مریم نواز کی خوش لباسی پر تنقید کیوں؟


اخلاقیات کی رو سے خواتین کی عمر کا ذکر معیوب سمجھا جاتا ہے مگر چونکہ آج کل کچھ بھی پرائیویٹ نہیں رہا اور زیر نظر مضمون کا تقاضا یہی تھا اس لیے معذرت قبول کیجے۔

کچھ دن پہلے ریکھا جی کا ایک گانا سن رہا تھا اور حیران تھا کہ 69 سال کی عمر میں انہوں نے چہرے کو کیسے چمکا کے رکھا ہوا ہے اور اپنے آپ کو صحیح طریقے سے مینٹین کیا ہوا ہے۔

اس کے علاوہ ان کو مختلف تقاریب میں بھی دیکھا جا سکتا ہے، ہر محفل میں کتنی حسین، خوبصورت اور سب سے منفرد ملکوتی حسن کی دیوی نظر آتی ہیں، جبکہ امیتابھ بچن کو دیکھیں تو ان کے مقابلے میں بالکل ہی بوڑھے پھونس لگتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے؟

اس لیے کہ انہوں نے خود پر توجہ نہیں دی اور اپنا تقابل شاید جیا کے ساتھ ہی کرتے رہے۔ بالکل نہیں لگتا کہ یہ وہی امیتابھ ہیں جو ریکھا کے مدمقابل ہیرو ہوتے تھے۔

ایشوریا رائے 50 سال کی ہیں، کہیں سے معلوم ہوتا ہے؟ انڈین سنیما کی دوسری اداکارائیں بھی بامشقت جم اور ڈائٹنگ سے اپنی عمر سے دس دس سال کم نظر آتی ہیں۔ دپیکا، سشمیتا سین، کرشمہ کپور کو دیکھ لیں، پھر اپنے یہاں پاکستان میں آ جائیں تو نرگس ہیں، خوبصورت اور ویل مینٹینڈ شخصیت ہیں، شدید محنت کر کے انہوں نے خود کو سنبھالا ہوا ہے۔ بالکل ایسے ہی ریما ہیں، میرا ہیں، یہ سب 50 کے بریکٹ میں ہیں۔

مادھوری، آپ کو پتہ ہے 15 مئی کو اپنی 57 ویں سالگرہ منا رہی ہیں، انہیں ڈانس کرتا دیکھیں، جسم میں کتنی لچک ہے، کہیں سے عمر چغلی کھاتی ہے؟ زیبا بختیار تقریباً 60 کے آس پاس ہیں۔ ٹی وی کی طرف آ جائیں تو خوبصورت ترین خواتین میں سرفہرست بشریٰ انصاری ہیں، 60 پلس کی عمر میں کہیں سے نہیں لگتا کہ نانی دادی ہیں۔ ثمینہ پیرزادہ ان سے کچھ ہی بڑی ہوں گی، وہ بھی خاصی چست و توانا اور ترو تازہ نظر آتی ہیں۔

یقیناً ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اپ کو بنا سنوار کے، تیار کر کے رکھے کہ خاندان میں یا باہر جہاں بھی جائے اس کی تعریف ہو۔ مردوں کا بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔ آپ یہ نہیں دیکھتے کہ جب آپ باہر جاتے ہیں اور کسی دوست سے پانچ دس سال بعد ملتے ہیں، اور وہ کہتا ہے ارے یار تو تو بالکل وہی لگ رہا ہے جو پانچ سال پہلے تھا، یا 10 سال پہلے تھا، تو اپ کا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے اور آپ کا سینہ دو انچ چوڑا ہو جاتا ہے، آپ دل میں کہتے ہیں ’یار زبردست، موج ہو گئی، ابھی بھی بہت اٹریکشن باقی ہے۔ ‘ تو ہم سب کی خواہش ہوتی ہے کہ مینٹینڈ نظر آئیں۔

ماشا اللہ ہماری مریم نواز صاحبہ جو ہیں آپ کے خیال میں ان کی کیا عمر ہو گی؟

آپ گوگل کریں تو معلوم ہو گا وہ بمشکل 50 کے پیٹے میں ہیں اور اپنی صحت کو مینٹین رکھتی ہیں، چہرے کی شگفتگی اور تازگی کا اہتمام کرتی ہیں۔ اس میں برائی کیا ہے؟ کیا ایک خوبصورت عورت کو حق حاصل نہیں کہ اپنی صحت اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے جو ذرائع ممکن ہوں استعمال کرے؟

آج کل تو ایک ایک شادی پہ کم از کم لاکھ لاکھ روپے کا میک اپ خرچ آ جاتا ہے۔ ہمارے آپ کے گھر کی عورتیں کیا بیوٹی پارلر سے میک اپ یا بوٹاکس وغیرہ نہیں کرواتیں؟ تو اگر مریم نواز افورڈ کر سکتی ہیں اور اگر وہ یہ سب کرواتی ہیں تو اس میں کیا مضائقہ ہے؟ ویسے بھی وہ عوامی نمائندہ ہیں، انہیں نک سک سے درست رہنا پڑتا ہے۔ ہر موقعے کے لیے درست اور موزوں لباس کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔

اکثر لوگ انہیں ’نانی‘ کہہ کر دل کی بھڑاس نکالتے ہیں، اصل میں سمجھیے وہ لوگ ان کو کریڈٹ دے رہے ہوتے ہیں کہ ماشا اللہ پوتیوں، نواسیوں والی ہو کر وہ نانی لگتی کیوں نہیں! وہ تکلیف میں ہوتے ہیں۔

برصغیر میں کسی خاتون کا لیڈر بننا ایک عذاب سے سے کم نہیں۔ آپ 6 گھنٹے دوپٹہ ہی سنبھال کر دیکھ لیں، سمجھ آ جائے گی۔ مجھے تو یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ لوگوں کو پریشانی کیا ہے مریم نواز شریف سے؟

ہاں ان کے کام پر تنقید کریں، ان کی منیجمنٹ پر تنقید کریں، کوئی بدعنوانی ہے تو نشان دہی کی جائے، لیکن اگر کسی خاتون کو اچھے نئے ڈیزائن کے کپڑے یا جوتے پہننے کا شوق ہے تو یہ ان کا قطعی ذاتی فعل ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ اعتراض کرے یا شور مچائے۔

آخر میں صاف صاف بتا دوں، میرا تعلق کسی پارٹی سے نہیں ہے، میں پیپلز پارٹی سے ہوں نہ نون لیگ سے، تحریک انصاف اور مولانا صاحبان سی بھی کوئی تعلق نہیں، میں تو بھائی ایک سادہ سا شہری ہوں اور ریکارڈ ہے کہ جب بھی ووٹ دیا، الحمدللہ وہ بندہ ہمیشہ ہارا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments