عامر خان بمقابلہ نیرج گویاٹ: ’کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی انڈیا کے ہاتھوں شکست کا بدلہ لوں گا‘


باکسر عامر خان اور نیرج گوہاٹ

WBC
عامر خان اور نیرج گویاٹ کے درمیان مقابلہ 12 جولائی کو سعودی عرب میں ہوگا

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی انڈیا کے ہاتھوں شکست کا ‘بدلہ’ انڈیا کے باکسر نیرج گویاٹ سے جیت کر لیں گے۔

مقابلے میں عامر خان برطانیہ اور پاکستان دونوں کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ نیرج گویاٹ صرف انڈیا کی طرف سے لڑیں گے۔

جیتنے والے کھلاڑی کو انعام میں جو بیلٹ ملے گا اس پر پاکستان، انڈیا، برطانیہ اور سعودی عرب کے حھنڈے بنے ہوئے ہیں۔

27 سالہ نیرج گویاٹ کو اپنا حریف چُننے پر 32 سالہ عامر خان کو تنقید کا سامنا ہے لیکن اس بات سے قطع نظر یہ ایک دلچسپ میچ ثابت ہو گا۔

مقابلہ کب اور کہاں ہورہا ہے؟

عامر خان اور نیرج گویاٹ کے درمیان مقابلہ 12 جولائی کو سعودی عرب میں ہوگا۔ اس لڑائی کا انعقاد جدّہ کے ’کِنگ عبداللہ سپورٹس سِٹی‘ میں ہورہا ہے۔

یہ مقابلہ سعودی جنرل سپورٹس اتھارٹی کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے اور یہ سعودی عرب میں اصلاحات کے عمل کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ہیوی ویٹ باکسنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ

عامر خان: ’میں نے ابھی باکسنگ نہیں چھوڑی‘

فلائی ویٹ کیٹیگری میں محمد وسیم عالمی نمبر ایک باکسر

پاکستان اور انڈیا کے بیچ ایک اور مقابلہ

اُمید کی جارہی ہے کہ پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان یہ مقابلہ دیکھنے سعودی عرب آئیں گے جبکہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھجوایا جا چکا ہے۔

اس لڑائی کو منتظمین کی جانب سے ‘قیامِ امن کے لیے کی جانے والی لڑائی’ بھی کہا جا رہا ہے۔

اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ ’یہ پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ ایک انڈین باکسر کا مقابلہ پاکستانی باکسر سے ہو رہا ہے اور میرے لیے یہ بہت دلچسپی کا باعث ہے۔ اس سے دونوں ملک ایک دوسرے کے نزدیک آئیں گے۔‘

باکسر عامر خان

نیو یارک میں ایک مقابلے کے دوران عامر خان کو ڈبلیو بی او ورلڈ ویلٹر ویٹ چیمپیئن ٹیرنس کرائفورڈ کے ایک لو پنچ کے بعد مقابلہ ختم کرنا پڑا تھا

یہ لڑائی عامر خان کے لیے کیا معنی رکھتی ہے؟

دو مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے والے عامرخان کے کریئر میں کئی اُتارچڑھاؤ آئے ہیں مگر یہ لڑائی ان کے لیے اتنی ہی اہمیت کی حامل ہے جتنی اُبھرتے ہوئے باکسر نیرج گویاٹ کے لیے ہے۔

سنہ 2016 میں سابق لائٹ اور ویلٹر ویٹ عالمی چیمپیئن عامر خان امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں کینیلو الواریز کے ہاتھوں ناک آؤٹ ہوئے تھے، جس کے دو سال بعد انھوں نے کینیڈا کے حریف فل لو گریکو کو صرف 40 سیکنڈ میں ڈھیر کر دیا تھا۔

رواں سال اپریل میں ایک لڑائی کے دوران عامر خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیویارک میں ہونے والے اس مقابلے میں عامرخان کو ڈبلیو بی او ورلڈ ویلٹر ویٹ چیمپیئن ٹیرنس کرائفورڈ کے ان کے جسم کے زیریں حصے پر مکا مارا تھا جس کے بعد مقابلہ ختم کرنا پڑا تھا۔ کرائفورڈ نے انھیں پہلے ہی راؤنڈ میں چت کردیا تھا اور تینوں کے تینوں ججوں نے کرائفورڈ کو زیادہ پوائنٹس دیے تھے۔

میچ کے بعد عامرخان سے جب پوچھا گیا کہ آیا یہ ان کی آخری لڑائی تھی، تو اُن کا کہنا تھا کہ ‘ہرگز نہیں۔ مُکا کھا کر چِت ہونے کےعلاوہ یہ کوئی اتنی ظالمانہ لڑائی نہیں تھی۔’

نیرج گویاٹ کون ہیں؟

نیرج گویاٹ ایک سابق ایم ایم اے فائٹر ہیں جو اب تک گیارہ فتوحات حاصل کر چکے ہیں۔ انھیں تین لڑائیوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ان کے دو میچ ٹائی ہوئے ہیں۔ انھوں نے اپنی آخری کامیابی ٹورنٹو میں میکسیکو کے کارلوس لوپیز مارملیجو کے خلاف اپریل میں حاصل کی تھی۔ وہ انڈیا کے پہلے باکسر ہیں جنھوں نے ڈبلیو بی سی کی رینکنگ میں جگہ بنائی ہے۔

اطلاعات کے مطابق عامر خان کو سعودی عرب میں ہونے والے اس بڑے ایونٹ میں شمولیت کے لیے سات ملین پاؤنڈ (یعنی لگ بھگ 20 کروڑ پاکستانی روپے) مل رہے ہیں۔

عامر خان کے مطابق وہ یہ میچ جیت کر بڑے باکسر، جیسے برطانوی حریف کیل بروک اور مشہورِ زمانہ فلپائنی باکسر مینی پیکیو سے فائٹ کا موقع حاصل کر سکتے ہیں۔

‘اچھا نہ لڑا تو ریٹائر ہوجاؤں گا’

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ وہ غور کریں گے کہ وہ اِس لڑائی کے دوران کیسا محسوس کرتا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر مجھے اچھا نہ لگا تو میں اس دن رخصت ہوجاؤں گا۔’

ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ وہ خود کریں۔ ‘میں نہیں چاہتا کہ مجھے زبردستی ریٹائر کر دیا جائے۔’

عامر خان

عامر خان اور نیرج گویاٹ کے درمیان مقابلہ 12 جولائی کو سعودی عرب میں ہوگا

سنہ 2004 کے اولمپکس مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے باکسر نے مزید کہا کہ ‘میں نے وہ سب حاصل کر لیا ہے جو میں اس کھیل میں حاصل کرنا چاہتا تھا۔ اب میں صرف اس کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔’

‘اگر کچھ بھی صحیح نہ رہا یا مجھے ٹھیک نہ لگا تو میں ریٹائر ہو جاؤں گا۔’

انھوں نے بتایا کہ ‘کرائفورڈ سے ہار کے بعد میں چاہتا تھا کہ ایک وارم اپ میچ کھیلوں جس سے میں دوبارہ فارم میں آ کر جیت سکوں۔’

نیرج گویاٹ کتنے پُر امید ہیں؟

گویاٹ نے کہا کہ ان کی قوم یہ امید کر رہی ہے کہ وہ عامر خان سے جیت جائیں گے۔

انھوں نے کہا ’میرے لیے یہ ایک بڑا موقع ہے۔‘

’میں ایک اعشاریہ دو ارب لوگوں کی امیدوں کا بوجھ اُٹھا رہا ہوں جنھیں یہ امید ہے کہ میں جیت کر ٹائٹل گھر (انڈیا) لاؤں گا۔‘

میچ میں فیورٹ کون ہے؟

جہاں کچھ ماہرین سمجھتے ہیں کہ یہ میچ یک طرفہ ہوگا وہیں ایک بڑے اپ سیٹ کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔

دونوں باکسروں کے تجربے اور ریکارڈ کا موازنہ کیا جائے تو یقیناً عامر خان کا پلڑہ بھاری ہے، لیکن اب بات اتنی سادہ نہیں رہی۔

گذشتہ سالوں میں برطانوی باکسر اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں تنارعات کا شکار رہے ہیں اور فی الحال شدت سے ایک کم بیک فائٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32568 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp