ آور ان کے قافلے کی جانب بڑھا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے سے اکرام گنڈا پور کی گاڑی تباہ ہوگئی۔ سکیورٹی فورسز کا کوئی بھی اہلکار موقع پر نہیں پہنچ سکا جس کے باعث مقامی لوگوں نے انہیں اپنی مدد آپ کے تحت انہیں ہسپتال منتقل کیا۔

خیال رہے کہ 2013 کے الیکشن میں اکرام اللہ گنڈا پور کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور تحریک انصاف کی ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر وہ اپنے حلقے کے لوگوں سے عید مل رہے تھے کہ اسی دوران ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں اسرار گنڈا پور شہید ہوگئے تھے ۔ اسرار اللہ گھر کی راہداری سے تھوڑے فاصلے پر اپنے والد سردار عنایت اللہ گنڈہ پور کی قبر کے پاس کھلے آسمان تلے بیٹھے تھے کہ خود کش حملہ آور ملاقاتیوں کے ایک گروپ کے ساتھ وہاں پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ قبل اس کے کہ وہ عید ملنے کے لئے کرسی سے اٹھتے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں سردار اسرار اللہ خان گنڈا پور اپنے تین ذاتی محافظوں اور چار علاقہ عمائدین کے ساتھ شہید ہو گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).