فرزین کی خوشیاں بانٹتی کہانیاں – محمود شام کی تحریر


محمود شام کی تحریر

خوش رہے فرزین لہرا کہ اس کی ٹہلتی مچلتی لکھت یہ اطمینان دلا دیتی ہے۔
ہمارے بعد اندھیرا نہیں اجالا ہے

کیبورڈ والی پیڑھی لوح و قلم سے دور نہیں ہوئی ہے۔ ایسا لگتا ہے کسی بہت سلیقے سے سنوارے گئے چمن میں قدم رکھا ہے۔ پھول کلیاں ٹہنیاں سب ”جی آیاں نوں“ کہہ رہے ہیں۔ ہر طرف ایک تازگی۔ شگفتگی۔ نغمہ سرائی۔

ہم اپنی تحریروں میں زبردستی اپنا بڑا پن۔ عقلمندی مسلط کرتے ہیں۔ مگر فرزین لہرا جس آس پاس میں ایک تتلی کی طرح اڑتی پھرتی ہیں۔ وہیں کے قصے کہانیاں سناتی ہیں۔ آئینے میں عکس اس سے بات کرتا ہے۔ کتنی خوش قسمت ہے کہ پودے اس سے دل کی باتیں کرتے ہیں۔ موبائل فون اپنا کلیجہ اس کے سامنے کھول کر رکھ دیتا ہے۔ آج کے عاشقوں اور معشوقوں کی دنیا اسمارٹ فونوں۔ چاکلیٹوں۔ جاگرز۔ پرسوں۔ گاڑیوں سے آراستہ ہے۔ فرزین کی کہانیوں کی دنیا بھی انہی پگڈنڈیوں پر رواں دواں ہے۔ زبان بھی وہی جو آج کل بولی جاتی ہے۔ جس میں انگریزی کے پیوند بھی ہیں۔ انڈین فلم گانوں کے بول بھی۔ اور سوشل میڈیا کے وائرل جملے بھی۔

حسرتیں۔ تمنائیں۔ اداسیاں۔ تنہائیاں تو صدیوں سے ہمارے ساتھ ہیں۔ پہلے جگری یار یا منہ بولی بہنیں غم بانٹتی تھیں۔ اب یہ فرض اسمارٹ فون انجام دے رہا ہے۔ رشتوں میں گرم جوشی پہلے بھی کم ہوتی جا رہی تھی۔ اب تو نہ ہونے کے برابر ہے۔

فرزین کو زندگی سے والہانہ محبت ہے۔ اس لیے اس کے کردار بھی جینا چاہتے ہیں۔ وہ کراچی کی بیٹی ہے۔ کراچی کی دلدادہ۔ کراچی اسے اپنی آغوش میں لے لیتا ہے۔ وہ مزے لے لے کر بتاتی ہے۔ ہم کراچی میں کیوں رہتے ہیں۔ یہ کراچی والے اپنے کراچی کو دل سے کیسے نکالیں گے۔

ایک زمانہ تھا کہ لڑکیاں لڑکے پہلی نظر میں محبت کے تیر سے زخمی ہو جاتے تھے۔ اب پہلی پوسٹ پر دل دے بیٹھتے ہیں۔ دل کا روگ وہی جو موبائل فون سے پہلے مومن۔ سودا۔ مصحفی اور داغ کو ہوجاتا تھا۔ ’فیس بکی محبت‘ مجھے سب سے اچھی لگی۔ یہی کچھ ہو رہا ہے آج کل۔ بات اس جملے پر ختم کرتا ہوں۔

”چیٹنگ سے آڈیو کال۔ اور آڈیو کال سے کب وڈیو کال پر آ گئے۔ پتہ ہی نہ چلا۔“
Chatting کب Cheating میں بدل جاتی ہے پتہ ہی نہیں چلتا۔
فرزین۔ جیتی رہیں۔ لکھتی رہیں۔ خوشیاں بانٹتی رہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments