کیا سیاست دھوکہ دہی اور فراڈ کا نام ہے؟


سیاست، ریاست اور حکومت تین الگ الگ چیزیں ہیں۔ سیاست معاشرے کی اصلاح اور تبدیلی لانے کے عمل کا نام ہے جبکہ ریاست ان مستقل اداروں پر مشتمل ہوتی ہے جو عوامی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ قوانین کو نافذ کرتے ہیں، تحفظ کو یقینی بناتے ہیں اور اس طرح افراد کی حکمرانی اور چیزوں کا نظم و نسق فراہم کرتے ہیں۔ دوسری طرف، حکومت سیاست دانوں پر مشتمل ہے جو عارضی طور پر ریاست چلاتے ہیں کیونکہ ان کو جمہوری ممالک میں ایسا کرنے کے لیے مختصر وقت ملتا ہے جیسا کہ پاکستان میں پانچ سال کے لیے منتخب کرتے ہیں۔

سیاست دان اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ ریاست کو کیا عوامی خدمات فراہم کرنی چاہیے، وہ قوانین جو اسے نافذ کرنے چاہیے، اسے کس طرح کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے اور جن مقاصد کے لیے ریاست کو لوگوں پر حکومت کرنی چاہیے اور چیزوں کا انتظام کرنا چاہیے۔ سیاست کی تعریف اس کے طور پر کی گئی ہے جس کا تعلق ریاست سے ہے : ایسی سرگرمیاں جو ریاست کے اداروں کو یا تو ملوث کرتی ہیں، یا کچھ طریقوں سے براہ راست متاثر کرتی ہیں۔ وہ افراد جو ریاست کے اداروں یا حکمرانی کے کاروبار میں براہ راست ملوث ہیں ؛ اور وہ جگہیں جہاں یہ سرگرمیاں اور لوگ موجود ہیں۔

سیاست، صرف سیاست دانوں کی سرگرمیوں تک محدود نہیں۔ سیاست صرف سیاست دانوں کے نعروں اور تقریروں تک محدود نہیں سیاست صرف زندہ باد اور مردہ باد تک محدود نہیں۔ سیاست صرف ذاتی مفادات کے لیے لڑائی جھگڑوں کا نام نہیں۔ جس طرح پاکستان میں گزشتہ 76 سالوں سے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے عوام سیاست کو جھوٹ اور فریب سمجھتی ہیں۔ سیاست دراصل معاشرے کی اصلاح کا نام ہے۔

سیاسی جماعتیں مسلسل ایک سیاست یعنی معاشرے کے اصلاح اور تبدیلی کے لیے مختلف پروگرام تیار کرتی ہیں۔ عوام ووٹ دے کر جب ان کو حکومت میں لاتے ہیں تو وہ ان پروگراموں کو قوانین کی شکل دیتے ہیں، نافذ کرتے ہیں جو ان کے دائرہ اختیار میں رہنے والوں کے طرز عمل کو کنٹرول کرتی ہیں۔ وہ ٹیکس بڑھاتے ہیں جس کے ذریعے وہ عوامی خدمات جیسے بنیادی ڈھانچہ، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، روزگار اور دیگر سماجی خدمات فراہم کرتے ہیں۔

یقیناً، تمام ریاستیں شہریوں کو ایک جیسی یا معیار کی خدمات فراہم نہیں کرتی ہیں۔ اسی طرح، یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتیں ہمیشہ اس قسم کی خدمات فراہم نہیں کر سکتیں جیسی ان کے پیشرو۔ ہر حکومت کی اپنی ترجیحات ہوتی ہے۔ کوئی تعلیم پر تو کوئی صحت پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔ کئی حکومتیں شاہانہ اخراجات برداشت کرنے کے لیے ٹیکس کی سطح کو بڑھانے کا انتخاب کرتی ہے۔ عوام پر ٹیکس لگاتی ہے اور ٹیکس کے پیسوں سے ذاتی مفادات اور ذاتی آسائش پر زیادہ خرچ کرتے ہیں۔

سیاست کو ہمیں ایک سماجی سرگرمی کے طور پر سمجھنا ہے۔ ایک ایسی سرگرمی جس میں ہم دوسروں کے ساتھ مل کر مشغول ہوتے ہیں، یا ایک ایسی سرگرمی جس کے ذریعے ہم دوسروں کو شامل کرتے ہیں۔ سیاست، اس معنی میں، ’ہمیشہ ایک مکالمہ ہے، سیاست ایک جاری و ساری معاشرتی عمل کا نام ہے۔ سیاست کے کوئی خاص عناصر نہیں۔ سیاست ایک ہی عنصر معاشرے کے گرد گھومتی ہے۔ سیاست انفرادیت سے شروع ہو کر ہمیشہ اجتماعیت پر ختم ہوتی ہے۔ یوں سیاست دھوکہ، فراڈ، مفادات کا نام نہیں بلکہ اجتماعی اور اجتماعیت، معاشرے کی فلاح و بہبود، معاشرے کی ترقی و خوشحالی کے عمل کا نام ہے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments