نواز شریف کی ٹوئٹر پر آمد: پہلا پیغام اور ردعمل


واز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما میاں نواز شریف نےسنیچر کی شام سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ بنایا اور ایک ٹویٹ کی۔

یہ ٹوئٹ ایک سطر پر مشتمل ہے جو دراصل ان کی جماعت کا نعرہ بھی ہے ’ووٹ کو عزت دو۔‘

خیال رہے کہ میاں نواز شریف اس وقت لندن میں مقیم ہیں۔

گذشتہ دنوں اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں اپنی سزا کے خلاف نواز شریف کی جانب سے دائر کردہ اپیل پر اُن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کردی۔

ناقابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد اگر کوئی شخص عدالت کی طرف سے مقرر کردہ تاریخ پر پیش نہیں ہوتا تو اس کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اشتہاری قرار دینے سے متعلق کارروائی شروع کر دی جاتی ہے۔

العزیزیہ سٹیل ملز کے فیصلے کے خلاف نواز شریف کی اپیل کی سماعت اب 22 ستمبر کو ہو گی جس میں حکام عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔

اپیل کی سماعت سے ایک روز پہلے وہ آل پارٹیز کانفرنس سے ویڈیو لنگ کے ذریعے خطاب کریں گے جبکہ سنیچر کی شام انھوں نے ٹوئٹر اکاؤنٹ بنایا ہے جس کے بارے میں اطلاع ان کی بیٹی مریم نواز نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دی۔

نواز شریف کی ٹوئٹر پر آمد کے ساتھ ہی ان کے فالورز کی تعداد دسیوں ہزار تک پہنچ چکی ہے اور پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ ہے ٹوئٹر نواز شریف کو خوش آمدید کہتا ہے۔

ٹوئٹر پر ان کی ری ٹیوٹ کے جواب میں ملے جلے پیغامات اور ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ ہزاروں افراد نے تو اسی جملے ووٹ کو عزت دو کو ری ٹوئٹ میں کوٹ کیا۔ جبکہ مجموعی طور پر اسے گیارہ ہزار بار لائٹ کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وہ گیا نواز شریف!

’ نواز شریف حاضر ہوں‘

’نواز شریف کےحوصلے بلند مگر صحت ساتھ نہیں دے رہی‘

نواز شریف کے فالورز کی تعداد 67 ہزار سے بھی بڑھ چکی ہے۔

بہت سے لوگ انھیں خوش آمدید کہہ رہے ہیں تو بہت سے ایسے بھی ہیں جو ان پر تنقید کر رہے ہیں کہ وہ باہر کیوں چلے گئے واپس کیوں نہیں آتے۔ اس کے علاوہ ان پر کرپشن کے الزامات بھی ردعمل میں شامل ہیں۔

نواز شریف کی جماعت سے منسلک ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ان کا خیر مقدم ان الفاظ میں کیا۔ آپ سے محبت ہے قائد محترم۔

تاہم حرا نامی صارف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام ووٹ کو تو عزت دیتی ہے مگر سیاست دان اس کا فالودہ کر دیتے ہیں۔ انھوں نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بل پاس ہونے پر اراکین پارلیمینٹ کی غیر موجودگی پر تنقید کی۔

امجد ملک نامی ٹوئٹر صارف نے نواز شریف کو خوش آمدید کہا اور لکھا کہ ایک نہ ایک دن لیڈر اور عوام نے اکھٹا ہونا ہوتا ہے ذریعہ کوئی بھی ہو سکتا ہے۔

سیانی کڑی نامی ٹویٹر اکاؤنٹ پہ بھی نواز شریف کو خوش آمدید کیا گیا۔

صحافی مطیع اللہ نے نواز شریف کی ٹوئٹ کے جواب میں ان سے ایک سوال کیا کہ کہ میاں صاحب جو قانون سازئ کے وقت پارلیمینٹ کے اجلاس سے اپنے ووٹ سمیت غائب ہو جائیں ان کو کتنی عزت دینی چاہیے؟

سینئر صحافی امتیاز عالم نے اپنے پیغام میں لکھا کہ دوبارہ متحرک ہونے پر خوش آمدید کیا۔

خیال رہے ک میاں نواز شریف اس وقت لندن میں قیام پذیر ہیں اور وہ کل اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں ورچوئل لنک کے ذریعے شرکت کریں گے جس کی دعوت انھیں پیپلز پارٹی کی جانب سے دی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32662 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp