شکست کے باوجود امریکہ سپر طاقت کیسے؟


مجھے نہیں پتا امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والا امن معاہدہ کامیاب رہے گا یا نہیں، مجھے نہیں پتا اس معاہدے سے امریکہ کو شکست ہوئی ہے یا طالبان کو لیکن مجھے یہ ضرور پتا ہے کہ اس جنگ سے امریکہ نیٹو سمیت کے محض چند ہزار سپاہی مرے ہیں اور افغانستان میں ہزاروں شہید، ہزاروں معذور (ڈس ایبل) اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔ مجھے یہ بھی پتا ہے کہ نائن الیون کے بعد کسی امریکی نے دہشت گرد کی گولی کی آواز شاذ ہی سنی ہے لیکن ہماری تو نئی نسل گولی اور دھماکوں کی آوازوں میں پلی بڑی ہوئی ہے۔

مجھے یہ بھی پتا ہے اسلام کا نام اس نام نہاد جنگ سے پہلے امن کا نام تھا لیکن اس جنگ کے بعد اسلام میڈیا پر دہشت، مرنے مارنے، شدت پسندی کا دوسرا نام بن گیا ہے اس جنگ کے توسط سے آج ہر پگڑی والا دہشت گرد ہے اور ہر داڑھی والا شدت پسند تعلیم، امن اور انسانیت کے خلاف تصور کیا جاتا ہے۔

مجھے یہ بھی پتا ہے کہ افغانستان کی ایک چودہ سالہ لڑکی کہہ رہی ہوتی ہے کہ میرا والد اور بھائی دھماکے میں شہید ہونے کے بعد گھر چلانے والا کوئی نہیں تھا اور پھر میری والدہ نے چھوٹے بہن بھائیوں کو پالنے کے لئے مجھے پیسوں کے عیوض بیچ دیا۔ مجھے یہ بھی پتا ہے کہ فاٹا میں دو سگے بھائی دو مخالف گروپوں میں جہاد جہاد کھیلنے میں مارے گئے۔ لاشیں گھر لانے کے بعد ان کی بوڑھی ماں نے کہا ذرا دونوں گروپوں کے امیر صاحبان کو بلاؤ اور مجھے بتاؤ کہ دونوں میں سے کون مسلمان اور کون ہندو ہے؟ تاکہ ایک کی لاش کو دفنایا اور دوسرے کی لاش کو جلایا جائے۔

مجھے نہیں سمجھ آرہی کہ اس معاہدے کو جیت کا نام کیوں دیا جارہا ہے ذرا اوسط نکالی جائے لگ پتا جائے گا کہ ایک امریکی کے بدلے کتنے ہزار لوگ مرے ہیں؟ امریکہ تو آج بھی سپر طاقت ہے امریکہ آج بھی فلم انڈسٹری سے لے کر معیشت تک نمبر ون ہے شکست کھانے کے باوجود امریکہ آج بھی اقوام متحدہ کو اپنے نیکر کی جیب میں لے کر گھومتا ہے لیکن ہماری حیثیت آج جیت کے باوجود سب کے سامنے ہے۔

میں نے آج تک اس جنگ کے دوران کسی امریکی کو بھیک مانگتے روڈوں پر نہیں دیکھا ہے لیکن اس بیلٹ کی عزت دار خواتین کی ایسی ایسی تصاویر بارش میں روڈوں پر بھیک مانگتے ہوئے دیکھی ہے جو نہ صرف اس جنگ کو سپورٹ کرنے بلکہ خاموش رہنے والوں پر بھی لعنت بھیج رہی ہوتی ہیں۔

خدارا کم از کم اب تو مان لیا جائے کہ یہ جنگ ہماری جنگ نہیں تھی دوسروں کی جنگ تھی اور ہم نے مفت میں غلط فیصلوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر کر دیے اور ہزاروں شہید، اسلام کا نام امن سے دہشت میں بدل دیا۔ جیت اگر آج ہے یا ہوئی ہے تو صرف امریکہ کی ہوئی ہے کیونکہ روس کو بھی امریکی نے شکست دی تھی اور رزلٹ میں امریکہ کل بھی سپر طاقت تھا اور آج بھی سپر طاقت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments