ہیپی کرسمس روبینہ مسیح


\"\"پیاری روبینہ مسیح!
تم آجکل چھٹی پر ہو اور میرا پوتا سنبھالنے کے لیے ڈیوٹی پر نہیں آ رہی ہو، اس لیے میں تمہیں یہاں مخاطب کر رہی ہوں۔

مجھ مسلمان کی طرف سے تمہیں کرسمس مبارک۔ مجھ محمدﷺ پر ایمان رکھنے والی کی طرف سے تمہیں الله کے نبی عیسیٰ علیہ السلام کا یومِ ولادت مبارک۔ ابھی کچھ دن پہلے میں نے بھی محمدﷺ کا یومِ ولادت منایا ہے۔ دیکھو کیا حسنِ اتفاق ہے!
تمہیں بتانے کا موقع نہیں آیا مگر ڈیوٹی پر آؤ گی تو تمہیں بتاؤں گی کہ محمدﷺ پر ایمان رکھنے کے باوجود اللہ تعلیٰ نے فرمایا ہے کہ میرا ایمان تب تک مکمل نہیں قرار دیا جائے گا جب تک میں اس کے تمام پیغمبروں پر ایمان نہیں لاؤں گی۔ عیسیٰ علیہ السلام ان میں سے ایک ہیں۔
تم کرسمس کی چھٹی کے بعد جب میرے ننھے کریم کو سنبھالنے کے لیے واپس آؤ گی تو میں تمہیں بتاؤں گی کہ میں بھی عیسیٰ علیہ السلام پر ایمان رکھتی ہوں کہ وہ اللہ کے پیغمبر ہیں۔

اپنی عبادت میں میرے لیے بھی خداوند کے حضور دعا مانگنا، کہ ایک ہی خداوند ہے تمہارا بھی اور میرا بھی۔ دعا مانگنا کہ خداوند اس مسلمان ملک میں، ایک مسلمان کی حیثیت سے مجھے بچائے غیر مسلم اور کمزور اقلیت پر ہاتھ اٹھانے سے اور ان کے خون سے ہاتھ رنگنے سے۔ ان سے نفرت کرنے سے۔ ان کی حق تلفی کرنے سے۔ کیونکہ خداوند کے پاس حقوق العباد کا معاملہ بڑا ہی سخت ہے۔\"\"

ہاں روبینہ۔۔۔ حقوق العباد (حقوق المسلمین نہیں)۔۔۔ جنہیں تم human rights کہتی ہو۔ وہ مجھے میرے نامکمل سجدے تو معاف کر دے گا مگر اپنے بندوں پر ظلم و زیادتی نہیں۔ اس کے لیے وہ مجھے واپس اسی کی طرف معافی کے لیے لوٹائے گا جس کے ساتھ میرا ظلم و زیادتی اور حق تلفی کا معاملہ ہوگا۔

تمہیں پتہ ہے تم میرے جس ننھے کریم کو سنبھالتی ہو اس کا نام میں نے عبدالکریم کیوں رکھا ہے!

اس لیے کہ یہ خداوندِ کریم کی صفت ہے اور اس کے لیے بھی دعا کرنا کہ خداوندِ کریم اسے رحم اور کرم کی صفت سے نوازے اور اسے انسانوں پر رحم کرنے والا انسان بنائے۔ تاکہ مجھے روزِ حشر محمدﷺ کے حضور شرمندگی نہ ہو کہ میں نے اپنی نسلوں کو مکمل ایمان منتقل نہیں کیا جس کا لازمی حصّہ ہے حقوق العباد اور اللہ کے نبیوں پر ایمان۔

ایک بار پھر تمہیں کریم اور میری طرف سے عیسیٰ علیہ السلام کا یومِ ولادت مبارک۔

ہیپی کرسمس روبینہ مسیح
فقط
کریم کی دادی

نورالہدیٰ شاہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نورالہدیٰ شاہ

نور الہدی شاہ سندھی اور اردو زبان کی ایک مقبول مصنفہ اور ڈرامہ نگار ہیں۔ انسانی جذبوں کو زبان دیتی ان کی تحریریں معاشرے کو سوچنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔

noor-ul-huda-shah has 102 posts and counting.See all posts by noor-ul-huda-shah

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments